بدھ, 26 جون 2024

ایمزٹی وی(راولپنڈی)پاک فوج نے ملک کے مختلف شہروں میں ممکنہ دہشت گرد حملوں کے خطرے سے متعلق سوشل میڈیا پر زیر گردش جعلی سیکیورٹی کی تردید کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مختلف شہروں میں حملوں کے خطرے کا جعلی الرٹ سوشل میڈیا پرچلایا جارہا ہے تاہم کسی بھی خطرے کا الرٹ جاری نہیں کیا گیا۔

آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ پراپیگنڈے کا مقصد خوف وہراس اور کنفیوژن پھیلانا ہے، شہری جعلی کالوں اورغلط پراپیگنڈے پرتوجہ نہ دیں جب کہ آئی ایس پی آرکے حوالے سے کوئی بھی اطلاع آفیشل ویب سائٹ پردیکھی جائے۔

 
ایمزٹی وی(اسپورٹس)ون ڈے سیریز میں زمبابوے کے شکارکے لیے گرین شرٹس نے تیاریاں شروع کر دیں۔

سیکیورٹی مسائل کی وجہ سے ون ڈے سیریز کیلیے بولاوایو جانے سے گریز کرنے والے پاکستانی کرکٹرز نے ہرارے میں ہی پہلا پریکٹس سیشن کیا،وارم اپ اور فیلڈنگ ڈرلز کے بعد کھلاڑیوں نے نیٹ میں بیٹنگ اور بولنگ کرتے ہوئے صلاحیتوں کو نکھارنے کا سلسلہ جاری رکھا،اس دوران پاکستان سے ہرارے پہنچ کر ون ڈے اسکواڈ کو جوائن کرنے والے کرکٹرز خاص طور پر کوچز کی توجہ کا مرکز بنے۔

ایک نیٹ پر جنید خان اور دوسرے پر یاسر شاہ نے طویل سیشن کیا،اظہر محمود دونوں کی اچھی گیندوں پر داد دیتے رہے،فہیم اشرف، حسن علی اور عثمان شنواری نے بھی اپنی لائن اور لینتھ بہتر بنانے کیلیے کام کیا۔ 

ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بابر اعظم اور امام الحق کی پریکٹس کا بغور جائزہ لیتے ہوئے انھیں کارکردگی بہتر بنانے کیلیے مشورے دیے،فخرزمان نے جارحانہ اسٹروکس کھیلنے کی مشق جاری رکھی،کپتان سرفراز احمد نے الگ وکٹ کیپنگ پریکٹس کے دوران اسٹمپ پر اپنی مہارت بہتر بنانے کے لیے بھی کام کیا،بعد ازاں انھوں نے طویل بیٹنگ سیشن کیا۔

شعیب ملک نے آل رائونڈ صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے مشق جاری رکھی،شاداب خان بھی نیٹ میں بولنگ کے بعد پُراعتماد بیٹنگ کرتے نظر آئے، بیٹسمین تیزی سے سنگلز بنانے کی پریکٹس بھی کرتے رہے۔

یاد رہے کہ انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں انجری کے بعد مسلسل باہر رہنے والے بابر اعظم کی ٹیم اور فارم میں واپسی دونوں اہمیت کی حامل ہوں گی۔

 
 

 

ایمزٹی وی (راولپنڈی)آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے 12 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے 12 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی جب کہ 6 دہشت گردوں کو قید کی سزائیں اورایک ملزم کو عدم ثبوت کی بناء پر بری کرنے کا حکم دیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق یہ دہشت گرد شہریوں، مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھے، سزائے موت پانے والے دہشت گرد 8 اہلکاروں اور 26 عام شہریوں کے قتل میں ملوث تھے جب کہ دہشت گردوں نے 133 افراد کو مختلف حملوں میں  زخمی بھی کیا اور انہوں نے مرکزی امام بارگاہ پاراچنار پر بھی حملہ کیا تھا، دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ و دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق سزائے موت پانے والے دہشت گردوں میں عاشق خان ،رشید، معراج، محمدرسول ، جنت کریم ،ابوبکر ،حیدرخان ، انور خان ، غلام الدین، حبیب اورعبدالغفور شامل ہیں جب کہ شہری احسان اللہ کو بے قصور ہونے پر بری کردیا گیا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے اور اس حوالے سے سمری وزارتِ دفاع کو ارسال کردی ہے۔
زرائع کے مطابق عام انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے الیکشن کمیشن نے آرٹیکل 220 اور 245 کے تحت فوج کی معاونت حاصل کرنے کی منظوری دے دی ہے اور اس حوالے سے ایک سمری وزارت دفاع کو ارسال کردی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے وزارتِ دفاع کو بھیجی گئی سمری میں پاک فوج کے جوانوں کی تعداد کا ذکر نہیں کیا گیا تاہم وزارتِ دفاع سے درخواست کی گئی ہے کہ پرامن انداز میں الیکشن کے انعقاد کے لئے پاک فوج کی مناسب تعداد تعینات کی جائے۔
سمری میں درخواست کی گئی ہے کہ پولنگ اسٹیشنز پر فوول پروف سیکیورٹی لگائی جائے اور تمام پولنگ اسٹیشنز پر 23 جولائی سے 26 جولائی پاک فوج تعینات کی جائے جب کہ تمام پرننٹنگ پریسز پر بیلٹ پیپرز کی چھپائی پاک فوج کی نگرانی میں کرائی جائے اورپرنٹنگ پریسز پر کل سے 25 جولائی تک فوج تعینات کی جائے۔

 

  

ایمزٹی وی(اسلام آباد)الیکشن کمیشن نے آئندہ انتخابات کے لیے فوج کی نگرانی میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور ترسیل کا فیصلہ کیاہے۔
میڈیا زرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں آئندہ عام انتخابات کی سیکیورٹی سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی اور صوبائی چیف سیکرٹریز، وزارت داخلہ اور دفاع کے حکام کے علاوہ چاروں صوبوں اور اسلام آباد کے آئی جی پیزنے شرکت کی۔
اجلاس میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی پاک فوج کی زیر نگرانی کرانے کا فیصلہ کیاگیا جب کہ بیلٹ پیپرز کی ترسیل بھی فوج کی زیر نگرانی ہوگی۔ فوج سیکیورٹی پرنٹنگ پریس، پرنٹنگ کارپوریشن اور پوسٹل فاؤنڈیشن پرنٹنگ پریس پر تعینات ہو گی۔
اجلاس کے دوران صوبائی الیکشن کمشنرز نے پولنگ اسٹیشنز کے متعلق رپورٹ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کر دی، اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ پولنگ اسٹیشن کی سیکیورٹی پر پولیس اور رینجرز کے دستے مامور ہوں گے، حساس اور حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور رینجرز تعینات ہوگی، حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر تین سے چار سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) آئی ایس پی آر نے یوم پاکستان کے موقع پر ”امن کا نشان، ہمارا پاکستان“ کے نام سے 23 مارچ کے لیے خصوصی تھیم جاری کردی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یوم پاکستان کے موقع پر ”امن کا نشان، ہمارا پاکستان“ کے نام سے خصوصی تھیم جاری کردی ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قوم 23 مارچ کو 78واں یوم پاکستان منانے کے لیے تیار ہے، پاکستان امن کا دوسرا نام ہے اور ہم ہر قیمت پر اس کی حفاظت کریں گے۔
 
دوسری جانب اسلام آباد میں 23 مارچ کو مسلح افواج کی یوم پاکستان پریڈ منعقد ہوگی جس کے لیے شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں یوم پاکستان پریڈ کی تیاریاں بھی زور و شور سے جاری ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ چیف آف ڈیفنس کانفرنس میں شرکت کے لیے کابل پہنچ گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچ گئے جہاں وہ چیف آف ڈیفنس کانفرنس میں شرکت کریں گے، اس کے علاوہ افغان آرمی چیف اور کمانڈر سینٹ کام سمیت کمانڈر امریکی مشن بھی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان کا دورہ کیا تھا، آرمی چیف نے دورہ کے دوران افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی جس میں دہشت گردی کے خاتمے سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان پائے جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کیلیے اعلیٰ سطح پر بات چیت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)ضلعی انتظامیہ نے یوم پاکستان کے موقع پر پریڈ کی تیاریوں کے لیے کبوتراور پتنگ بازی پر پابندی لگادی ہے۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق یوم پاکستان کے موقع 23 مارچ کو اسلام آباد میں مسلح افواج کی پریڈ ہوگی، جس کے لئے پاک فضائیہ کے طیاروں کو ریہرسل کرنا ہے۔ جس کی وجہ سے 2 ماہ کے لیے وفاقی دارالحکومت میں کبوتر بازی اور پتنگ بازی پر پابندی ہوگی۔
نوٹی فکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ فضا میں اڑتے ہوئے کبوتر جنگی طیاروں کے لئے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں، دوماہ کے دوران کبوتر بازی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

 

 

ایمزٹی وی(سوات) سوات کے علاقے کبل میں آرمی یونٹ پر خودکش حملے کے نتیجے میں افسر سمیت 11 اہلکار شہید اور 13 زخمی ہوگئے
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سوات کے علاقے کبل میں آرمی یونٹ پر خودکش حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 3 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 7 زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے
ترجمان پاک فوج کے مطابق خودکش حملہ آرمی یونٹ کے اسپورٹس ایریا میں کیا گیا۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کا محاصرہ کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سوات میں آرمی یونٹ پر خود کش حملے کی مذمت کی اور شہیدوں کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بزدل دشمن پاکستان کے بہادر جوانوں کا مقابلہ نہیں کرسکتے اور ایسے حملے دہشت گردی کے خاتمے کے ہمارے عزائم کو روک نہیں سکتے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے سوات خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ پوری قوم کے لیے سرمایہ افتخار ہیں، پوری قوم ان کے حوصلوں کو سلام پیش کرتی ہے جب کہ دہشت گرد حملوں کے ذریعے پاکستان کا امن چھیننے کی ہرسازش ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بیٹوں نے اپنے لہو سے امن کے چراغ روشن کیے، دہشت گردوں کو انہیں بجھانے نہیں دیں گے۔
چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے سوات خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا اللہ ان بہادر جوانوں کے اہلخانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اسپشل سروسز ہیڈکوارٹر چیراٹ کا دورہ کیا۔

پاک فوج کےشعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے اسپیشل سروسز (ایس ایس جی) ہیڈ کواٹرز کا دورہ کیا۔وزیراعظم نے پاکستان آرمی بالخصوص ایس ایس جی کمانڈوز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اوریادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

دورے کے دوران وزیراعظم کو ایس ایس جی آرگنائزیشن، صلاحیتوں اور کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جب کہ ایس ایس جی کمانڈوز نے اپنی مہارت کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایس ایس جی کے زیرِ استعمال کچھ ہتھیار چلانے کا تجربہ بھی کیا اور ایس ایس جی کمانڈوز کی بطور ایلیٹ فورس مہارت اور کارکردگی کی تعریف کی۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ دہشت گردی کےخلاف ایس ایس جی کی شاندار خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کی قربانیوں سے پاکستان میں امن کاقیام ممکن ہوسکا ہے۔

 

Page 9 of 40