ھفتہ, 29 جون 2024

 

ایمزٹی وی(ٹیکسلا)پاکستان میں کسی دوسری فوج کا آپریشن کا سوچنا بھی تضحیک آمیز ہے، ہمیں اپنی فوج اورانٹیلی ایجنسوں پربھرپوراعتماد ہےاور پاکستان کے اندرآپریشن کرنے کے لیے پاک فوج ہر دم تیارہے.
ٹیکسلا میں پریس کانفرنس کے دوران چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پہلے دن سے ان کا ایک ہی موقف ہے کہ کیسزعدالتوں میں چلناچاہئے کیونکہ فیصلہ تو صرف عدالت میں ہو سکتا ہے، نوازشریف اوران کے خاندان کے خلاف زیر سماعت مقدمات کا فیصلہ عدالتوں میں ہوگا۔ عدالتوں سے محاذ آرائی نواز شریف ، مسلم لیگ (ن) اور اس ملک کے لیے ٹھیک نہیں۔
چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے اور دنیا کی پانچویں بڑی فوجی قوت ہے، پاکستان میں کسی دوسری فوج کا آپریشن کا سوچنا بھی تضحیک آمیز ہے، ہمیں اپنی فوج اورانٹیلی ایجنسوں پربھرپوراعتماد ہے،پاکستان کے اندرآپریشن کرنے کے لیے پاک فوج ہر دم تیارہے، ہمارے پاس افغانستان میں موجود دہشت گردوں کے ثبوت موجود ہیں اور اگر دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن کرنا ہی ہے تو پھردو طرفہ ہونا چاہئے۔
گھر کی صفائی سے متعلق سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے اداروں پر تنقید نہ کرنے کا حلف اٹھایا ہوا ہے، اداروں پر تنقید کے حوالے سے تو حکومت ہی جواب دے سکتی ہے۔ اپنے گھر کے حوالے سے میرا موقف واضح ہے کہ کسی نے اپنا گھر صاف کرنے سے نہیں روکا لیکن حکومت اور وزرا بیان بازی کے بجائے اپنا گھر صاف کرنے میں وقت لگائیں تو اس پر کوئی اعتراض نہیں۔
شیخ رشید سے متعلق سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ میری سیاست کا محور شیخ رشید کی مایوسی یا عدم مایوسی نہیں، میں نے شیخ صاحب کا قرض نہیں دینا کہ انکی خواہش پر سیاست چلاؤں۔
پارٹی اختلافات پر چوہدہری نثار علی خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا، میں نے اپنی تمام عمر ایک پارٹی کا ساتھ نبھایا ہے، میں نے ہمیشہ اپنی عقل کے مطابق جو صحیح سمجھا وہ ہی بات کی ہے، میں حکمرانوں کو خوش کرنے کے لیے واہ واہ کرنے والا نہیں۔ اگر میرا مشورہ نہیں مانا جاتا تو میں ناراض نہیں ہوتا۔ مجھے 2013 سے پہلے ایک واقعہ بتادیں کہ میں پارٹی سے ناراض ہوا کیونکہ اس سے پہلے میرے مسئلے سنے جاتے تھے لیکن 2013 کے بعد کچھ واقعات ہوئے ہیں۔
 

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مسائل کا حل جمہوریت کے تسلسل اور آئین و قانون کی پاسداری میں مضمر ہے۔
میڈیاذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 12 اکتوبر 1999کا دن پاکستان کی سیاسی و جمہوری تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، آمر نے عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والی جمہوری حکومت کا غیرآئینی طریقے سے تختہ الٹایا۔ اس غیر جمہوری اور غیر آئینی اقدام کے منفی نتائج پاکستانی قوم آج تک بھگت رہی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جمہوریت کو بار بار پٹری سے نہ اتارا جاتا تو پاکستان کی حالت آج یکسر مختلف ہوتی، پاکستان کے مسائل کا حل جمہوریت کے تسلسل اورآئین و قانون کی پاسداری میں مضمر ہے، آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہے کہ ہم جمہوریت اور آئین کے خلاف کسی اقدام کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
واضح رہے کہ 12 اکتوبر 1999 کو عوام کے منتخب کردہ وزیراعظم نواز شریف نے اس وقت کے آرمی چیف جنرل پرویز مشرف کو ریٹائر کرکے ان کی جگہ اس وقت کے آئی ایس آئی چیف جنرل ضیا الدین بٹ کو آرمی چیف مقرر کیا تھا مگر پرویز مشرف سمیت اعلیٰ عسکری قیادت نے ان کے فیصلے کو نہ مان کر مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا خاتمہ کردیا تھا

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر نے افواجِ پاکستان میں احمدیوں کی بھرتی پر پابندی کیلیے قرارداد لانے کا اعلان کیاہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپنے خطاب میں انھوں نے کہاکہ پاکستان میں فوج سمیت کسی بھی محکمے میں اعلیٰ عہدوں میں بیٹھے ہوئے احمدی ملک کیلیے خطرہ ہیں اس لیے اْنھیں فوری طور پرعہدوں سے ہٹادینا چاہیے۔
کیپٹن رٹائرڈ صفدرنے کہاکہ احمدی ملک کیلیے زہرقاتل ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ختم نبوت کاحلف عدلیہ سمیت22ویں گریڈ کے افسر پر بھی لاگو کیا جائے۔ انھوں نے عدلیہ میں بیٹھے لوگوں سے ختم نبوت سرٹیفکیٹ پر دستخط لینے کامطالبہ کیااور کہاکہ انصاف کی کرسی پر کسی بھی ایسے شخص کو نہیں بٹھاناچاہیے جس کاتعلق احمدی برادری سے ہو۔
رہنما ن لیگ نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ سیاسی جماعتیں بھی ٹکٹ دیتے ہوئے اپنے امیدواروں سے ختم نبوت کے سرٹیفکیٹ پر حلف لیں۔انہوں نے کہا کہ 12 اکتوبر کا انقلاب فوجی انقلاب نہیں بلکہ قاد یانیوں کاانقلاب تھاکیوں کہ مشرف کا سسرال قادیانی ہے۔
۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل رضوان اخترنے اچانک قبل ازوقت ریٹائرمنٹ لے لی ،انہوں نے استعفیٰ ذاتی وجوہات کی بناپردیا
میڈٰیا ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل رضوان اخترنے اچانک قبل ازوقت ریٹائرمنٹ کی درخواست دے دی ہے وہ کل اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے ،لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر35سال سے فوج سے وابستہ ہیں،ان کا کہنا تھا کہ فوج کوکبھی بھی ضرورت ہوئی توحاضرہوں گا،بوجھل دل مگراطمینان کےساتھ قبل ازوقت ریٹائرمنٹ کی درخواست کی۔
لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر کا کہنا تھا کہ وہ تمام سینئرزاوراسٹاف کے شکرگزارہوں، لیفٹیننٹ جنرل رضوان اخترڈی جی رینجرزسندھ سمیت اہم عہدوں پر تعینات رہ چکے ہیں انہوں نے اگلے سال اکتوبر میں ریٹائرڈ ہونا تھا لیکن ذاتی وجوہات کی بنا پر قبل ازوقت ریٹائرمنٹ لے لی۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور آج  شام 4 بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ترجمان پاک فوج اپنی پریس کانفرنس کے دوران آپریشن ردالفساد اور خیبر 4 میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیں گے جبکہ دہشتگردی کے خلاف کامیاب کارروائیوں سے بھی آگاہ کریں گے۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ میجر جنرل آصف غفور اپنی پریس کانفرنس کے دوران احتساب عدالت کے باہر رینجرز اور وزیر داخلہ میں پیش آنے والے تنازعے پر بھی بات کریں گے جبکہ کچھ سیاسی معاملات پر بھی گفتگو کریں گے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت سپیشل کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی تھی جس کے بعد کسی قسم کا اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا تھا ۔ اعلامیہ جاری نہ ہونے کے باعث میڈیا پر طرح طرح کی چہ میگوئیاں کی جا رہی تھیں اور اب ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)فوجی عدالت سے سزا پانے والے تین دہشت گردوں کو خیبرپختونخوا کی جیل میں پھانسی دے دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق پھانسی کی سزا پانے والے تینوں دہشت گردوں کا فوجی عدالت میں ٹرائل کیا گیا اور انہوں نے مجسٹریٹ کے سامنے اقرار جرم بھی کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پھانسی کی سزا پانے والے دہشت گروں میں فضل غفار، ساجد ولد ابراہیم اور بہرام شیر شامل ہے جنہیں خیبرپختونخوا کی جیل میں پھانسی دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد ساجد پشاور ایئرپورٹ پر طیارے پر فائرنگ میں ملوث تھا جس کی فائرنگ سے طیارے میں بیٹھی ایک خاتون جاں بحق اور 2 مسافر زخمی ہوگئے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد ساجد کالعدم تنظیم کا رکن ہونے کے ساتھ پیر اسرار اور اس کے خاندان کے 8 افراد کے قتل میں بھی ملوث تھا جب کہ وہ شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر حملوں میں بھی ملوث تھا۔
فوجی عدالت سے سزا پانے والے دیگر دہشتگردوں میں بہرام شیر اسکول تباہ کرنے اور فورسز پر حملوں میں ملوث تھا جب کہ فضل غفار سے خودکش جیکٹ برآمد ہوئی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دہشت گرد ساجد کے ڈیتھ وارنٹ پر 7 نومبر 2016 ، دہشت گرد بہرام کے ڈیتھ وارنٹ پر 14 جولائی 2016 اور دہشت گرد فضل غفار کے ڈیتھ وارنٹ پر 15 مارچ 2016 کو دستخط کیے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس جاری ہے جس میں اہم دفاعی امور پر غور کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرزراولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں کور کمانڈر کانفرنس جاری ہے جس میں ملک میں امن و امان کی صورت حال ، سرحدی معاملات، آپریشن رد الفساد میں ہونے والی پیش رفت اور فاٹا میں تعمیر نو کے عماملات پر غور کیا جارہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کور کمانڈر کانفرنس میں اعلیٰ ترین عسکری قیادت کو آرمی چیف کے دورہ افغانستان اور افغان قیادت سے ہونے والی ملاقات میں ہونے والی بات چیت سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل آرمی چیف نے کابل کا ایک روزہ دورہ کیا تھا جس میں انہوں نے افغان صدر سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقات کی تھی۔ جس کے آرمی چیف نے خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس طلب کی تھی۔

 

 

ایمز ٹی وی (لاہور)وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی مخالف منفی سیاسی قوتیں ملک کی ترقی کاراستہ نہیں روک سکتیں،سی پیک سمیت ترقی کے تمام منصوبوں کی تکمیل کیلئے آخری حد تک جائینگے۔ سابق حکمرانوں کی غلط ترجیجات نے ملک و قوم کو مسائل سے دوچار کیا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اربوں روپے کے فنڈز مہیا کئے ہیں اورترقی کے سفر میں جنوبی پنجاب کے ہر ضلع کو ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار رکن قومی اسمبلی مخدوم خسرو بختیارسے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نےگزشتہ روزان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جنوبی پنجاب خصوصا بہاولپور ڈویژن کے فلاح عامہ کے پروگراموں پر عملد رآمد پر پیشرفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اربوں روپے کے وسائل جنوبی پنجاب کے عوام کے قدموں تلے نچھاور کر کے انہیں ان کا حق لوٹایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں 400میگا واٹ کے شمسی توانائی کے کارخانے لگ چکے ہیں اور اب ترکی کی کمپنی صرف 6 سینٹ فی یونٹ کے تحت 300میگا واٹ کا سولر منصوبہ لگا رہی ہے جو پاکستان کی تاریخ کا سب سے سستا ترین سولر ٹیرف ہے اور اس منصوبے سے عوام کو سستی بجلی ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ توانائی کے متعدد منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل کئے گئے ہیں اور رواں برس کے آخر تک ملک میں چھائے اندھیرے ہمیشہ کے لئے ختم ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت پنجاب حکومت نے دیہات میں کارپٹ سڑکوں کا جال بچھا دیاہے۔ پاکستان کی تاریخ میں دیہی سڑکوں کی تعمیر کا اتنا بڑا پروگرام کبھی نہیں بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے پروگرام پر 90ارب روپے خرچ کررہی ہے۔بہاولپور میں سیف سٹی پراجیکٹ بھی شروع کیا جائے گا۔شہبازشریف نے گزشتہ روز اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین مفاد عامہ کا عظیم الشان منصوبہ ہے اور یہ منصوبہ پورے پاکستان کے لئے ہے ۔

اورنج لائن میٹروٹرین پراجیکٹ عام آدمی کو جدید ترین سفری سہولتوں کی فراہمی کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے ۔چین سے اورنج لائن میٹروٹرین کی بوگیوں کے پہلے سیٹ کی لاہور آمد خوش آئند ہے۔،پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنماء و اورنج لائن میٹروٹرین کی سٹیرنگ کمیٹی کے سربراہ خواجہ احمد حسان،ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان،چیف سیکرٹری ،ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اورمتعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کا حق ہے کہ وہ بھی وہی سفری سہولتیں استعمال کریں جو اس ملک کی اشرافیہ کرتی ہے ۔اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے کی تکمیل سے لاکھوں شہری عزت و قار سے سفر کرسکیں گے۔میٹروبس پراجیکٹس کی طرح اس منصوبے کے مکمل ہونے سے شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی باکفایت ٹرانسپورٹ میسر آئیگی اورعوام کو فرسودہ اورکھٹارہ پبلک ٹرانسپورٹ سے نجات ملے گی۔ شہباز شریف نے عاشورہ محرم الحرام کے دوران پورے صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ اور مجالس و جلوسوں کے ساتھ عزاداروں کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات یقینی بنانے پرصوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان، پولیس، انتظامیہ اور قانون نافذکرنے والے اداروں کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے یوم عاشور پر صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان، پولیس، انتظامیہ اور قانون نافذکرنے والے اداروں کی کارکردگی کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اورمتعلقہ اداروں کی بھرپور محنت سے یوم عاشور پرامن رہا جس پر میں صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شاباش دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اسی جذبے، محنت اور عزم کے ساتھ آئندہ بھی قیام امن کے لئے کام کرنا ہے اور ہمیں اتحاد، اتفاق اور یگانگت کے راستے پر چلتے ہوئے ملک کو امن کا گہوارہ بنانا ہے۔ شہبازشریف نے سابق ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب حبیب احمد خان لودھی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے -وزیراعلی ٰنے شہری کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے شہید شہری کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے -وزیراعلی نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعاکی ہے - شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی کو مسلسل نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ اور قابل مذمت فعل ہے -بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے ، پاکستان کی بہادر فوج ہر جارحیت سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف جیسے وزیر خارجہ کے ہوتے ملک کو دشمنوں کی ضرورت نہیں کیونکہ عسکری گروہوں کے بارے میں خواجہ آصف کا بیان پاکستان کی سلامتی کے لیے ایک دھچکہ ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عسکری گروہوں کے بارے میں خواجہ آصف کا بیان پاکستان کی سلامتی کے لیے ایک دھچکہ ہے، ایسے وزیر خارجہ کی موجودگی میں دشمنوں کی کسے ضرورت ہے جب کہ بھارت و امریکا کی خوشامد میں یہ ٹولہ پاکستانی قوم کی قربانیوں تک کو نظر انداز کرچکا ہے۔
 
عمران خان کہنا تھا کہ آج بھی ان کی جانب سے افواج پاکستان پر پوری شد و مد سے حملے جاری ہیں، حقیقی مقصد مغرب میں چھپائی گئی چوری کی دولت کو تحفظ فراہم کرنا ہے جب کہ شریف اور ان کے درباری بھارتی و امریکی حلقوں کی خوشامد کے لیے مرے جارہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کے خلاف اس وقت سازش کی گئی جب وہ متعدد محاذوں پر دشمن سے نبرد آزما تھی جب کہ اس سے واضح ہوگیا کہ ڈان لیکس افواج پاکستان پر کیچڑ اچھالنے کی سوچی سمجھی سازش تھی۔

 

 

ایمزٹی وی(روالپنڈی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سوات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کینٹ میں آرمی پبلک اسکول و کالج کا افتتاح کیا ۔ مقامی عمائدین نے سوات کینٹ میں اسکول اور کالج کے قیام پرآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دیرپا امن و استحکام کے لئے نوجوان نسل کو معیاری تعلیم کی فراہمی سے بہتر کچھ نہیں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی پبلک اسکول پاک فوج کی جانب سے سوات کے عوام کے لئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کا تحفہ ہے۔ سوات میں آرمی پبلک اسکول کا کیمپس جدید ترین سہولیات سے مزین ہے جس میں اسپورٹس اسٹیڈیم اور آڈیٹوریم بھی شامل ہے۔
 
 
دوسری جانب آرمی چیف نے مہمند ایجنسی میں غلنئی تا مہمند گٹ سڑک کا افتتاح کردیا، ترجمان پاک فوج کے مطابق 41 کلومیٹر طویل سڑک کے 14 کلومیٹر پر مشتمل فیز ون کا افتتاح کیا گیا ہے، منصوبے میں مہمند ایجنسی میں 751 میٹر طویل ناہاکی ٹنل بھی شامل ہے، اس موقع پر آرمی چیف نے ایف ڈبلیواو کے تعمیراتی کام کو سراہا جب کہ قبائلی عمائدین نے سیکیورٹی اورترقیاتی منصوبوں پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔
 
آرمی چیف نے دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے فوج کی حمایت پر قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دیرپا امن و استحکام کے لئے ترقیاتی منصوبے نہایت اہم ہیں جب کہ ناوا پاس کے ذریعے غلنئی تا مہمند گٹ سڑک افغانستان کے ساتھ اہم تجارتی روٹ ثابت ہوگی۔

 

Page 12 of 40