ھفتہ, 29 جون 2024
ایمزٹی وی(راولپنڈی)چیف آف آرمی اسٹاف قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز میں 205 ویں کور کمانڈرز کااجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ملک کے دفاع کے لیے اپنی جانیں بھی قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے، ملکی سرحدوں کے تحفظ کے لیے تمام تر پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے گا اور کسی بھی قسم کی جارحیت پر دشمن کو منہ توڑ جواب کا سامنا کرنا پڑے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں علاقائی صورت حال اور خطے کی سیکیورٹی کے معاملات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گا جب کہ کانفرنس میں بالخصوص افغانستان اور امریکی حکام سے حالیہ ملاقاتوں پر بھی غور کیا گیا۔
علاوہ ازیں داخلی سیکیورٹی صورت حال ، دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز سے حاصل ہونے والے اہداف اور آپریشن کی رفتار پربھی غور کیا گیا اور شرکاء کو قیام امن کے لیے جاری آپریشنز میں پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شرکاء کو امن کے لیے جاری آپریشنز کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا جب کہ قومی مفاد میں اپنے کردار کو مزید موثر انداز میں ادا کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
کور کمانڈر کانفرنس میں بلوچستان کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی اور بلوچستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کے مواقع پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے جوانوں اور شہداء کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کو حتمی شکل دی گئی

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)حکومت نے دہشتگردی کے 29 مقدمات فوجی عدالتوں کو بھیجنے کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق آرمی چیف کے توجہ دلاؤ خط کے بعد وفاقی حکومت نے دہشتگردی کے 29 مقدمات فوجی عدالتوں کو بھجوانے کی منظوری دیدی ہے۔ رواں سال جولائی میں نگراں کمیٹی نے ان 29 کیسز کو فوجی عدالت بھیجنے کی منظوری دے دی تھی اور تب سے یہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے منتظر تھے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو خط لکھ کر معاملہ کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ حکومت نے جنوری 2017 سے اب تک ایک بھی کیس فوجی عدالتوں کو نہیں بھیجا ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کے خط کے بعد وزارت داخلہ متحرک ہوگئی اور اب حکومت کی منظوری ملنے کے بعد وزارت داخلہ جلد یہ کیسز فوجی عدالتوں کو بھیج دے گی۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی) ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے، سیکیورٹی فورسز نے میں انٹیلی جنس آپریشنز کے دوران 16دہشت گرد گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے بڑی تعداد میں اسلحہ ،آئی ای ڈیز اور دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے حافظ آبادکے علاقے فوارہ چوک میں کارروائی کے دوران 2 دہشت گردوں کو گرفتارکر لیا، ملزموں کے قبضے سے بارودی مواد اور ڈیٹونیٹرز برآمدہوا، گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ گرفتار ملزمان میں نیاز ولی ولد وحید جان سکنہ باجوڑ ایجنسی اور محمد طیب ولد عبدالستار سکنہ مظفرگڑھ شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز اٹک میں تھانہ باہتر کے علاقے میں رینجرز اور پولیس نے خفیہ اطلاع پرمشترکہ سرچ آپریشن کرکے 3 دہشت گردوں کوگرفتار کرلیا، ملزموں کے قبضے سے دھماکا خیزمواد اور اسلحہ برآمدکرلیا۔ آئی ایس پی آرکے مطابق جنوبی وزیرستان میں بھی سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، جس میں بڑی تعداد میں ہتھیار، مختلف اقسام کے گولہ بارود، اے کے 47 اور 7 ایم ایم، 4.5 کلوگرام دھماکا خیزمواد ،100 ڈیٹونیٹرز،200 میٹر ڈیٹونیٹنگ ڈوری اور منشیات برآمدکی گئی.

 

 

ایمزٹی وی(پشاور) قومی اسمبلی کی نشست کے لیے پشاورمیں این اے 4 انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہوگیا جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ حلقے میں کل 269 پولنگ اسٹیشنزقائم کیے گئے ہیں جہاں 3 لاکھ 98 ہزارافراد ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔ پی ٹی آئی کے امید وار ارباب عامر، اے این پی کے خوشدل خان، ن لیگ کے ناصر خان موسی زئی اور پی پی کے اسد گلزار میدان سمیت کل 14 امید وار شامل ہیں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آج حلقے میں عام تعطیل ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق پولنگ  اسٹیشنز پر پاک فوج کے جوان اور پولیس تعنیات ہیں، ووٹرز کو سیکورٹی عملے نے موبائل پولنگ اسٹیشن کے اندر لے جانے سے روک لیا ہے، الیکشن کے لئے تمام انتظامات 17 سو فوجی جوان اور 7 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں جب کہ نتائج کے لئے پہلی بار الیکٹرانک مشین کا استعال کیا جارہا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے اجازت نامے جاری ہونے کے باوجود میڈیا کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ انتخابات کے لیے پولیس اسٹیشن بڈھ بیر کی عوام الناس کے لئے خصوصی ہدایات جاری کی گئیں ہیں، تمام پولنگ ایجنٹ آفس پولنگ اسٹیشن سے کم از کم 200 میٹر کے فاصلے پر رکھیں۔
پولیس کے مطابق کسی قسم کا اسلحہ اپنے ساتھ نہ لائیں اور نہ ہی علاقے میں اسلحہ کے ساتھ پھریں، کالے شیے والی گاڑیوں اور موٹر سائکل کی ڈبل سواری پربھی پابندی عائد کی گئی ہے، وووٹرز پاک آرمی ، پولیس عملہ اورپریزایئڈنگ آفیسر کے ساتھ تعاون کریں تاکہ الیکشن شفاف اورپرامن طریقے سے ہو سکے ، الیکشن کے دوراں ضعیف العمر ، معذور اور خواتین کا خاص خیال رکھیں ، کوئی بھی غیر متعلقہ شخص خواتین پولنگ اسٹیشن میں نہیں جائے گا جب کہ پولنگ اسٹیشن کے قریب مشکوک شخص ، بیگ ، گاڑی، موٹر سائکل اور کوئی ایسی چیز نظر آئے توفورا پولیس کو اطلاع دیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستانی آئین مدو جذر سے گزر رہا ہے، 66 سال میں صرف ایک مرتبہ حکومت نے مدت پوری کی اگر موجودہ حکومت نے بھی اپنی آئینی مدت پوری کی تو دنیا میں ہمارا امیج بڑھے گا اور اگر باربار جمہوریت کو پنکچر کیا گیا تو گڑ بڑ ہوجائے گی، ہم نے جمہوری حکومت کو جھٹکے دیئے تو دنیا کہے گی یہاں استحکام نہیں آسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی استحکام ملک کی ترقی کے لئے آکسیجن کا کام کرتا ہے ہمیں اگلی صدی کے لئے خود کو تیار کرنا ہے اور دنیا کے ساتھ مل کر جمہوریت کو آگے لے کر چلنا ہوگا، اکیسویں صدی میں نظریات نہیں معاشی بنیادوں پر آگے بڑھیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آج کے حالات کے ذمہ دار پرویز مشرف ہی ہیں، ان کے کورکمانڈر بھی کہہ چکے ہیں کہ ان کے علم میں لائے گئے بغیر پاکستانی فوجی اڈے امریکا کو دیئے گئے اور جو پیسے آئے ان سے کوئی ڈیم، موٹروے یا توانائی کا منصوبہ نہیں لگایا گیا۔ انہوں نے پاکستان کو گروی رکھ کر اپنا اقتدار منوایا انہیں ایک دن لازمی حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمیں ملک میں تمام اداروں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے کی ضروت ہے اگر آپس میں بداعتمادی رکھیں گے تو ملک خراب ہوگا۔ پاکستان میں اس وقت ایک منظم سازش کے تحت مایوس سیاستدان مہم چلارہے ہیں کہ مسلم لیگ(ن) اور فوج کو لڑایا جائے، شیخ رشید بھی کبھی ڈی جی آئی ایس پی آر اور کبھی سپریم کورٹ کے رجسٹرار بن جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں نوازشریف کی قیادت پر پورا اعتماد ہے اور ہمارا ووٹر اپنے لیڈر پر متفق ہے، کوئی بھی مسلم لیگ(ن) میں دراڑ نہیں ڈال سکتا اور اگر کوئی فرد اپنی جماعت چھوڑ کر جائے گا تو اسے خود ہی نقصان اٹھانا پڑے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)بھارتی فوج نے ایک بارپھرلائن آف کنٹرول پرسیزفائرکی خلاف ورزی کی ہے اور پانڈوسیکٹرمیں بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں جبکہ پاک فوج نے بھرپورجوابی کارروائی کی ہے جس کے بعد بھارتی پوسٹوں کے قریب آگ کے شعلے بلند ہوئے اور ملحقہ جنگل میں آگ لگ گئی۔
بھارتی فوج نے ہفتے کو گزشتہ روز دن گیارہ بجے کے قریب لائن آف کنٹرول کے پانڈو سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ اورگولہ باری شروع کی جو سہ پہر 3 بجے تک جاری رہی۔ بھارتی فوج نے چھوٹے بڑے ہتھیاروں سے نلئی،گندی گراں، بلاسیھٹو میں سول آبادی کو نشانہ بنایا تاہم جانی نقصان کی اطلاع نہیںملی لیکن کھلانہ ویلی کے بعض تعلیمی اداروں میں طلبہ کو قبل از وقت چھٹی دے دی گئی۔
پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا جس کے بعد بھارتی چوکیوں کے قریب آگ کے شعلے بھڑک اٹھے جبکہ ملحقہ جنگل میں آگ لگ گئی، پاک فوج کی جوابی کارروائی کے بعد بھارتی گنوں کو سانپ سونگھ گیا اور سول آبادی نے سکھ کاسانس لیا۔
دوسری جانب اسلام آباد میں مظاہرہ کرتے ہوئے لائن کنٹرول پربھارت کی آئے روزکی اشتعال انگیزیوں سے پریشان حال شہریوںنے حکومت سے متبادل رہائش فراہم کرنے کامطالبہ کردیا۔ کنٹرول لائن پربھارتی فائرنگ کیخلاف شہریوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آبادکے باہراحتجاجی مظاہرہ کیا جس میں آزادکشمیرکے علاقوںبٹل، عباسپور، نکیال، درہ شیرخان اور دیگر سیکٹرزکے متاثرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا۔
ادھر متاثرہ شہریوں نے بھارتی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایل اوسی پربین الاقوامی معاہدے اور قوانین کے مطابق مکمل جنگ بندی کی جائے، حکومت ایل اوسی پررہائش پذیرافرادکے لیے متبادل رہائشی منصوبہ شروع کرے، شہید یا زخمیوں کو معقول معاوضہ فراہم کرے۔

 

 

ایمز ٹی وی (راولپنڈی) پاک فوج نے 70 ویں یوم آزادی پر پاکستان موٹر ریلی کے انعقاد کا اعلان کر دیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی تحت 70 ویں یوم آزادی پرپاکستان موٹرریلی منعقد کی جائے جو 21 اکتوبر سے 31 اکتوبر تک منعقد کی جائے گی ۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ریلی میں 300 جیپ،500 بائیکرزاور150 نادر گاڑیاں حصہ لیں گی ،ریلی کے شرکا خنجراب سے شروع ہو کر گوادر تک 3ہزار کلومیٹر کا راستہ طے کریں گے ۔

 

 

ایمزٹی وی(ریاض)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی خبر ایجنسی کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔
 
دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور پاکستان کے باہمی تعلقات خصوصاً فوجی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سعودی خبر ایجنسی کے مطابق ملاقات میں دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات کی گئی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ میں نے کسی کا دل دکھانے کی بات نہیں کی تھی اورپاکستان کے ہرسپاہی کی قدر کرتا ہوں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ احسن اقبال نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فخرہے کہ پاک فوج آپریشن رد الفساد کررہی ہے، حکومت ردالفساد کیلیے پیٹ کاٹ کرپیسے دے رہی ہے، میں پاکستان کے ہرسپاہی کی قدرکرتا ہوں مگرہمارے بھی جذبات ہیں، پاک فوج کی قربانیوں پرنازہے، میں نے کسی کا دل دکھانے کی بات نہیں کی تھی تاہم معیشت کے حوالے سے بیان کی وضاحت ضروری تھی۔
وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت ملک کی معیشت کی بہتری کے لئے کام کررہی ہے، ہمیں فخر ہے کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا، دنیا میں پاکستان کو پانچویں بہترین معیشت کے طور پرتسلیم کیا جارہا ہے اور مایوسی کے سقراط کی طرف نہ دیکھا جائے کیونکہ ان کا کام صرف مایوسی پھیلانا ہے، جوغلط فہمیاں پیداکرناچاہتے ہیں اورہروقت تیلیاں لگانےکوتیاررہتےہیں انھیں مایوسی ہوگی۔
وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ اداروں کےدرمیان ہم آہنگی کی ضرورت ہے، فوج اورحکومت کے درمیان کوئی اختلاف نہیں، فوجی ترجمان کی وضاحت آگئی ہے تومعاملہ ختم ہوگیا تاہم جواب الجواب دینا مناسب نہیں، سب پاکستانی گلدستے کی طرح ہیں، پاکستانیوں کے مختلف رنگ اس کی خوبصورتی ہے، نسل یازبان کی تفریق کریں گے توپاکستان کوتقسیم کردیں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کومتنازع بنانے کے بجائے مسئلہ کشمیرحل کرایاجائے، کشتی کا ایک سواراپنا چپوچھوڑکردوسرے کا چپوچلائے تومعاملہ خراب ہوتا ہے، سب ایک ہی کشتی میں سوارہیں، مل کرکوشش کریں گے تومنزل پرپہنچیں گے۔
واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل آصف غفور کے معیشت پر بیان پر رد عمل دیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کو معیشت پر بیانات اورتبصروں سے گریز کرنا چاہیے جس پر گزشتہ روز میجرجنرل آصف غفور نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ان کا کوئی بیان ذاتی نہیں پوری فوج کا موقف ہوتا ہے اس لیے وزیرداخلہ کے بیان پرانہیں بطور سپاہی اور پاکستانی دکھ ہوا۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور باجوہ نے آج اہم پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کردیا ۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور باجوہ آج شام 5بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے جس میں ملکی امور پر بات کی جائے گی ۔
واضح رہے کہ میجر جنرل آصف غفور باجوہ نے ایک ٹی وی پروگرام کے دوران ملکی معیشت کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا جس کا وفاقی وزیر داخلہ و ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے برا منایا اور کہا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کو معیشت سے متعلق بیان دینے سے گریز کرنا چاہیے ۔
اس سے قبل آرمی چیف بھی کراچی میں کاروباری افراد کے ساتھ خطاب میں معیشت پر بات کرچکے ہیں۔ شیخ رشید نے احسن اقبال کی ڈی جی آئی ایس پی آر پر تنقید کو ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے آرمی چیف پر تنقید قرار دیا تھا۔

 

Page 11 of 40