بدھ, 26 جون 2024

 

ایمزٹی وی(قصور)قصورمیں معصوم کلی زینب کو درندہ صفت شخص نے بد فعلی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا جس کے بعد قصور میں احتجاجی مظاہرہ جاری ہے لیکن ملزم تاحال آزاد گھوم رہاہے ، اس معاملے پر آرمی چیف نے پاک فوج کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ ملزم کی فوری گرفتاری کیلئے پاک فوج سول انتظامیہ کی ہر ممکن مدد کرے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق زینب کے والدین کی جانب سے آرمی چیف فوری نوٹس لے کر انصاف کی فراہمی کیلئے اپیل کی گئی تھی جس پر آرمی چیف نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پاک فوج کو حکم جاری کر دیاہے ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے زینب کے قتل کی سخت مذمت کی گئی ہے ،ان کا کہناتھاکہ ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر عبرتناک سزا دی جائے ۔

 

 

ایمزٹی وی(سیاچن)گیاری سیکٹر میں برفانی تودے تلے دب کر شہید ہونے والے پاک فوج کے 3 جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق دنیا کے بلند ترین محاذ جنگ سیاچن میں گزشتہ برس 30 دسمبر کو برفانی تودہ گرنے سے پاک فوج کے 5 جوان دب گئے تھے جن کی تلاش کے لئے ریسکیو آپریشن بھی کیا گیا تاہم کوششوں کے باوجود پاک فوج کے پانچوں جوان جانبر نہ ہوسکے۔
سیاچن گیاری میں برفانی تودے تلے دب کر شہید ہونے والے پاک فوج کے 3 جوانوں کا نمازِ جنازہ ادا کردی گئی ہے، شہدا کی نمازِ جنازہ گلگت ہیلی پیڈ میں ادا کی گئی جس میں فورس کمانڈر شمالی علاقہ جات میجر جنرل ثاقب محمود ملک سمیت اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ برفانی تودے میں دب کر شہید ہونے والے پاک فوج کے 5 میں سے 3 جوانوں کا تعلق گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ اور ضلع غذر سے تھا۔
 

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی) پاک فوج نے شہریوں کو نئے سال 2018 کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس موقع پر شہدا کی قربانیوں کو بھی یاد رکھیں۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ملک بھر میں سال نو کا جشن بحیثیت قوم ہماری کامیابیوں اور عزم کا مظہر ہے۔
 
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ خوشیاں شہدا کی قربانیوں کی وجہ سے ملی ہیں، ہمیں نئے سال کے موقع پر شہدا کی قربانیوں کو نہیں بھولنا چاہئے اور ان کا شکریہ ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ 2018ء غیر معمولی چیلنجز کے ساتھ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جب کہ پاکستان کے عزم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسکردو)سیاچن سیکٹر میں برفانی تودے کی زد میں آکر پاک فوج کے 5 جوان لاپتہ ہوگئے ہیں۔میڈیا ذرائع کے مطابق دنیا کے بلند ترین محاذ جنگ سیاچن میں برفانی تودہ گرنے سے پاک فوج کے 5 جوان دب گئے ہیں جن کی تلاش کے لئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
لاپتہ ہونے والے جوانوں کی تلاش کے لئے پاک فوج کے دستے سمیت علاقائی باشندے بھی مصروف ہیں جب کہ بھاری مشینری کا بھی استعمال کیا جارہا ہے تاہم تاحال کسی زخمی یا شہادت کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
واضح رہے کہ اسکردو میں برفانی تودہ گرنے کے متعدد واقعات ہوچکے ہیں جن میں پاک فوج کے درجنوں جوان شہید ہوچکے ہیں جب کہ برفانی تودے گرنے کے واقعات میں بھارتی فوج کے اہلکار بھی ہلاک ہوچکے ہیں 2012 میں سیاچن کے گیاری سیکٹر میں بھی 80 فٹ اونچا اور ایک کلومیٹر طویل برفانی تودہ گرنے سے 11 شہریوں سمیت پاک فوج کے 128 فوجی شہید ہو گئے تھے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بریفنگ دینے کے لیے سینٹ پہنچ گئے،وہ بذریعہ ہیلی کاپٹر جی ایچ کیو سے پارلیمںٹ ہاؤس پہنچے ۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے آرمی چیف کا استقبال کیا، آرمی چیف سینیٹ کے پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کو اپنے غیر ملکی دوروں اور ملکی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔
ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی آئی ایس پی آر بھی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ ہیں،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ چیئرمین سینیٹ کے چیمبر میں چلے گئے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سینیٹ کی ہول کمیٹی کو اپنے بیرونی دوروں اور سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا ہے، یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہوگا جب آرمی چیف کی جانب سے سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ دی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی بریفنگ کیلئے منگل کی صبح 10 بجے سینیٹ کی پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پورے ایوان کی کمیٹی کا اجلاس ٹرمپ کے بیان کے بعد بلایا گیا جس میں آرمی چیف اور ڈی جی ملٹری آپریشنز خطے کی صورتحال ، ملکی سلامتی اور اپنے غیر ملکی دوروں پر بریفنگ دیں گے۔ علاوہ ازیں آرمی چیف علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بھی کمیٹی کو اعتماد میں لیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(کوئٹہ)پاک فوج نے خوشحال بلوچستان پروگرام کا آغاز کردیا جس کے تحت صوبے میں معاشی اور سماجی استحکام لا یا جائے گا ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور باجوہ نے ایک بیان میں بتا یا ہے کہ خوشحال بلوچستان سے متعلق سدرن کمانڈ کا اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی ۔
انہوں نے مزید بتا یا کہ خوشحال بلوچستان پروگرام کا آج سے آغاز کردیا گیا ہے ،اس پروگرام کا مقصد بلوچستان میں معاشی اور سماجی استحکام لانا ہے

 

 

ایمز ٹی وی (لاہور) سپریم کورٹ بار کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے پارٹی صدر بننے سے عوام کی جیت ہوئی ہے، اب سب کو مل کر فیصلہ کرنا ہے کہ حکومت فوج یا عدلیہ کرے گی یا پھر عوام کو حکومت کرنا ہے۔

عاصمہ جہانگیرنے لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر بھٹو این آر او سےخوش نہیں تھیں، مسلم لیگ ن کا ماضی بہت خراب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوری قوتوں کو اکٹھے ہونا چاہیے تھا، مگرافسوس کہ جمہوری قوتوں نےاپنا کردار ادا نہیں کیا۔ عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ وزیر ِقانون کو عہدے سے ہٹانے کا کوئی جواز نہیں، کل کو یہ لوگ کہیں گے کہ وزیرِ قانون کو پھانسی دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتساب سب کا برابری کی سطح پر ہونا چاہیے، مگر ایسا ہو نہیں رہا، بلکہ احتساب صرف ایک شخص کا ہو رہا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(ڈی آئی خان)ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں آپریشن کے دوران پاک فوج کے میجر اسحاق شہید ہوگئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں آپریشن کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں دھرتی کے ایک اور سپوت میجر اسحاق نے جام شہادت نوش کیا۔ شہید میجر اسحاق کی عمر 28 سال اور خوشاب سے تعلق تھا۔ ان کے پسماندگان میں بیوہ اور ایک سال کا بچہ شامل ہے۔
 
میجر اسحاق کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے میں ادا کردی گئی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے حملے پاک فوج کے حوصلے پست نہیں کرسکتے اور ہم مادر وطن کی حفاظت کا مقدس فریضہ سرانجام دیتے رہیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشز (ڈی جی ایم اوز) کا ہاٹ لائن رابطہ ہوا ہے جس میں پاکستان نے ایل او سی پر بھارت کی جانب سے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کا معاملہ اٹھایا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کا مقررہ شیڈول سے ہٹ کر ہاٹ لائن رابطہ ہوا ہے جس میں پاک فوج کے ڈی جی ایم او نے لائن آف کنٹرول پر پاکستانی شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کا معاملہ اٹھایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے ڈی جی ایم او کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر نیزہ پیر، چری کوٹ، اور بٹل سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی، بھارتی فوج کا جان بوجھ کر ایل او سی پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا غیر پیشہ ورانہ اور غیر اخلاقی ہے، اس طرح کی اشتعال انگیزیاں ناقابل برداشت اور جواب دینے کی متقاضی ہیں۔
واضح رہے گزشتہ روز بھی پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے ایل او سی کے چری کوٹ سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔

 

Page 10 of 40