بدھ, 26 جون 2024
کراچی: جامعہ کراچی کی میوزک سوسائٹی نےاپناآفیشل ملی نغمہ ریلیز کردیا . ملی نغمےاے پاک وطن میں افواج پاکستان کوخراج تحسین پیش کیاگیاہے نغمےکی تیاری میں جامعہ کراچی کے6 طلباء و طالبات نےحصہ لیا
 
ملی نغمےکو دفترمشیرامورطلباء کی ٹیم نے ترتیب دیاہے جبکہ وائس چانسلر پروفیسر خالد عراقی نےافتتاح کیا

راولپنڈی: بھارت کی جانب سے ایل او سی اور آزاد کشمیر پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری میں ممنوعہ کلسٹر بموں کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر شہری آبادی کو کلسٹر بموں سے نشانہ بنارہی ہے، بھارتی فوج نے 30 اور 31 جولائی کو آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں توپخانے کے ذریعے کلسٹر ایمونیشن کا استعمال کیا جس کے باعث 4 سالہ بچے سمیت 2 افراد شہید اور 11 شدید زخمی ہوگئے۔ بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ اور ممنوعہ ہتھیاروں کا استعمال جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کلسٹر ایمونیشن کا استعمال عالمی قوانین کے تحت ممنوع ہے اور عام شہریوں پر کلسٹر ایمونیشن کے استعمال سے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا۔

 

آئی ایس پی آر نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو بھارت کے جارحانہ اقدام کا نوٹس لینا چاہئے، بھارت کی جانب سے روں سال اب تک 1824 مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی جس سے 17 افراد شہید اور 105 زخمی ہوئے۔

راولپنڈی : راولپنڈی اور اسلام آباد میں تیز بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوگئی جس کے باعث طغیانی کے خطرے کا الرٹ جاری کردیا گیا۔
 
جڑواں شہروں میں کالے بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے تو شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ بارش شروع ہوئی اور موسم خوش گوار ہوگیا۔ کئی گھنٹے کی مسلسل موسلا دھار بارش سے راولپنڈی کے نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوگئی جس پر پاک فوج، ریسکیو 1122 سمیت تمام اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔
 
ایک موقع پر کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 15 فٹ سے بھی زیادہ ہوگئی تو انتظامیہ نے خطرے کا پری الرٹ جاری کردیا۔ تاہم پھر دونوں شہروں میں بارش کا سلسلہ تھم گیا اور اس وقفے کے دوران نالہ لئی میں پانی کی سطح کم ہونے لگی۔
 
ایم ڈی واسا محمد تنویر نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کا عمل جاری ہے، شہری اطمینان رکھیں، پاک فوج کی 10 کور، ٹرپل ون بریگیڈ اور دیگر امدادی ادارے ہائی الرٹ ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد میں دو گھنٹوں میں 109 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
 
ادھر پنجاب کے مختلف شہروں گوجرانوالہ، جہلم، مظفر گڑھ، ترنول، کلرکہار، ملتان، پنڈدادن خان، منڈی بہاؤالدین، بھکر، میرپور اور دیگر شہروں میں بھی بارش سے جل تھل ہوگیا۔
سرگودھا / صوابی/ کراچی : دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پاک فوج کے دو شہداء کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، کیپٹن عاقب اور نادرحسین شہید کو ان کے آبائی گاؤں میں سپردخاک کیا گیا۔
 
شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں ہونے والے دہشت گردوں کی فائرن سے شہید ہونے والے کیپٹن عاقب اور نادر حسین شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا، ،پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی،قبر پر قومی پرچم لہرا دیا گیا۔
 
نماز جنازہ اور تدفین میں شہیدوں کے عزیز اقارب سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی، کیپٹن عاقب شہید کو ان کے آبائی گاؤں نوتھیں میں سپردخاک کردیا گیا، صدر پاکستان اور آرمی چیف کی جانب سے شہید کی قبر پر پھول چڑھائے گئے۔
 
دوسری جانب شہید نادر حسین کی نمازجنازہ صوابی میں آبائی گاؤں یعقوبی میں ادا کردی گئی، نماز جنازہ اور تدفین میں وزیراطلاعات کے پی شوکت یوسفزئی نے شرکت کی۔ بعد ازاں شہید نادرحسین کو فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
 
علاوہ ازیں نیول چیف ،ایڈمرل ظفرمحمودعباسی نے بلوچستان اور شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
 
اس حوالے سے ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے شہادت پانے والے افسر و جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا، ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ شہداء کے ورثا کے غم میں برابرکے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ شہداء کا رتبہ بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

اسلام  آباد: سپریم کورٹ نے ڈیمز فنڈ میں موجود رقم کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے۔

سپریم کورٹ نے ڈیمز فنڈ میں موجود رقم کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے، عدالت نے اسٹیٹ بنک کو فنڈ میں موجود 10 ارب 60 کروڑ روپے نیشنل بنک کو منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت کے مطابق 19 جون کو ٹی بلز کی نئی بولی کے بعد منافع کی شرح کا اعلان ہوگا، نیشنل بنک سپریم کورٹ کی جانب سے بولی میں حصہ لے گا جب کہ طے شدہ شرح منافع پر ڈیمز فنڈ کی ٹی بلز میں 3 ماہ کے لیے سرمایہ کاری ہوگی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے حکم جاری ہونے کے بعد وفاقی حکومت نے دو ڈیمز دیامیربھاشا اورمہمند کی تعمیرکے لیے فنڈز قائم کیے تھے جس میں پاک فوج، سرکاری ملازمین، قومی کھلاڑیوں، اداکاروں اور سماجی شخصیات سمیت عام افراد نے پیسے جمع کرائے تھے۔

راولپنڈی: پاکستان نے زمین سے زمین پر مارکرنے والے بیلسٹک میزائل ’شاہین 2‘ کا کامیاب تجربہ کرلیا۔
 
ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل آصف غفور کے مطابق پاکستان نے زمین سے زمین پرمارکرنے والے بیلسٹک میزائل ’شاہین 2 ‘ کا کامیاب تجربہ کیا۔ میزائل 1500 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو باآسانی نشانہ بناسکتا ہے اور اس میں ہر قسم کا ایٹمی اور روایتی وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت ہے۔
 
ڈی جی آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ شاہین 2 پاکستان کی کم سے کم ڈیٹرنس اورخطے میں استحکام برقرار رکھنے کی ضروریات پوری کرتا ہے، تجربہ کا مقصد پاک فوج کی اسٹریٹیجک صلاحیتوں میں اضافہ ہے۔
 
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ ڈی جی ایس پی ڈی، کمانڈرآرمی اسٹریٹیجک کمانڈ فورس اور چیئرمین نیسکام نے ’شاہین 2‘ کے تجربے کا مشاہدہ کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے میزائل کی تیاری کے لیے کام کرنے والے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی ہے۔

اسلام آباد: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ  یہ 1971 نہیں، نہ وہ فوج ہے اور نہ وہ حالات ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 27 فروری کو گزرے 2 ماہ ہوگئے لیکن بھارت ان گنت جھوٹ بولے جارہا ہے، ہم ان کا جواب دے سکتے ہیں لیکن ہم ذمہ داری کا مظاہرہ کررہے ہیں، پاک فضائیہ نے بھارت کے 2 طیارے گرائے جس کا ملبہ پوری دنیا نے دیکھا، بھارتی فضائیہ نے اپنا ہی ہیلی کاپٹر مارگرایا اور بلیک باکس چھپالیا، حالات بہتر ہونے کا انتظار کر رہے ہیں بھارتی طیارے گرانے والے پاک فضائیہ کے پائلٹس کو اعزاز سے نوازیں گے۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ مدارس کو مرکزی دھارے میں لانے اور وزارت تعلیم کے ماتحت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان میں 30 ہزار سے زائد مدارس ہیں جن میں 25 لاکھ بچے زیر تعلیم ہیں، 1947 میں مدارس کی تعداد 247 تھی جو 1980ء میں 2861 ہوگئی اور آج 30 ہزار سے زیادہ ہے، پاکستان میں مدارس کھولے گئے اور جہاد کی ترویج کی گئی، اس وقت تو کسی نہ اعتراض نہیں کیا، آرمی چیف کی ہدایات ہے کہ اپنا فقہ چھوڑو نہیں اور دوسروں کو چھیڑو نہیں ۔ مدارس کے نصاب میں تبدیلی نہیں ہوگی لیکن نصاب میں منافرت پھیلانے والا مواد نہیں ہوگا، 70 فیصد ایسے ہیں ماہانہ فی طلبا 1000 روپے ہیں، 5 فیصد ایسے ہیں جو فی طلبا 15 سے 18 ہزار روپے خرچ آتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ عسکریت پسندی کی طرف لے جانے والے مدارس کی تعداد 100 سے بھی کم ہے، بیشتر مدارس پرامن ہیں، مدرسے کے ایک طالبعلم نے آرمی میں کمیشن بھی حاصل کیا ہے، لیکن ان مدارس کے بچوں کے پاس ملازمت کے کیا مواقع ہوتے ہیں، اسلام کی تعلیم جیسی ہے چلتی رہے گی لیکن نفرت پر مبنی مواد نہیں ہوگی، دوسرے فرقے کے احترام پر زور دیا جائے گا، نصاب میں درس نظامی کے ساتھ ساتھ عصر حاضر کے مضامین بھی ہوں گے، ہر مدرسے میں چار سے 6 مضامین کے اساتذہ درکار ہوں گے، اس سے متعلق بل تیار ہورہا ہے، پھر نصاب پر نظرثانی ہوگی، دہشت گردی کے مقابلے سے فارغ ہورہے ہیں، اب انتہاپسندی کا خاتمہ کرنا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ نائن الیون کے بعد منظر نامہ تبدیل ہوا جس کے نتیجے میں جغرافیائی معیشت شروع ہوئی، کالعدم تنظیموں کو مرکزی دھارے میں لانے کے لیے بہت سارے وسائل درکار ہوتے ہیں، 1979 کے بعد افغانستان میں جہاد کا ماحول بنا، اس کے پاکستان پر بھی اثرات مرتب ہوئے اور جہاد کی فضا قائم ہوئی، پہلے بھی کس نے منع کیا تھا کہ کالعدم تنظیموں کو دوبارہ مرکزی دھارے میں نہ لایا جائے، کیا پرانے فیصلوں پر ہی عمل کرتے رہیں یا غلطی کی اصلاح کرلیں، طاقت کے استعمال کا اختیار صرف ریاست کا حق ہے، افواج پاکستان نے طے کرلیا ہے کہ معاشرے کو انتہا پسندی اور عسکریت پسندی سے پاک کرنا ہے۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارت کے رویئے میں ہم نے تبدیلی ڈال دی ہے، پاکستان کے اچھے رویے دیکھتے ہوئے بھارت نے کچھ کچھ اچھا رویہ دکھایا ہے، جب بات ملکی دفاع اور سلامتی کی ہو تو پاکستان ہر قسم کی صلاحیت استعمال کرے گا، ہمارا حوصلہ نہ آزمائیں، وقت آیا تو پاک فوج عوام کی مدد سے بھرپور دفاع کرے گی اور تاریخ دہرائے گی، یہ 1971 نہیں، نہ وہ فوج ہے اور نہ وہ حالات ہیں، اگر موجودہ پاکستانی میڈیا 1971 میں ہوتا تو بھارت کی سازشیں بے نقاب کرتا اور آج مشرقی پاکستان علیحدہ نہ ہوتا، بھارت کے لیے یہی پیغام ہے کہ جو گرجتے ہیں وہ برستے نہیں، بھارت کچھ کرنا چاہتا ہے تو پہلے نوشہرہ اسٹرائیک اور بھارتی جہازوں کے گرنے کا حساب ذہن میں رکھے۔

کراچی: پاک فوج کی میجر صاعقہ گلزار نے امریکا میں عالمی تربیتی مقابلے میں دنیا بھر کے 52 فوجیوں میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔

پاکستانی فوج کی خاتون میجر صاعقہ گلزار نے امریکا میں عالمی فوجی تربیت کے دوران دنیا بھر سے حصہ لینے والے 52 فوجی اہلکاروں کی موجودگی میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے ملک کا نام روشن کردیا۔ انہیں گولڈ میڈل بھی دیا گیا۔

مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والی میجر صاعقہ گلزار کا تعلق وہاڑی سے ہے اور ان کے والد گلزار مسیح سدھو مقامی ٹیچر ہیں۔ سوشل میڈیا پر خاتون میجر کی کامیابی پر مبارک بادیں دی گئیں اور ان کی عسکری صلاحیتوں کو سہرایا گیا۔

 میجر صاعقہ گلزار کی عالمی سطح پر حاصل ہونے والی کامیابی کی سب سے پہلے خبر قومی چینل پاکستان ٹیلی وژن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ایک ٹویٹ میں دی۔ صارفین نے ملک کا نام روشن کرنے پر خاتون میجر کو خراج
تحسین پیش کیا۔

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ  دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بعد پاکستان استحکام کی جانب گامزن ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدارت میں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی  میں منعقد ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں جیو اسٹریٹجک ماحول اور مشرقی سرحد کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا، کور کمانڈرز نے ملک میں پائیدار امن کیلئے کی گئی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے مادر وطن کے خلاف کسی بھی جارحیت اور اشتعال کا بھرپور دفاع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، اور کہا کہ کسی بھی جارحیت اور مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

اس موقع پر سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بعد پاکستان استحکام کی جانب گامزن ہے، اور اس مثبت راہ پر ہے جہاں طاقت کا استعمال صرف ریاست کی صوابدید ہے۔

روالپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانیہ کے نائب مشیر برائے قومی سلامتی کرسچن ٹرنر نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ سیکیورٹی تعاون اور مجموعی علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق مہمان شخصیت نے علاقائی سلامتی اور استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

Page 5 of 40