اتوار, 05 مئی 2024
Reporter SS

Reporter SS

لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی میٹنگ کے لیے محسن نقوی آج دبئی جائیں گے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ہیڈکوارٹرز میں محسن نقوی بورڈ میٹنگ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ پی سی بی کا چیئرمین منتخب ہونے کے بعد پہلی بار وہ کسی آئی سی سی میٹنگ میں شریک ہوں گے۔

جون میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاریوں اور انتظامات پر بریفینگ ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔ کرکٹ سے متعلقہ دوسرے امور بھی زیر بحث آئیں گے۔ پاکستان کی میزبانی میں اگلے سال شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پر بات بھی ہوگی۔

دبئی میں چیف ایگزیکٹو میٹنگ کے لیے پی سی بی چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر پہلے سے موجود ہیں۔ بورڈ میٹنگ کی سائیڈ لائنز پر پی سی بی حکام بھارت سمیت دوسرے بورڈ ممالک کے وفود سے بھی بات چیت کریں گے۔

لاہور: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کیلئے شیڈول کا اعلان ہوگیا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 14 اپریل سے پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں وہ 5 ٹی20 انٹرنیشنل کھیلے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ابتدائی تین میچز 18، 20 اور 21 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے، جس کے بعد لاہور 25 اور 27 اپریل کو سیریز کے بقیہ 2 ٹی20 انٹرنیشنل کی میزبانی کرے گا۔ ٹی20 سیریز کے تمام پانچ میچز رات 7 بجے شروع ہوں گے۔

نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کا 17 ماہ کے عرصے میں اس کا تیسرا دورۂ پاکستان ہوگا، اس سے قبل اس نے دسمبر 2022/ جنوری 2023 میں 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اسی سال کے آخر میں 10 وائٹ بال میچوں میں حصہ کیلئے پاکستان آئی تھی یہ میچز لاہور، راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے گئے تھے۔

سیریز کا شیڈول
14 اپریل ۔ نیوزی لینڈ کی پاکستان آمد

16 اور 17 اپریل۔ پریکٹس
18 اپریل ۔ پہلا ٹی20 انٹرنیشنل ۔ راولپنڈی
20 اپریل ۔ دوسرا ٹی20 انٹرنیشنل ۔ راولپنڈی
21 اپریل ۔ تیسرا ٹی20 انٹرنیشنل ۔راولپنڈی
25 اپریل ۔ چوتھا ٹی20 انٹرنیشنل ۔ لاہور
27 اپریل ۔ پانچواں ٹی20 انٹرنیشنل ۔ لاہور

لاہور : لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان سپر لیگ میں اہم سنگ میل حاصل کرلیا۔

گزشتہ روز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں نسیم شاہ کو آؤٹ کرکے پاکستان سپر لیگ میں 100 وکٹیں لینے والے تیسرے بالر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

یونائیٹڈ کیخلاف میچ میں شاہین نے کوٹے کے 4 اوورز میں 32 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

شاہین سے قبل سابق کرکٹر وہاب ریاض نے 100 سے زائد وکٹیں حاصل کرنے کا اعزا اپنے نام کیا تھا۔

اس فہرست میں فاسٹ بولر حسن علی کا دوسرا نمبر ہے جو 107 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جبکہ انہیں وہاب ریاض کا ریکارڈ اپنے نام کرنے کیلئے محض 6 وکٹیں درکار ہیں۔

پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان 87 وکٹوں کے ہمراہ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

کیرالا: بھارت کے ایک اسکول میں تدریس کے عمل کو ایک نئی شکل دینے کے لیے اے آئی استانی متعارف کرا دی گئی۔

بھارتی ریاست کیرالا کے شہر تھروننتھمپورم میں متعارف کرائی جانے والی آئرس نامی اس اے آئی روبوٹ استانی کو میکرلیبز ایجوٹیک کی شراکت سے بنایا گیا ہے اور ممکنہ طور پر اس ریاست اور پورے بھارت میں پہلا انسان نما روبوٹ استاد ہے۔

مصنوعی ذہانت پر مبنی یہ اختراع لادووایل تھنگل چیریٹیبل ٹرسٹ کے ایک منصوبے کے ٹی سی ٹی ہائیر سیکنڈری اسکول میں متعارف کرایا گیا ہے۔ آئرس اٹل ٹِنکرنگ لیب پروجیکٹ کا حصہ ہے۔ یہ پروجیکٹ 2021 میں این آئی ٹی آئی آیوگ کی جانب سے پیش کیا گیا جس کا مقصد اسکولوں میں غیر نصابی سرگرمیوں کو آگے بڑھانا تھا۔

میکرلیبز کی جانب سے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں مختلف زبانیں بولنے والی اس اے آئی استانی کی صلاحیتوں کو دِکھایا گیا ہے۔

آئرس مختلف مضامین سے متعلقہ پیچیدہ سوالات کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، اس کے علاوہ اس میں وائس اسسٹنس (ایسا سافٹ ویئر جو آواز سن کر امور انجام دیتا ہے) اور انٹریکٹیو لرننگ ایکسپیرئنس کی خصوصیات شامل ہے۔ جبکہ ایک جگہ سے دوسری جگہ حرکت کے لیے آئرس میں پہیے بھی لگائے گئے ہیں۔

کیرالا کی جانب سے متعارف کرایا جانے والا یہ اقدام ریاست کے تعلیمی منظرنامے میں واضح تبدیلی ہے۔ آئرس کے اندر مختلف اندازِ تعلیم مہیا کرنے اور طلبا کے لیے تعلیم کو مزید دلچسپ بنا کر پیش کرنے صلاحیت ہے۔

لاہور: سابق آسٹریلوی کرکٹر شین واٹسن کو قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سونپے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام کی سابق آسٹریلوی کرکٹر سے قومی ٹیم کی کوچنگ کیلئے بات چیت جاری ہے جبکہ معاملات کو حتمی شکل دینے کیلئے چیئرمین محسن نقوی سے بھی ملاقات کروائے جانے کا امکان ہے۔

بورڈ کے ساتھ معاملات طے پانے کی صورت میں شین واٹسن کی تقرری کا باضابطہ اعلان سامنے آسکتا ہے۔

یہ پہلا موقع ہوگا کہ شین واٹس کسی بھی بین الااقوامی ٹیم کی کوچنگ کریں گے، بطور کوچ سابق کرکٹر کا پہلا ٹاسک نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز ہوگی جس کے شیڈول کا اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے۔

ممکنہ طور پر پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی20 میچز کی سیریز 18 اپریل سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ سال 2016 میں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے والے شین واٹسن اس وقت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے ساتھ بطور ہیڈ کوچ منسلک ہیں۔

سابق کرکٹر کو 59 ٹیسٹ، 190 ون ڈے انٹرنیشنل اور 58 ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔

لاہور: سرکاری اسکولوں کے سالانہ امتحانات کا شیڈول جاری کردیا۔

شیڈول کے مطابق پہلی سے آٹھویں جماعت کے امتحانات کا آغاز14مارچ سے ہوگا جو 27 مارچ تک جاری رہیں گے۔

امتحانات میں ایک کروڑ سے زیادہ بچے امتحانات میں شرکت کریں گے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ٹیچر اپنی کلاس کے بچوں کے پیپر چیک نہیں کرے گا، انگریزی اور اردو کے علاوہ تمام سوالیہ پرچے اوردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں پرنٹ کئے جائیں گے۔

کراچی: جماعت دہم سائنس و جنرل گروپ ریگولر وپرائیویٹ کےسالانہ امتحانی فارم سال 2024کے جمع کرانےکی تاریخ میں بغیر لیٹ فیس کے توسیع کر دی گئی ۔

ثانوی تعلیمی بورڈکراچی کے چیئرمین سید شرف علی شاہ کے مطابق جماعت دہم سائنس و جنرل گروپ ریگولر وپرائیویٹ کے سالانہ امتحانی فارم سال 2024کے جمع کرانے کی تاریخ میں بغیر لیٹ فیس کے توسیع کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اب یہ فارم 15مارچ2024 تک بغیر لیٹ فیس کے جمع کئے جائیں گے۔گورنمنٹ اسکول بغیر کسی فیس کے امتحانی فارم جمع کرا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسکول اور طلباء وطالبات کو سہولت فراہم کرنے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

شیڈول کے مطابق امتحانی فارم بغیر لیٹ فیس کے 15مارچ تک جمع کئے جائیں گے۔

کراچی: بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی نے پی ایچ ڈی پروگرام برائے 2024ء میں داخلوں کا اعلان کردیا ہے۔

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق داخلہ پراسپیکٹس برائے 2024 ء، داخلہ ٹیسٹ فارم اور فیس واچر جامعہ کراچی کی ویب سائٹ سے 4 سے 11 مارچ کے دوران ڈاون لوڈ کیے جاسکتے ہیں، جبکہ فیس برائے داخلہ کاروائی 6ہزار روپے ہے۔

آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی ملک میں اسکالر شپ دینے والے چند اداروں میں شامل ہے جو 50 ہزار روپے ماہانہ پی ایچ ڈی اسکالرشپ کی مد میں طالب علموں کو دیتا ہے۔ کامیاب امیدواروں کو جامعہ کراچی کے بین الاقومی شہرت یافتہ تحقیقی ادارے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی)جامعہ کراچی اور ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی میں داخلہ دیا جائے گا۔

اس پروگرام کے تحت اُمیدواربائیو کیمسٹری، جینٹکس، مائکرو بائیولوجی، بائیو ٹیکنالوجی، میڈیکل ٹیکنالوجی، بائیومیڈیکل انجینئرنگ، فزیولوجی، فارماکولوجی، الائیڈ ہیلتھ سائینسز،نامیاتی کیمیاء، تجزیاتی کیمیاء، طبعیاتی کیمیاء، غیر نامیاتی کیمیاء، حیاتی نامیاتی کیمیاء، اور ٹیکسٹائل کیمسٹری جیسے اہم شعبہ جات میں داخلہ لینے کے مجاز ہوں گے۔

داخلوں کے اُمیدوار بھرے ہوئے داخلہ ٹیسٹ فارم اور اداشدہ فیس واچر11مارچ تک آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے اکیڈمک کوارڈی نیشن آفس میں جمع کر وائیں گے۔

کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی ن  انٹرمیڈیٹ حصہ دوم (فریش)کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء میں شرکت امیدواروں کو امتحانی فارمز جمع کروانے کی مزید مہلت دے دی۔

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے طلباء کے وسیع تر مفاد میں انٹرمیڈیٹ حصہ دوم (فریش)کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء میں شرکت کے خواہشمند سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ،سائنس جنرل اور ہوم اکنامکس گروپس کے سرکاری تعلیمی اداروں کے اہل اور خواہشمند ریگولر امیدواروں کیلئے امتحانی فارمز اور فیس جمع کروانے کی تاریخوں میں توسیع کردی ہے۔

درج بالا گروپس کے امیدوار اپنے امتحانی فارم  بروز جمعہ 8  مارچ 2024 ء  سے  بروز بدھ 20  مارچ  2024ء  تک اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کرواسکتے ہیں۔ سرکاری کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولز یہ امتحانی فارمز بروز جمعرات 21مارچ 2024ء تک اپنے نمائندوں کے ذریعہ انٹربورڈ آفس میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے۔

رواں سال 2024ء میں بھی وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پرتمام سرکاری کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے ان طلباء کی فیس معاف کردی گئی ہے جو پہلی دفعہ انٹرمیڈیٹ حصہ دوم کے امتحانات میں شرکت کررہے ہیں، لہٰذا سرکاری تعلیمی اداروں کے طلباء بغیر کسی فیس کے امتحانی فارمز جمع کرواسکتے ہیں۔

سرکاری تعلیمی اداروں کو جمع کروائے جانے والے امتحانی فارمز کی مکمل فہرست بھی تعلیمی اداروں کے سربراہ کے دستخط کے ساتھ جمع کروانا ہوں گی۔

امتحانی فارمز اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کیے جاسکتے ہیں۔

کراچی: ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیرِاہتمام سندھ بھر کی جامعات کے درمیان ایچ ای سی ریجنل سینٹر میں اُردو اور انگریزی زبانوں میں تقریری مقابلوں کے اختتامی مرحلے کا انعقاد کیا گیا۔

جس کے مہمانانِ خصوصی وائس چانسلر کراچی یونی ورسٹی ڈاکٹرخالد عراقی، وائس چانسلر برہان یونی ورسٹی ڈاکٹر وسیم قاضی اور دیوان یونی ورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اورنگزیب تھے۔ جب کہ تقریری مقابلوں کے جج صاحبان میں جامعہ کراچی کی پروفیسر تنظیم الفردوس، معروف صحافی/کمیونیکیشن مینیجر اوریک این ای ڈی یونی ورسٹی فروا حسن اور سینیر اینکر ردا سیفی جب کہ انگریزی کے جج صاحبان میں اینکر پرسن نتاشہ حسیب، اربیلہ میمن اور امیر علی لاشاری شامل تھے۔

اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد عراقی کا کہنا تھا کہ بحث و تمحیص کامقصد مثبت معاشرےکی تشکیل ہے۔ ہمارا نوجوان بلند حوصلے اور بلند کردار کا مالک ہے اور علم حاصل کرنے کا خواہاں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں آپ تمام کو اس مرحلے تک پہنچنے کے لیے مبارک دیتا ہوں اور ایچ ای سی کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔

ریجنل ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن جاوید علی میمن نے طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ ان تقریری مقابلوں کے انعقاد کا مقصد دلیل اور مطالعے کا فروغ ہے۔ ڈیجیٹل دور میں ہم مطالعے سے دور ہوتے جارہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ باآسانی ڈیجیٹل ٹولز سے مطالعے کو فروغ دے سکتے ہیں۔

انگریزی تقاریری مقابلوں میں مہران یونیورسٹی نے پہلی، جی سی یونی ورسٹی حیدرآباد نے دوسری جب کہ لیاقت یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اُردو تقریری مقابلوں میں لمز یونیورسٹی نے پہلی، بے نظیر آباد یونی ورسٹی نے دوسری اور کراچی یونیورسٹی کی ٹیم نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔ یاد رہے ان مقابلوں کا اگلہ اور فائنل مرحلہ ایچ ای سی اسلام آباد میں منعقد کیا جائےگا جس میں ملک بھر سے ٹیمیں حصہ لیں گی

Page 2 of 2353