بدھ, 19 فروری 2025
Reporter SS

Reporter SS

جامعہ کراچی اور میڈکس لیبارٹریزکے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔

مفاہمتی یادداشت پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی اور میڈکس لیبارٹریز کے چیف ایگزیکیٹوآفیسروڈائریکٹر عظیم حسین نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔

مفاہمتی یادداشت کے مطابق میڈکس لیبارٹریز، فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریٹو سائنسز اور فیکلٹی آف فارمیسی اینڈ فارماسیوٹیکل سائنسز نے پوسٹ گریجویٹ ریسرچ پروجیکٹس (ایم فل/پی ایچ ڈی) شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

میڈکس 10 لاکھ روپے کی اسپانسرشپ فراہم کرے گی جس میں سے فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریٹو سائنسز کو 750,000 روپے جبکہ فیکلٹی آف فارمیسی اینڈ فارماسیوٹیکل سائنسز کو مشترکہ سیمینارز اور تحقیقی سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے 250,000 روپے فراہم کئے جائیں گے۔

میڈکس لیبارٹریز جامعہ کراچی کے طلباوطالبات کو ہربل اور فارماسیوٹیکل سائنسز سے متعلق ملازمتوں کے مواقع فراہم کرے گی اور اس کے ساتھ ساتھ فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریٹو سائنسز اور فیکلٹی آف فارمیسی اور فارماسیوٹیکل سائنسز کے طلباء کے لیے صنعتی دوروں، تربیت اور انٹرن شپ کے مواقعوں کا بھی اہتمام کرے گی۔

ثانوی تعلیمی بورڈکے چیئرمین سید شرف علی شاہ نے دہم جماعت کے آن لائن امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں آخری بار بغیر لیٹ فیس کے توسیع کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سائنس و جنرل گروپ کے آن لائن امتحانی فارم 17فروری تک بغیر لیٹ فیس کے ساتھ جمع کئے جائیں گے اسکولوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے فیس واؤچر نیشنل بینک کی برانچوں میں جبکہ سیکریٹر ی بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کے نام پے آرڈر بنوا کر بورڈ کے اکاؤنٹ سیکشن کمرہ نمبر4میں بھی جمع کرا سکتے ہیں۔

گورنمنٹ بلدیہ،میونسپل کارپوریشن اور محکمہ محنت کے ماتحت آنے والے اسکول بھی آن لائن امتحانی فارم اسی شیڈول کے مطابق بغیر کسی فیس کے جمع کرا سکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق آن لائن امتحانی فارم بغیر لیٹ فیس کے11فروری سے 17فروری 2025ء تک جمع کئے جائیں گے

واضح رہے کہ پرائیویٹ اور ایسے طلباء وطالبات جو نہم جماعت 2024، گزشتہ سالوں میں ناکام، امپروومنٹ آف گریڈ، اضافی پرچے یا دیگر بورڈز کے امتحانات2025 میں شریک ہونا چاہتے ہیں وہ طلباء و طالبات امتحانی فارم بورڈ جمع کرواسکتے ہیں۔

لاہور: سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں انجری کا شکار ہونیوالے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کی جگہ سلیکشن کمیٹی نے 3 فاسٹ بولرز کو شامل کرنے پر غور شروع کردیا۔

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر کو ابتدائی طبی امداد فراہم کردی گئی ہے تاہم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حارث رؤف کو سینے کے نچلے حصے پر پٹھوں میں موچ آئی ہے، البتہ انکے میدان پر واپس آنے کا فیصلہ ڈاکٹرز کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
حارث رؤف نے اپنے کوٹے کے 6.2 اوورز میں 23 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی تھی، بعدازاں انکا اوور سلمان علی آغا نے مکمل کیا تھا۔

تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ سلیکشن کمیٹی نے سہ ملکی اور چیمپئینز ٹرافی کیلئے اسکواڈ میں محمد وسیم جونیئر، محمد علی اور عاکف جاوید کے ناموں پر غور شروع کردیا ہے۔

کئی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عاکف جاوید کو حارث روف کے متبادل کے طور پر شامل کیا جارہا ہے، جس کا اعلان آج متوقع ہے۔

دوسری جانب آئی سی سی کی ڈیڈلائن کے مطابق 11 فروری رات 12 بجے تک تمام ٹیمیں اپنے اسکواڈ میں تبدیلیاں کرسکتی ہیں تاہم اسکے بعد اسکواڈ میں تبدیلی کیلئے آئی سی سی کی ٹیکنیکل کیمٹی کی اجازت درکار ہوگی۔

کراچی میں ہونیوالے سہ ملکی سیریز اور چیمپئینز ٹرافی کےمیچز کیلئے کراچی پولیس نے ٹریفک پلان جاری کردیا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق کراچی میں میچز 12 سے 14 فروری، 19 سے 21 فروری اور یکم مارچ کو کھیلےجائیں گے، میچز کے دنوں میں سر شاہ سلیمان روڈ ٹریفک کے لیےکھلا رہےگا۔

کارساز سے آنے والے نیشنل کوچنگ سینٹر اور چائنا گراؤنڈ میں پارک کرسکیں گے، کارساز سے آنے والے فلائی اوور کے نیچے سے ہوتے ہوئے کوچنگ سینٹر اور چائنا گراونڈ پہنچیں گے۔
اسی طرح ملینیم سے آنے والے نیشنل کوچنگ سینٹر، چائنا گراؤنڈ میں گاڑیاں پارک کریں گے، نیو ٹاؤن سے آنے والے بھی نیشنل کوچنگ سینٹر، چائناگراؤنڈ میں گاڑیاں پارک کرسکیں گے۔

ٹریفک پولیس نے میچ کے دنوں میں ہیوی ٹریفک کو سہراب گوٹھ سے نیپا، لیاقت آباد نمبر10 سے حسن اسکوائر ڈائیورٹ کردیا ہے جبکہ پیپلز چورنگی چورنگی سے آنے والی ہیوی ٹریفک یونیورسٹی روڈ جاسکےگی۔

ٹریفک پلان کے مطابق کارساز سے اسٹیڈیم، ملینیم تا نیو ٹاؤن، اسٹیڈیم سگنل تا حسن اسکوائر سڑک ہیوی ٹریفک کے لیے بند ہوگی۔

ٹریفک پلان کے مطابق گاڑیاں مختص پارکنگ مقامات پر ہی پارک کی جائیں گی۔

ملک بھر میں میٹرک و انٹرمیڈیٹ کی اسناد کی تصدیق کرنے والے ادارے آئی بی ای سی (انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن) نے ڈیجیٹلائز سسٹم متعارف کروادیا ہے۔

اس نظام کے تحت ملک بھر کے 29 تعلیمی بورڈ سے میٹرک و انٹرمیڈیٹ کی اسناد کی تصدیق اب دستیاب آن لائن ڈیٹا اور پورٹل شیئرنگ کی بنیاد پر کی جائے گی اور اسی تصدیق کی بنیاد پر طلبہ کے میٹرک و انٹر کی دستاویزات کی کردی جائے گی

یہ نظام 16 فروری سے ملک بھر کے تعلیمی بورڈز اور یہاں سے میٹرک و انٹر کرنے والے طلبہ کے لیے لاگو ہوجائے گا

ایسے بورڈز جو ڈیجیٹل انفراسٹرکچر نہیں رکھتے اور ان کے پاس ڈیٹا آن لائن موجود نہیں ہے ایسے بورڈز کے لیے آئی بی سی سی نے اپنی ویب سائٹ پر ایک سہولت متعارف کرادی ہے جس سے بورڈ متعلقہ طالب علم کا ڈیٹا براہ راست آئی بی سی سی پورٹل پر اپ لوڈ کر سکتے ہیں جس سے تصدیق کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے یقینی بنایا جاسکے گا۔

آئی بی سی سی نے اعلان کیا ہےکہ 16 فروری 2025 سے بورڈ سے مہر بند لفافے میں تصدیق قبول کرنا بند کردیں گے اس تاریخ کے بعد سے صرف APIs کے ذریعے یا ویب سائٹ پر دی جانے والی سہولت کے ذریعے اپ لوڈ کردہ ڈیٹا کو ہی دستاویز کی تصدیق کے لیے مانا جائے گا۔

اس حوالےسےڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح نےمیڈیاکو بتایا کہ دستاویزات کی تصدیق کے عمل میں بہتر کارکردگی کے لیے آئی بی سی سی نے یہ قدم اٹھایا ہے اور بورڈز سے اسناد کی تصدیق کے مرحلے میں نمایاں تبدیلی کردی گئی ہے۔

سہ ملکی سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کو 6 وکٹ سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

لاہور میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، مقررہ 50 اوورز میں پروٹیز نے کیویز کے خلاف 6 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز اسکور کیے۔

نیوزی لینڈ نے 305 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور میں پورا کرلیا۔

اس سے قبل جنوبی افریقا نے پہلے کھیلتے ہوئے 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز اسکور کیے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے میچ میں میتھیو برٹزکے نے ڈیبیو پر 150 رنز بناکر ون ڈے کرکٹ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا، اس کے علاوہ ویان ملڈر 64 اور جیسن اسمتھ نے 41 رنز بنائے۔

کیوی بولرز میٹ ہینری اور ول او رورکی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

نیوزی لینڈ نے 305 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور میں پورا کرلیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کین ولیمسن نے113 گیندوں پر 133 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کے علاوہ کانوے 97 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ گلین فلپس نے28 رنز بنائے۔

واضح رہے کہ 3 ملکی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 78 رنز سے شکست دی تھی۔

نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 331 رنز کا ہدف دیا تھا، قومی ٹیم 252 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

کراچی: سونے کی قیمت میں ہوش رُبا اضافے کے بعد ملک میں سونے کی قیمت نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج سونے کی فی تولہ قیمت میں 4 ہزار روپے اضافہ ہوا۔

ملک میں آج سونے کی فی تولہ قیمت 3 لاکھ 3 ہزار روپے ہے۔

ملک میں 10 گرام سونے کی قیمت بھی 3 ہزار 429 روپے اضافے سے 2 لاکھ 59 ہزار 773 روپے ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی بازار میں سونےکی قیمت 42 ڈالر اضافے سے 2903 ڈالر فی اونس ہے۔

میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ ایمازون کے بانی جیف بیزوز کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔

بلومبرگ بلین ائیر انڈیکس کے مطابق مارک زکربرگ کے اثاثوں کی مالیت 252 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہے جبکہ جیف بیزوز 249 ارب ڈالرز کے مالک ہیں۔

ایلون مسک 402 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص ہیں۔

مارک زکربرگ میٹا کے 12.8 فیصد شیئرز کے مالک ہیں اور ان کی دولت میں اضافے یا کمی انحصار بھی کمپنی کے شیئرز پر ہے۔
2025 کے دوران مارک زکربرگ کی دولت میں 44.4 ارب ڈالرز کا حیران کن اضافہ ہوا ہے، درحقیقت ابھی تک وہ اس سال سب سے زیادہ کمانے والے فرد ہیں۔

اس سے قبل 2024 بھی دولت کے لحاظ سے مارک زکربرگ کے لیے بہت اچھا سال ثابت ہوا تھا۔

خیال رہے کہ مارک زکربرگ کچھ عرصے قبل دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں کافی نیچے چلے گئے تھے۔

2022 میں میٹا ورس کی تیاری کے لیے پرعزم مارک زکربرگ کو بہت زیادہ مالی نقصان ہوا تھا۔

درحقیقت ایک موقع پر تو ان کی دولت میں 100 ارب ڈالرز سے زیادہ کی کمی بھی آئی اور وہ دنیا کے 10 امیر ترین افراد سے باہر نکل گئے تھے۔

مارک زکربرگ کی دولت 2022 میں گھٹ کر 35 ارب ڈالرز سے بھی نیچے آگئی تھی کیونکہ اس وقت میٹا کے حصص کی قیمتوں میں تیزی سے کمی آئی تھی۔

مگر 2023 میں مارک زکربرگ نے اپنی توجہ حقیقی دنیا پر مرکوز کرتے ہوئے میٹا پلیٹ فارم کے اخراجات میں کمی لانے کے لیے اقدامات کیے جبکہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر زیادہ کام کیا۔

یہ اقدامات کمپنی کے لیے اب تک بہتر ثابت ہوئے ہیں۔

لاہور: نیشنل اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل ہونے کے بعد رنگا رنگ افتتاح کل ہوگا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ذاتی مانیٹرنگ جاری ہے، ورکرز کی دن رات محنت کی وجہ سے یہ منصوبہ 120روز میں مکمل ہوا ۔ تقریب میں معروف گلوکار شفقت امانت علی اور ساحر علی بگا اور دیگر اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔

آتش بازی اور لائٹس شو کا شاندار مظاہرہ بھی ہوگا، عوام کے لیے داخلہ مفت ہوگا۔

اس سے قبل 28 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کے تعمیراتی کاموں کا آغاز کیا گیا تھا، پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ وہ پوری ٹیم کی محنت کو سراہتے ہیں، نیشنل اسٹیڈیم کی تعمیر میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں جن میں پویلین عمارت کی مکمل دوبارہ تعمیر، ہر انکلوژر میں نئی کرسیاں، جدید ایل ای ڈی لائٹس، جدید اسکور اسکرینز اور شائقین کے بہتر ویو کے لیے جنگلے ختم کیے گئے ہیں۔

تمام ہاسپٹیلیٹی باکسز کی تزئین و آرائش کی گئی ہے، نئی رنگ روڈ اور پیڈسٹرین برج کی تعمیر کی گئی ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی تعمیر میں حصہ لینے والے تمام مزدوروں، اور پی سی بی کی پوری ٹیم کی محنت کو سراہتا ہوں۔ اس نئے اسٹیڈیم میں شائقین کرکٹ اور کھلاڑیوں کے لیے عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں اور چیمپئنز ٹرافی کے دوران کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کریں گے۔

لیبیا میں پاکستانی شہریوں کو لے جانے والی ایک اور کشتی حادثے کا شکار ہو گئی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے لیبیا میں ایک اور کشتی حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لیبیا کے ساحل کے قریب پاکستانی شہریوں کو لے جانے والی کشتی حادثے کا شکار ہوئی ہے۔

لیبیا میں پاکستانی سفارتخانے کے مطابق 65 مسافروں کو لے جانے والی کشتی مرسا ڈیلا کی بندرگاہ کے قریب الٹی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ طرابلس میں پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم زاویہ اسپتال روانہ کر دی گئی ہے، پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم مقامی حکام کی معاونت کرے گی۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے کرائسز مینجمنٹ یونٹ متحرک کر دیا گیا ہے اور کشتی حادثے میں متاثرہ پاکستانیوں کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مرسا ڈیلا بندرگاہ سے تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے بعد 10 لاشیں نکالی گئیں۔

لیبیا ہلال احمر کے مطابق زاویہ شہر میں مرسا ڈیلا بندرگاہ سے تارکین وطن کی لاشیں جمعرات کو نکالی گئیں، تارکین وطن کی لاشوں کوقانونی کارروائی کےلئےمقامی حکام کےسپرد کر دیا گیا ہے۔

لیبین میڈیا کے مطابق ہلال احمر نے کشتی ڈوبنے کی وجہ اور مسافروں کی شناخت نہیں بتائی۔

Page 4 of 2467