بدھ, 06 نومبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

ایمزٹی وی (تعلیم)آزاد کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد نے داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ کا اعلان کردیا۔ آزاد کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد (شعبہ امتحانات) کی پریس ریلیز کے مطابق ایم اے ،ایم ایس سی کے ضمنی امتحان2015و سالانہ امتحان 2016ء کیلئے داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کر دی گئی ہے ،نئی تاریخ کے مطابق عام فیس کے ساتھ داخلہ فارم کی تاریخ28اپریل سے بڑھا کر10مئی کر دی گئی ہے جبکہ لیٹ فیس کے ساتھ5مئی سے بڑھا کر 25مئی کر دی گئی ہے ۔

ایمزٹی وی (تعلیم) پنجاب ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے شعبہ تعلیم میں سیمینار کا انعقادکیا گیا۔ ۔سیمینارکا مقصد ہائرایجوکیشن کمیشن میں درس و تدریس، ذہنی مہارت اور اس کی تشخیص کو فروغ دینا تھا۔ سیمینارسے پروفیسر محمود الحسن ، وائس چانسلر یونیورسٹی ڈاکٹر ثمینہ ، ڈاکٹر نجیب اللہ اور ڈاکٹر ناصر نے خطاب کیا۔

ایمزٹی وی (پشا ور) پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 8ریکارڈ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں رات گئے زلزلے کے جھٹکوں سے خوف وہراس پھیل گیا۔ زلزلے کا دورانیہ کم تھا تاہم شدت زیادہ تھی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ آٹھ اور گہرائی 116 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔

پشاور، ملاکنڈ، سوات، شانگلہ،ایبٹ آباد، مانسہرہ،دیر لوئر،دیر اپر ، بٹگرام اور دیگر اضلاع میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق زلزلے سے پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے کسی ضلع میں جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی

ایمز ٹی وی (کھیل) پاکستان کپ میں آئے روز تنازعات جنم لے رہے ہیں اور کھلاڑی کھلے عام پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کررہے ہیں تاہم حکام کوئی کارروائی کرنے سے قاصر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں جاری پاکستان کپ کے اب تک 6 میچز ہوچکے ہیں لیکن آئے روز کھلاڑیوں کی جانب سے پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کی کھلے عام خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ یونس خان کے بعد احمد شہزاد اور اب عمراکمل تنازع کی زد میں آچکے ہیں جو فیصل آباد میں اسٹیج ڈرامے کے دوران کسی سے جھگڑ پڑے جس کا پی سی بی نے سختی سے نوٹس لے لیا۔ ذرائع کے مطابق جھگڑے کے دوران عمر اکمل کے ساتھ دیگر 4 کھلاڑی بھی موجود تھے جن میں بلاول بھٹی، اویس ضیا، محمد نواز اور شاہد یوسف شامل ہیں۔ دوسری جانب پی سی بی نے عمر اکمل کے جھگڑے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ اسٹیج ڈرامے کے دوران مبینہ جھگڑے کی اطلاعات پر تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اگر کھلاڑی اس میں ملوث پائے گئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی

ایمزٹی وی (لیہ )کروڑ لعل عیسن میں زہریلی مٹھائی کھانے سے مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ حلوائی نے دودھ میں غلطی سے ٹاٹری کی جگہ زہر کی پڑیا ڈال دینے کا اعتراف کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے لیہ کے نواحی علاقے کروڑ لعل عیسن میں شاہد نامی شخص نے بیٹے کی پیدائش پر اپنے قریبی رشتے داروں کو دعوت پر مدعو کیا تھا اور شاہد مبارکباد دینے آنے والوں کا منہ میٹھا کروارہا تھا، لڈو کھانے کے بعد 70 سے زائد افراد کی حالت غیر ہوگئی جنہیں لیہ، ملتان اور فیصل آباد کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں اب تک 25 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ 30 سے زائد اب بھی زیر علاج ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کے خون کے تجزیئے سے ڈاکٹروں کو پتہ چلا ہے کہ ان لوگوں کی اموات سیلفو لائل نامی کیمیکل سے ہوئی ہے جو کہ زرعی زمین میں خود رو پودوں کو تلف کرنے کے لیئے استعمال ہوتا ہے، اس کیمیکل پر ملک میں پابندی عائد ہے تاہم اس کے باوجود یہ ادویہ کی دکانوں پر کھلے عام دستیاب ہوتی ہے۔ میڈیا میں صورت حال سامنے آنے کے 4 روز بعد پنجاب حکومت خواب غفلت سے جاگی ہے اور صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین گزشتہ رات لیہ پہنچے ہیں جب کہ ڈائرکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی عائشہ ممتاز نے روایتی انداز میں دکانوں اور اسپتالوں میں چھاپے مارنے شروع کردیئے ہیں۔

ایمز ٹی وی (شانگلہ) بونیر سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی اور وزیر اعلیٰ کے مشیر خاص سردار سورن سنگھ کے قتل میں پیش رفت ، شانگلہ کے تحصیل پورن کےنائب ناظم عالم خان کو بھی قتل کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے ۔

عالم خان کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے ۔ عالم خان کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ۔ سردار سورن سنگھ کے قتل کے الزام میں سوات سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے مقامی رہنماء ضلعی کونسلر بلدیو کمار کو بریکوٹ سے پولیس نے گزشتہ روز گرفتار کیا تھا ۔ ڈی آئی جی ملاکنڈ رینج آزاد خان نے بلدیو کمار کے حراست میں لئے جانے کی تصدیق کردی ۔ ڈی آئی جی ملاکنڈ آزاد خان کے مطابق سردار سورن سنگھ کے قتل میں پہلے سے حراست میں لئے گئے افراد سے تفتیش کے بعد بلدیو کمار کو بھی شک کی بناء پر حراست میں لیا گیا ہے اور اُن سے تفتیش جاری ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جلد سے جلد اصل ملزمان تک پہنچ جائیں جس کے لئے مختلف زاویوں سے تفتیش جا ری ہے ۔

ایمزٹی وی (اسلام آباد)سپریم کورٹ نے وزارت داخلہ کے خلاف ماڈل ایان علی کی توہین عدالت کی درخواست نمٹاتے ہوئے ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا حکم دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے ماڈل ایان علی کی جانب سے ای سی ایل سے نام نکال کر دوبارہ ڈالنے پر وزارت داخلہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی۔ اس موقع پر ماڈل کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ نے سپریم کورٹ کے احکامات پر ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے بعد دوبارہ شامل کیا اور یہ صرف ان کے موکل کے ساتھ ہی نہیں بلکہ عدالت کے ساتھ بھی فراڈ ہے، کنفرم ٹکٹس کے باوجود ایان علی کو بیرون ملک جانے نہیں دیا گیا۔ وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ماڈل ایان علی نے بین الاقوامی معاہدے کر رکھے ہیں اور اگر وہ نہ گئیں تو انہیں 10 ملین ڈالرز کا جرمانہ ادا کرنا ہوگا اس لئے ان کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے۔ سماعت کے دوران جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ یہ ہائیکورٹ کا معاملہ ہے اور بہتر ہے کہ آپ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کے لئے ہائیکورٹ سے رجوع کریں۔ عدالت نے ماڈل ایان علی کی درخواست نمٹاتے ہوئے اپنے فیصلے میں کہا کہ ہائیکورٹ جلد سے جلد اس معاملے پر فیصلہ سنائے۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) آف ایشیا استنبول پراسسس کے اعلی حکام کا اجلاس کل نئی دلی میں ہوگا جس میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس کے اعلیٰ حکام کا چھٹا اجلاس کل بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں ہوگا جس میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ اعزا چوہدری کریں گے جو دیگر شریک ممالک کے ہم منصبوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے موقع پر پاک بھارت سیکرٹری خارجہ کی ملاقات کا بھی امکان ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہارٹ آف ایشیا پراسس میں ہمیشہ فعال کردار ادا کیا جس کا پانچواں اجلاس اسلام آباد میں ہوا جب کہ ہارٹ آف ایشیا افغانستان میں امن و استحکام کے لئے بھرپور انداز میں کام کر رہی ہے۔

ایمزٹی وی (اسلام آباد) پاکستان تحریک انصاف کے بانی ارکان نے عمران خان سے پارٹی کی چیرمین شپ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف بلوچستان کے پہلے صدر اور سابق مرکزی نائب صدر اکبر ایس بابر کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے 9 بانی ارکان نے عمران خان کو ایک خط لکھا ہے جس میں ان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پارٹی کو مکمل تباہی سے بچانے کے لئے وہ چیرمین شپ کے عہدے سے عارضی طور پر مستعفی ہو جائیں۔ تحریک انصاف بلوچستان کے سابق صدر کا کہنا تھا کہ انھوں نے پارٹی میں بڑے پیمانے پر پیسوں کی خردبرد کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں ایک کیس بھی دائر کر رکھا ہے جس میں انٹرا پارٹی الیکشن اور ٹکٹوں کی فراہمی کے موقع پر پارٹی کے فنڈ میں بے دریغ کرپشن کر کے تحریک انصاف کے بنیادی نظریات کی دھجیاں اڑانے کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت پر کرپشن میں ملوث ہونے کے الزامات لگاتے ہوئے اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ صوبے کے سابق احتساب کمشنر حامد خان نے جب وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے خلاف کرپشن کی تحقیقات شروع کیں تو انھیں استعفیٰ دینے پر مجبور کردیا گیا۔ عمران خان سے پارٹی چیرمین شپ چھوڑنے کا مطالبہ کرنے والوں میں ان کے کزن اور پی ٹی آئی پنجاب کے پہلے صدر سعیداللہ خان نیازی بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اٹک، مانسہرہ، راولپنڈی اور کراچی کے ضلعی صدور بھی عمران خان سے استعفے کا مطالبہ کرنے والوں میں شامل ہیں، تحریک انصاف برطانیہ کے صدر ایڈوکیٹ خواجہ امتیاز اور فاٹا کے اراکین بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

ایمزٹی وی(تعلیم) آغا خان میڈیکل یونیورسٹی میں طالب علم نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔ذرائع کے مطابق خودکشی کرنے والے طالب علم اسکول آف نرسنگ میں سیکنڈ ایئر کا طالب علم تھا جس بے مبینہ طور پر پنکھے سے لٹک کر خو دکشی کی جبکہ دوسری جانب یونیورسٹی انتطامیہ نے بھی طالب علم کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مقتول گلگت کا رہائشی تھا جو اسکالر شپ پر یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کررہا تھا۔ طالب علم نے 2014 میں نرسنگ اسکول میں داخلہ لیا اور اس کا کورس 2018 میں مکلم ہونا تھا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ کر لاش قبضے میں لے لی اور تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔