ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی) اینٹی کرپشن کورٹ نے کرپشن کیس میں سابق سیکرٹری تعلیم فضل اللہ پیچوہو پر فردِ جرم عائد کردی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق کراچی کی انسداد بدعنوانی عدالت میں محکمہ تعلیم سندھ میں کرپشن سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تو وکلاٗ کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے سابق سیکرٹری تعلیم فضل اللہ پیچوہو پر فردِ جرم عائد کردی جب کہ ملزم نے صحتِ جرم سے انکار کردیا جس پرعدالت نے گواہان کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 14اکتوبر تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ فضل اللہ پیچوہو رکن قومی اسمبلی عذرا پیچوہو کے شوہر اور آصف زرداری کے برادر نسبتی ہیں، وہ سرکاری اساتذہ کی جبری برطری اور رشوت کے کیس میں اس وقت ضمانت پر ہیں۔
ایمزٹی وی(مانٹرنگ ڈیسک) برطانوی دماغی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اسمارٹ فون اور دیگر دستی آلات پر بڑھتا ہوا انحصار ہماری یادداشت، معلومات جمع کرنے اور مسائل حل کرنے کے لیے سوچ بچار کی صلاحیت شدید متاثر کررہا ہے۔ اسی لیے ممتاز دماغی ماہر نے خبردار کیا ہے کہ اسمارٹ فون کا بے تحاشا استعمال اور اس پر انحصار ہمیں غبی اور کند ذہن بنارہا ہے۔ دماغی ماہر ڈاکٹر سوسن گرین فیلڈ نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کا بڑھتا ہوا استعمال آج کی نسل کو شدید متاثر کررہا ہے اور ان میں معلومات جمع کرنے اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت اور محنت میں کمی واقع ہورہی ہے۔ آکسفورڈ یونیورسٹی میں واقع لنکن کالج سے وابستہ ماہرین نے کہا ہے کہ اب نام یاد رکھنا اور سالگرہیں ازبر کرنا صرف ایک کلک کے حوالے کردیا گیا ہے۔ دماغ مسلسل مشق سے سیکھتا ہے اور اس میں حقائق جمع کرنے کی کوشش نہ کی جائے تو یہ دماغی صلاحیت بتدریج کمزور ہوتی جاتی ہے۔ دوسری جانب سوسن گرین فیلڈ نے خبردار کیا ہے کہ نوجوان نسل اصل دنیا میں سیکھنے، کھیلنے اور معاشرے کا حصہ بننے کی بجائے اسکرین میں قید ہوکر رہ گئی ہے۔ گویا ہم نے سوچنے سمجھنے کا کام مشینوں اور اسمارٹ فونز کے سپرد کردیا ہے۔ اس طرح دھیرےدھیرے زندگی کے پیچیدہ مسائل پر ہماری گرفت کمزور ہوتی جائے گی اور ہماری نسل تیزی سےاس جانب بڑھ رہی ہے۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس) شاہد آفریدی اور مصباح الحق نے عوام کی محبتیں سمیٹ لیں، ورلڈ الیون کیخلاف میچ کے وقفے میں دونوں سابق کپتانوں نے رکشے میں میدان کا چکر لگایا۔ شاہد آفریدی نے گزشتہ برس پاکستان کرکٹ بورڈ سے الوداعی میچ کھیلنے کا موقع دینے کی درخواست کی تھی لیکن اس پر غور نہیں کیا گیا، اس کے بعد ایک تجویز یہ بھی آئی کہ انھیں ورلڈ الیون میں شامل کردیا جائے، جواب میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ سابق آل راؤنڈر ریٹائر ہوچکے ہیں میچ تو نہیں کھیل سکتے انھیں فیئرویل ضرور دیں گے۔ شاہد آفریدی نے آزادی کپ سیریز کا ایک میچ شائقین کے درمیان بیٹھ کر دیکھااور کہا کہ وہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی پر خوش اور اس کھیل کو سپورٹ کرنے کے لیے آئے ہیں، پی سی بی کی جانب سے شاہد آفریدی کو کہا گیا کہ اگر وہ الوداعی تقریب میں شریک نہیں ہونا چاہتے تو تیسرے میچ میں گراؤنڈ کا چکر لگائیں اور شائقین کی سپورٹ پر ان کا شکریہ ادا کریں جس پر وہ آمادہ ہو گئے، تاہم بعد ازاں تیسرے میچ میں گراؤنڈ کے راؤنڈ کو الوداعی تقریب میں شرکت سے مشروط کیا گیا تھا جس پر انھوں نے ناراضی کا اظہار کیا، جمعرات کو پی سی بی ایوارڈز کی تقریب میں انھیں، یونس خان اور مصباح الحق کو بلایا گیا تھا لیکن صرف مصباح الحق شریک ہوئے اور ایک کروڑ کا چیک وصول کیا،شاہد آفریدی اور یونس خان کے نہ آنے پر نجم سیٹھی نے دونوں کرکٹرز کو دیے جانے والے ایک ایک کروڑ روپے ایدھی فاؤنڈیشن کو عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔ گزشتہ روز بورڈ کو غلطی کا احساس ہوا اور شاہد آفریدی کو مدعو کر لیا جس پر انھوں نے قذافی اسٹیڈیم آنے پر رضامندی ظاہر کر دی۔سابق کپتان شاہد آفریدی ورلڈ الیون اور پاکستان ٹیم کے مابین آزادی کپ سیریز کا آخری میچ دیکھنے کیلیے گزشتہ روز اسٹیڈیم میں آئے، انھوں نے ٹرک آرٹ سے مزین رکشے میں میدان کا چکر لگاتے ہوئے طویل کیریئر کے دوران بے پناہ محبت دینے والے شائقین کا شکریہ ادا کیا، اس دوران اسٹیڈیم تالیوں سے گونجتا رہا۔ شاہد آفریدی کے بعد مصباح الحق نے بھی اسی انداز میں شائقین سے داد وصول کی،دونوں کرکٹرز میدان کا چکر مکمل کرنے کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملے اور گروپ فوٹو بنوائی، بعد ازاں تالیوں کی گونج میں میدان سے باہر گئے، دونوں نے سیاہ رنگ کے شلوار سوٹ پہن رکھے تھے۔
ایمزٹی وی (اسپورٹس)ورلڈ الیون کے کھلاڑی آزادی کپ کھیلنے کے بعد سخت سیکورٹی میں دبئی روانہ ہوگئے جہاں سے وہ اپنے اپنے ممالک چلے جائیں گے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق تین میچوں پرمشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اختتام پذیرہوتے ہی ورلڈ الیون کے انٹرنیشنل کرکٹرزلاہورسے غیرملکی ائرلائن کی پروازای کے 625 کے ذریعے دبئی روانہ ہوگئے۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کو سخت سیکورٹی حصار میں نجی ہوٹل سے علامہ اقبال ایئرپورٹ پہنچایا گیا۔ کھلاڑیوں کے لیے خصوصی بلٹ پروف بسوں کا انتظام کیا گیا تھا جب کہ ہوٹل سے ایئرپورٹ روانگی کے دوران گورنر ہاوس اورمال روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا تھا اور رینجرز کے ساتھ ساتھ اضافی پولیس اہلکار روٹ پر تعینات کیے گئے تھے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان گزشتہ شب سیریز کا فائنل کھیلا گیا جس میں قومی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح حاصل کی۔