جمعہ, 17 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(صحت)خیبرپختونخوا کے صوبائی دارلحکومت میں ڈینگی مچھر نے اب تک 27افراد کی جان لے لی ہے اور سینکڑوں افراد روزانہ کی بنیاد پر ہسپتالوں میں داخل ہورہے ہیں لیکن اب پشاور میں ڈینگی لانے والی فیملی پکڑی گئی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر ڈاکٹرشہزاد اکبر نے بتایاکہ شاپنگ بیگ میں ڈینگی مچھر کو ڈال کر گھومنے والی فیملی کو پکڑلیا،اس فیملی کو سی سی ٹی وی ویڈیو کے ذریعے پکڑاگیا۔
انہوں نے بتایاکہ پوچھ گچھ پر فیملی نے بتایاکہ ڈینگی مچھر لانے پر انہیں پیسے دینے کا کہاگیا اور پھر تنبیہ کے بعد پشتخرہ سے تعلق رکھنے والی اس فیملی کو چھوڑ دیاگیا۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ یہ واضح نہیں کیاگیا کہ پیسے کس نے دینے تھے ۔

 

 

ایمزٹی وی(کوئٹہ)مشال خان قتل کیس میں عدالت نے گرفتار 57 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ہری پوری جیل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مشال قتل کیس کی سماعت ہوئی جس میں 57 گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا،عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کردی جب کہ کیس باقاعدہ ٹرائل کل سے شروع ہوگا۔
واضح رہے کہ 14 اپریل کو مردان کی عبدالولی خان یونیورسٹی میں مشتعل طلبا کے ہجوم نے طالب علم مشال خان پر توہین مذہب کا الزام لگا کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

 

 

 
ایمزٹی وی(لاہور)لاہورکی احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے خلاف پیپکومیں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے راجا پرویز اشرف پر فرد جرم عائد کردی، دیگر افراد میں محمد ابراھیم، حشمت علی کاظمی، طاہر بشارت چیمہ، ملک محمد رضی عباس، سلیم عارت، وزیرعلی اور شاہد رفیع شامل ہیں۔ تاہم راجا پرویز اشرف نے صحت جرم سے انکار کردیا ہے اور کہا ہے کہ میں نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا عوام کو نوکری دینا کوئی جرم نہیں۔
عدالت نے شہادتیں ریکارڈ کروانے کے لئے مزید گواہان کو بھی طلب کرلیا ہے جب کہ نیب کو آئندہ سماعت پر ریفرنس کی صاف کاپیاں فراہم کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 7 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
کیس کی سماعت کے بعد راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ جب میرے خلاف نیب نے ریفرنس دائر کیا تھا تو میرا نام بھی ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا لیکن اس کے برعکس جب نوازشریف کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا تو انہیں ہر چیز سے بری کر دیا گیا اب ملک میں غیر یقینی صورتحال ہے اور حکومت کو لندن میں چلایا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اتفاق کی بات ہے کہ آج میری بھی احتساب عدالت میں پیشی تھی اور نوازشریف کو بھی عدالت کے روبرو پیش ہونا تھا لیکن فرق صاف واضح ہے کہ عدالتوں پر حملہ کرنے والے عدالتوں کو خاطر میں نہیں لاتے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت 8 افراد پر گیپکو اسکینڈل میں 437 افراد کو میرٹ سے ہٹ کرغیرقانونی طریقے سے بھرتی کرنے کا الزام تھا اور ان کےخلاف نیب نے 2016 میں ریفرنس دائر کیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/سکھر)ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ سکھر کے متعلقہ تمام تعلیمی اداروں / اسکولوں میں ایس ایس سی پارٹ ٹو(میٹرک ) کے سپلیمنٹری امتحانات 9اکتوبر سے شروع ہونگے جوکہ 14اکتوبرتک جار ی رہیں گے۔
اعلامیہ کے مطابق تمام طلبہ و طالبات کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ مذکورہ ٹائم ٹیبل متعلقہ اسکولوں اور سینٹرز سے حاصل کرسکتے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم)سندھ حکومت، صوبے کے سرکاری اسکولوں اور کالجوں میں میٹرک اور انٹر کے طلبہ کی انرولمنٹ اور امتحانی فیس کی رقم2 ارب روپے تعلیمی بورڈز کو جاری نہیں کرسکی ہے جس کی وجہ سے سندھ کے تعلیمی بورڈز میں مالی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہوگیا ہے
سندھ حکومت نے صوبے کے سرکاری اسکولوں اور کالجوں میں میٹرک اور انٹر کے طلبہ کی انرولمنٹ اور امتحانی فیس دینے کا اعلان بجٹ میں کیا تھا ساتھ ہی اے ون گریڈ طلبہ کو ایک لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان ہوا تھا مگر اس پر عمل نہیں ہوا۔
وزیر اعلیٰ ہاوس کے ڈپٹی سکریٹری بورڈذ و جامعات شفیع کے قریبی زرائع نے بتایا کہ دو ارب روپے کی سمری محکمہ خزانہ کو بھیجی گئی تھی تاہم محکمہ خزانہ نے ایک ارب روپے کی کٹوتی کر کے ایک ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دیدی ہے لیکن تعلیمی بورڈز ادھی رقم لے کر کیا کریں گے ملازمین کو تنخواہیں کیسے دیں گے امتحانات کیسے کرائیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے انٹربورڈ کراچی کے عملے کو پوچھ گچھ اور معلومات کے نام پر بار بار بلانے سے انٹرپری انجینئرنگ پارٹ۔II اور انٹر کامرس پارٹ۔II کے نتائج تاخیر کا شکار ہوگئے ہیں۔
چیئرمین انٹر بورڈ کراچی پروفیسر انعام نے اس ساری صورتحال کا ذمہ دار محکمہ اینٹی کرپشن کو قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ہم اسٹرینگ کمیٹی کی طے شدہ تاریخ 19 ستمبر تک تمام نتائج دینے کے پابند تھے مگر اینٹی کرپشن نے بار بار امتحانی عملے کو بلا کر تنگ کیا جس کی وجہ سے پری انجینئرنگ کے نتائج کی تیاری پر برا اثر پڑا تاہم اب کوشش ہے کہ ایک ہفتے کے اندر پری انجینئرنگ کے نتائج جاری کر دیں۔
انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے انھوں نے سکریٹری بورڈ اور یونیورسٹیز کو خط بھی لکھا جس میں بتایا گیا ہے کہ وہ نتائج وقت پر دینے سے قاصر ہیں کیوں کہ محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے انٹربورڈ کراچی کے عملے کو پوچھ گچھ اور معلومات کے نام پر بار بار بلا رہا ہے۔
ادھر چیئرمین بورڈ نے مزید بتایا کہ محکمہ اینٹی کرپشن نے سابق کنٹرولر محمد عمران چشتی کے دور کی 55 ہزار کاپیاں واپس لے جانے کا خط بھیجا ہے انہیں ان کاپیوں میں کچھ نہیں مل سکا ہے۔ واضح رہے کہ اے ون اور اے گریڈ کے طلبہ کی 55ہزار کاپیاں گزشتہ سال محکمہ اینٹی کرپشن کا عملہ اپنے ساتھ لے گیاتھا تاکہ کرپشن کا پتہ لگا سکے لیکن ایسا نہ ہو سکا اور محکمہ اینٹی کرپشن نے سب ٹھیک قرار دیدیا۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)داؤد یونیورسٹی میں وائس چانسلر فیض اللہ عباسی کےزیرصدارت چیئرپرسنز اجلاس ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاضری پالیسی کے مطابق تمام طلباء کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ تمام کلاسز میں اپنی حاضری یقینی بنانے کے سلسلے کو جاری رکھیں کیونکہ انتظامیہ کی جانب سے پالیسی میں واضح کردہ لازمی 75؍ فیصد حاضری کے قواعد پر پورا نہ اُترنے والے طلبہ و طالبات کے والدین کو طلباء کی حاضری کی صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا اور انتہائی کم حاضری کے نتیجے میں طالبعلم کو ٹرم بیک بھی کیا جاسکتا ہے۔
جس میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر پیر روشن دین شاہ راشدی ، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو ، اکیڈمک کوآرڈینٹر ڈاکٹر دوست علی خواجہ ، رجسٹرار کیپٹن (ر) سید وقار حسین شاہ، تمام شعبوں کے چیئرپرسنز اور ڈائریکٹرز نے شرکت کی ۔
طلباء کی کم حاضری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، داؤد یونیورسٹی کم حاضری پر والدین کو آگاہ کیا جائے گا ، طالبعلم کو ٹرم بیک بھی کیا جاسکتاہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)چیمپئنز ٹرافی اور آزادی کپ 2017ء میں کامیابی کے بعد قومی شاہین پھر سے ایکشن میں آنے کے لئے تیار ہو گئے۔ سری لنکا کے خلاف سیریز کی تیاری کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ شروع ہو گیا ہے۔
شاہین سری لنکن ٹائیگرز کو قابو کرنے کے گر سیکھیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے تیاریاں شروع ہو چکی ہیں جبکہ ٹریننگ کا سیشن صبح دس بجے سے دوپہر ایک بجے تک جاری رہے گا۔
اٹھارہ رکنی قومی اسکواڈ کوچز کی نگرانی میں گر سیکھیں گے۔ کیمپ میں بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ اور خاص طور پر فزیکل فٹنس پر توجہ دی جائے گی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز اٹھائیس ستمبر سے شیڈول ہے۔

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)تحریک انصاف کی منحرف رہنما عائشہ گلا لئی نے ایک بار پھر عمران خان پر منشیات کے عادی ہونے کا الزام لگا دیا ۔ان کا کہنا ہے کہ عمران خان منشیات کے عادی ہیں ،ایسے شخص کو پاکستان سنبھالنے کی ذمہ داری دی گئی تو اس ملک کا اللہ ہی حافظ ہے ۔
اسلام آباد میں میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ ایسا قانون متعارف کرایا جائے کہ انتخاب میں حصہ لینے والے امید واروں اور سیاسی لیڈرشپ کے ڈوپ ٹیسٹ ہوسکیں تاکہ جذباتی طور پر غیر مستحکم شخص عوامی نمائندہ نہ بن سکے ۔عائشہ گلا لئی نے کہا کہ منشیات کے عادی شخص کو ملک سنبھالنے دیا گیا تو نیو کلیئر پاور کے حامل پاکستان کا اللہ ہی حافظ ہے ۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے اہم کردار گلو بٹ نے ن لیگ سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔ گلو بٹ نے کہا کہ میری جان کو خطرہ ہے گھر سے باہر نہیں نکل سکتا، نواز شریف شہباز شریف مجھے مروانا چاہتے ہیں، میرا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے، میں صرف ایک سماجی کارکن ہوں۔
ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ پی اے ٹی کے کارکنوں نے مجھے مارا جس کا غصہ گاڑیوں پر نکالا تھا، پاکستان میں تمام سیاستدان چور ہیں، پانامہ کیس میں ملوث تمام کرداروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، ماڈل ٹاﺅن والے اقدام پر پوری قوم سے معافی مانگتا ہوں