ایمزٹی وی (اسپورٹس)پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں کرکٹرخالد لطیف کو5 سال پابندی کی سزاسنا دی گئی ہے جب کہ انہیں 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی اداکرنا ہوگا۔
پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے دوران اسپاٹ فکسنگ کے الزامات میں معطل کرکٹر خالد لطیف کو اینٹی کرپشن ٹریبیونل نے سزا سناتے ہوئے 5 سال کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کردی ہے جب کہ کرکٹر کو 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی دینا ہو گا۔ یہ مدت پوری کرنے اور جرمانہ ادا کرنے کے بعد ہی وہ کرکٹ کے میدانوں میں واپس آسکیں گے جب کہ کرکٹر کو تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد 14روز میں اپیل کا حق حاصل ہوگا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنر پر کوڈ آف کنڈکٹ کی 5 شقوں کی خلاف ورزی کےساتھ دیگر کرکٹرز کو فکسنگ پر اکسانے کا الزام بھی تھا۔انہوں نے کئی بار پی سی بی اینٹی کرپشن ٹریبیونل کا بائیکاٹ بھی کیا، کارروائی رکوانے کیلیے ہائیکورٹ میں درخواست دی جو مسترد ہوگئی، اسی عدالت میں اپیل کا فیصلہ بھی حق میں نہ ہوا۔
اسی کیس میں ملوث شرجیل خان کو ڈھائی سال معطل سمیت 5 سال پابندی کی سزا سنائی جاچکی ہے،ان پر 5 شقوں کی خلاف ورزی کا الزام تھا لیکن دیگر کرکٹرز کو اکسانے کی وجہ سے خالد لطیف کا معاملہ زیادہ سنگین تھا،اس لئے ان کی پابندی میں معطل سزا شامل نہیں اور جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔
ایمزٹی وی(راولپنڈی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی عدالت سے سزا یافتہ 4 دہشت گردوں کی سزائے موت کی تصدیق کردی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید چار دہشت گردوں کی سزائے موت کی تصدیق کردی جنہیں فوجی عدالتوں نے ٹرائل کے بعد سزائے موت سنائی تھی۔
چاروں مجرم فورسز پر حملوں اور سپاہیوں کو ذبح کرنے میں ملوث تھے اور انہوں نے فوجی عدالتوں میں اپنے جرائم کا اعتراف کیا تھا۔ مجموعی طور پر دہشت گردوں نے 21 افراد کو قتل کیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا تھا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شبیر احمد ولد محمد شفیق پر میجر عدنان سمیت دس فوجیوں کے قتل اور 4 سپاہیوں کو اغوا کرکے ان کے گلے کاٹنے کا جرم ثابت ہوا۔ عمارا خان ولد احمد خان نے تین فوجیوں کو قتل اور گرلز پرائمری اسکول کو تباہ کیا تھا۔ طاہر علی ولد سید نبی دو سپاہیوں کے قتل میں جبکہ آفتاب الدین ولد فرخ زادہ پولیس افسر کی ہلاکت میں ملوث تھا
ایمزٹی وی(تعلیم/ سندھ)گورنر سندھ محمد زبیر نے کھارادر جنرل اسپتال کا دورہ کیا ، اسپتال میں موجود مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں سے علاج معالجہ کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
اس موقع پر اسپتال کے صدر بشیر جان محمد ،مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ اور معروف ماہر امراض اطفال پروفیسر عبدالغفار بلو،اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر خالد اقبال صنعت کار عارف حبیب بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کے قدیم علاقہ میں رعایتی فیس پر طبی خدمات کی فراہمی کھارادر جنرل اسپتال کا قابل تحسین اقدام ہے ۔
اس موقع پر اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر خالد اقبال نے گورنرسندھ کو اسپتال کی تاریخ، فراہم کی جانے والی سہولیات اور مستقبل میں توسیع کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
ایمزٹی وی(تعلیم/سندھ)صوبائی حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث سندھ کی چھ میڈیکل اورڈینٹل جامعات و کالجوں میں داخلوں کے لئے فارم دستیاب ہی نہیں ہیں۔
جس کی وجہ سے امیدواروں کو پریشانی کا سامنا ہے داخلوں کا آغاز 15ستمبر سے ہونا تھا جب کہ تحریری ٹیسٹ ڈاؤمیڈیکل یونیورسٹی، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی، لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو،شہیدبے نظیربھٹویونیورسٹی لیاری اور شہیدبے نظیربھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کےلیے اتوار22 اکتوبرکومنعقد ہوں گے جس کے لیے فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ منگل 3اکتوبر مقررکی گئی ہے داخلہ فارم 15ستمبر سےجاری ہونا تھے اور یہ فارم نجی ڈاک کمپنی میں دستیاب نہیں ہیں ۔
ایمزٹی وی (تعلیم/ کراچی)ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ حیدرآباد کے تحت سیکنڈری اسکول سر ٹیفکیٹ پارٹ ون (نویں جماعت ) کے سالانہ امتحان 2018ءکے انرولمنٹ / رجسٹریشن فارم 600 روپے بغیر لیٹ فیس کے ساتھ 5 اکتوبر 2017ءتک وصول کیے جائیں گے جبکہ 200 روپے لیٹ فیس کے ساتھ 25 اکتوبر‘ 400 روپے لیٹ فیس کے ساتھ 7 نومبر‘ 600 روپے لیٹ فیس کے ساتھ 20 نومبر‘ 800 روپے لیٹ فیس کے ساتھ4 دسمبر اور ایک ہزار روپے لیٹ فیس کے ساتھ 18 دسمبر 2017ءتک فارم وصول کیے جائیں گے جبکہ تمام گروپس کے پرائیویٹ امیدواروں کےلئے رجسٹریشن فیس بشمول فارم فیس 1565 روپے مقرر کی گئی ہے
ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)وفاقی اردو یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہا ہے کہ کلیہ فارمیسی سمیت جامعہ کے تمام شعبہ جات کے مسائل جلد از جلد حل کر دیئے جائیں گے۔
کلیہ فارمیسی کے اساتذہ سے ہونے والی ملاقات میں انہو ں نے کہا کہ کلیہ فارمیسی کے مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں اور پاکستان فارمیسی کونسل سے الحاق کا معاملہ بھی جلد از جلدطے کرایا جائے گا تاکہ طلباء کا مستقبل محفوظ رہ سکے۔ ملاقات کے دوران ان کے ہمراہ رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر فہیم الدین بھی موجود تھے۔ شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبا ل سےمختلف طلبہ تنظیموں کے وفود نے بھی ملاقات کی ۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)ہائی کورٹ نے چیرمین تحریک انصاف عمران خان کو جاری قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کردیے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بنچ نے عمران خان کی الیکشن کمیشن میں توہین عدالت کی کارروائی کے خلاف درخواست پر سماعت کی، اس موقع پر عمران خان کے وکیل بابر اعوان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ایک ہی پارٹی کا ٹرائل کر رہا ہے، اس درخواست پر نوٹس ہوا جو درخواست گزار نے واپس لے لی تھی، حلقہ این اے 120 میں الیکشن کمیشن کو بہت سی شکایات موصول ہوئیں لیکن الیکشن کمیشن نے شکایات کا کوئی نوٹس نہیں لیا۔ بابر اعوان کا دلائل میں کہنا تھا کہ آرٹیکل 6 کے تحت الیکشن کمیشن کسی کو بلا سکتا نا اہل نہیں کرسکتا، عمران خان کے خلاف کسی عدالت میں نااہلی کی کیس سرے سے ہی نہیں۔
عدالت نے عمران خان کو جاری الیکشن کمیشن کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کرکے الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری شو کاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کردی۔
ایمزٹی وی (تجارت)قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران چین کے ساتھ گزشتہ 5 سال کے تجارتی خسارے کی تفصیلات ایوان میں پیش کی گئیں۔ وفاقی وزیر تجارت محمد پرویز ملک نے تحریری جواب جمع کراتے ہوئے انکشاف کیا کہ 5 سال میں چین کیساتھ تجارتی خسارے میں 3 گنا اضافہ ہوگیا جس کے نتیجے میں خسارہ 12 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
وزیر تجارت پرویز ملک نے بتایا کہ 2016-17 میں چین کے ساتھ تجارتی خسارہ 12 ارب 67 کروڑ ڈالر ہوگیا جو ایک سال پہلے 16-2015 میں 10 ارب 43 کروڑ ڈالر تھا۔ تحریری جواب میں بتایا گیا کہ 15-2014 میں چین کے ساتھ پاکستان کا تجارتی خسارہ 8 ارب ڈالر اور 14-2013 میں 5 ارب 35 کروڑ ڈالر رہا جبکہ 13-2012 میں یہ خسارہ 4 ارب ڈالر تھا۔
وزیر تجارت کے مطابق بھارت کے ساتھ تجارت میں بھی پاکستان مسلسل خسارے میں جارہا ہے۔ چار سال میں بھارت سے 7 ارب 34 کروڑ ڈالر کا سامان منگوایا گیا اور اس کے ساتھ تجارتی خسارہ 5 ارب 94 کروڑ ڈالر رہا۔
ایمزٹی وی(کراچی)شارع فیصل پرنرسری کےمقام پر واقع کاسمیٹکس کےکارخانے میں دھماکے کے نتیجے میں ایک ملازم جھلس کر جاں بحق ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے شارع فیصل پر واقع کاسمیٹک فیکٹری میں زورداردھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ گودام سے متصل نجی اسکول کی دیوار اورارد گرد موجود عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کا عملہ موقع پرپہنچ گیا اور دو گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
چیف فائر آفیسر تحسین صدیقی نے میڈیا کو بتایا کہ واقعے میں سلمان سولنگی نامیman فیکٹری کا ملازم جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ کولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد واقعے کی دیگر پہلوؤں سے تحقیقات کی جائے گی۔
ڈی ایس پی بہادرآباد پولیس اسٹیشن اظہار لاہوری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی طورپر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ معلوم ہوئی ہے، گودام میں کیمیائی سامان موجود تھا جس سے دھماکا ہوا تاہم مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
کاسمیٹک کمپنی کے منیجر افتخار جعفری نے کہا کہ دھماکا عمارت کے باہر ہوا ہے، وئیرہاؤس کی عمارت کو دھماکے سے نقصان ہوا اورآگ لگی، ہماری مصنوعات جہاں رکھی ہے وہ کمرہ اب بھی محفوظ ہے۔ ہمیں خدشہ ہے کہ دھماکا خیز مواد فیکٹری کی دیوار کے ساتھ لگایا گیا تھا
ایمزٹی وی(نیویارک)عالمی رہنماؤں نے میانمار سے فوجی آپریشن بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خاتون رہنما آنگ سان سوچی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
میانمار کی حکمراں جماعت کی رہنما آنگ سان سوچی نے گزشتہ روز قوم سے خطاب کرتے ہوئے فوجی مظالم پر خاموشی اختیار کی۔ نوبل انعام یافتہ رہنما کے اس رویہ پر عالمی رہنماؤں نے سخت مایوسی کا اظہار کیا۔ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے سوچی کو فون کرکے ان پر زور دیا کہ روہنگیا مہاجرین کو انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سدباب کیا جائے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ میانمار میں فوجی آپریشن بند کیا جائے اور انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں سلامتی کونسل میں بھی قرارداد پیش کریں گے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے بھی میانمار حکومت پر فوجی آپریشن بند کرنے کے لیے زور دیا۔ ادھر ترک صدر رجب طیب اردوان نے بین الاقوامی برادری سے اس بحران پر اقدام کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس انسانی المیہ کو نہ روکا گیا تو انسانی تاریخ میں ایک اور شرمناک سیاہ باب کا اضافہ ہوجائے گا۔
برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے بھی ریاست راکھائن میں فوجی آپریشن بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ برطانیہ نے تشدد کی وجہ سے میانمار کی فوج کیلئے تربیتی کورسز بھی بند کردیے ہیں۔
انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سوچی کی تقریر کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سوچی نے خود مظلوم کو ہی مورد الزام ٹہرادیا۔ ایمنسٹی نے کہا کہ سوچی نے فوجی مظالم کو نظرانداز کرکے اپنا سر ریت میں دبا لیا ہے۔ واضح رہے کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں ہزاروں ملسمان شہید اور لاکھوں ہجرت پر مجبور ہوگئے ہیں۔