اتوار, 12 جنوری 2025

 


ایمزٹی وی (نئی دہلی)بھارت نے جنوبی ایشیائی ممالک کی سہولت کے لئے اپنا مواصلاتی سیٹلائٹ خلا میں چھوڑ دیا۔یہ سیٹلائٹ جنوبی بھارت میں واقع سِری ہری کوٹا سپیس سینٹر سے چھوڑا گیا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے خطے میں خیر سگالی کے فروغ کی کوششوں اور چین کے اثر و رسوخ کو کم کرنے کیلئے موصلاتی سیٹلائٹ خلا میں چھوڑا ہے۔اب تک افغانستان، بنگلہ دیش، بھوٹان، نیپال، سری لنکا اور مالدیپ نے اس سیٹلائٹ کو استعمال کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جبکہ پاکستان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے سیٹلائٹ پر کام کر رہا ہے اور بھارتی سیٹلائٹ استعمال نہیں کرے گا۔

بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ساوتھ ایشیا سیٹلائٹ کے ذریعے اس میں شامل ممالک کو ٹیلی وژن سروسز، بینک کے اے ٹی ایمز اور ای گورننس کے لیے مواصلاتی ٹیکنالوجی میسر آئیں گی اور یہ سیٹلائٹ موبائل فون کمپنیوں کے بطوربیک اپ بھی کام کرے گا، بالخصوص ان مقامات کے لیے جہاں کی ٹیرسٹریل کَنیکٹیوٹی کمزور ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) رواں مالی سال کے ابتدائی 10ماہ میں سیمنٹ کی فروخت ریکارڈ 33.88 ملین ٹن رہی۔ لیکن سیمنٹ کی برآمدات مسلسل کمی کا شکارہےجبکہ مقامی کھپت میں اضافے کے باوجود برآمدات متواتر کم ہورہی ہیں۔ حکومت کو برآمدات بڑھانے کے لیے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔
مقامی کھپت 29.871ملین ٹن،جبکہ برآمدات صرف 4.01ملین ٹن تک رہی ہیں۔ گزشتہ برس اسی مدت میں سیمنٹ کی فروخت 31.901 ملین ٹن تھیں۔ اس میں مقامی کھپت 26.973ملین ٹن اور برآمدات 4.928 ملین تھیں۔جولائی تا اپریل 2017ء کے دوران سیمنٹ کی مقامی کھپت میں 10.74فیصد اضافہ ہوا جبکہ برآمدات میں 18.63 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
برآمدات میں وسیع پیمانے پر کمی کی وجہ سے سیمنٹ کی فروخت میں اضافہ صرف 6.21 فیصد ہوا۔اے پی سی ایم اے ترجمان نے کہا کہ سیمنٹ کی مقامی فروخت اور کھپت انڈسٹری کے لیے مثبت پہلو ہے، تاہم اس کے باوجود ہم برآمدات میں تیزی سے کمی کو نظر انداز نہیں کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب سیمنٹ کی برآمدات 10 ملین ٹن سے زیادہ پہنچ گئی تھیں اور اب یہ کم ہوکر صرف پانچ ملین ٹن تک رہ گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انڈسٹری اضافی گنجائش کے ساتھ کام کررہی ہے اور کارخانوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے تاکہ تعمیراتی سرگرمیوں میں متوقع اضافے کے مطابق کام ہو۔ اگر سیمنٹ برآمدات میں اسی طرح کمی جاری رہی تو گنجائش میں نیا اضافہ رک جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پالیسی سازوں کو برآمدات میں کمی کی وجہ سے سیمنٹ انڈسٹری کو پیش آنے والی مشکلات سے آگاہ کردیا گیا ہے تاکہ سیمنٹ برآمدات کی بحالی کو ممکن بنایا جاسکے۔اے پی سی ایم اے کے ترجمان نے کہا کہ سیمنٹ اور کلنکر مقامی طور پر تیار کئے جاتے ہیں اور پاکستان میں وسیع پیمانے پر موجود ہیں۔
 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 6ماہ کی کم ترین سطح 44ڈالر 15 سینٹس فی بیرل تک گر گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل کے ذخائر بلند ترین سطح پر ہونے کے سبب گراوٹ دیکھی جارہی ہے ۔
عالمی مارکیٹ میں گذشتہ روز خام تیل کی بڑھتی سپلائی اور امریکہ میں روزگار کے اعدادوشمار بہتر ہونے کی توقع پر مارکیٹ میں فروخت کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔
گذشتہ روز نیویارک سیشن کے اختتام پر خام تیل 5 فیصد کمی سے 5 ماہ کی کم ترین سطح 45 ڈالر 52 سینٹس فی بیرل پر بند ہوا۔خام تیل میں کمی کا سلسلہ ایشیائی سیشن میں بھی جاری رہا ۔
سنگاپور مارکیٹ مین کاروبار کے دوران خام تیل مزید 1ڈالر 37 سینٹس کمی سے 6 ماہ کی کم ترین سطح 44 ڈالر 15 سینٹس فی بیرل پر ٹریڈ کررہا ہے ۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) چکن گُنیا کے مرض کی تشخیص کے لئے سندھ میں کوئی لیب ہی موجود نہیں، اس مرض کی تشخیص صرف اسلام آباد میں قومی ادارہ صحت کی لیبارٹری کرسکتی ہے، حکومت سندھ کے افسران بڑھتے ہوئے مرض کے معاملے پر سرجوڑ کر بیٹھ گئے، عالمی ادارہ صحت نے بھی فوری اقدامات کی تجاویز دے دیں جس میں لیبارٹری قائم کرنا بھی شامل ہے۔
کراچی میں چکن گُنیا کے کیسز میں اضافہ ہوگیا ہے، سینکڑوں افراد مرض میں مبتلا ہیں، محکمہ صحت سندھ کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ چکن گُنیا کے مرض کی تشخیص کے لئے صوبے میں کوئی لیبارٹری ہی موجود نہیں، مریضوں کے خون کے نمونے اسلام آباد کے قومی ادارہ صحت کو بھیجے جاتے ہیں، تشخیص کے لئے مخصوص کٹ اور پی سی آر ٹیسٹ کے ذریعےخون سے پلازمہ نکال کر اسپیشلائزڈ ری ایجنٹ کے ذریعے چکن گُنیا کی تشخیص کی جاتی ہے۔
حکام کے مطابق محکمہ صحت کے پاس ایلائزا اور پی سی آرمشینیں تو موجود ہیں جس کے ذریعے ڈینگی، ہیپاٹائٹس ، ایچ آئی وی اور دیگر ٹیسٹ کئے جاتے ہیں لیکن چکن گُنیا کی تشخیص کے لئے نہ لیبارٹری ہےاور نہ ہی مطلوبہ آلات، وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کی سہولت کے لئے قومی ادارہ صحت میں چکن گُنیا کے ٹیسٹ بلا معاوضہ کیے جارہے ہیں۔
کراچی میں اسٹیڈیم روڈ پر واقع اسپتال میں چکن گونیا کا ٹیسٹ 2100 روپے میں کیا جاتا ہے جس کی رپورٹ 48 گھنٹے میں دی جاتی ہے۔
محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق چکن گُنیا کی مکمل تشخیص کے لئے قومی ادارہ صحت کا ٹیسٹ عالمی معیار کا ہوتا ہے جو پندرہ دن میں اپنی رپورٹ دیتا ہے۔
ماہرین کی اب تک تحقیق کے مطابق چکن گُنیا کا مرض بھی ڈینگی کی طرح مخصوص مچھر سے پھیلتا ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اترپردیش)مودی دور حکومت میں کشمیریوں کیخلاف ایک اور گھناﺅنی سازش بے نقاب ہو گئی ، ریاست اترپردیش میں ہندوﺅں کو حریت پسندوں پر پتھراﺅکی تربیت دی جانے لگی ہے ۔
ذرائع کے مطابق اترپردیش میں” جنتا کی سینا “انتہا پسند گروپ کے ارکان کو مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر پتھراﺅ کی خصوصی تربیت دی جانے لگی ہے ۔
 
ہندو انتہا پسند اتر پردیش سے بسوں میں مقبوضہ کشمیر جائیں گے اور قابض افواج کے ساتھ مل کر نہتے کشمیریوں پر پتھر برسائیں گے۔ گروپ کے ارکان کے ساتھ اینٹوں سے بھرے دو ٹرک بھی ہونگے جو وہ پتھراو کے لیے استعمال کریں گے۔
 
ادھر حریت رہنماءمیر واعظ عمر فاروق کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے۔ آزادی کے متوالے سرینگر کی سڑکوں پر نکل آئے اور پاکستانی پرچم لہرا کر بھارت سے آزادی کا مطالبہ کیا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) آئی پی ایل پلے آف سے باہر ہونے والے رائل چیلنجرز بنگلور جمعہ کو کنگز الیون پنجاب سے بھی شکست کھاگئی۔ فاتح ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے سات وکٹ پر 138 رنز اسکور کیے۔
فاسٹ بولر انکیت چودھری اور لیگ اسپنر يجویندر چہل نے 2،2 وکٹ لیے۔ جواب میں ناکام سائیڈ 19 ویں اوور میں 119 رنز پر آل آئوٹ ہوگئی۔
کرس گیل کوئی رن بنائے بغیر آئوٹ ہوئے، کپتان کوہلی 6اور ڈیویلیئرز 10 رنز بناسکے، جبکہ مندیپ سنگھ نے 46 کی اننگز کھیلی جو ناکافی ثابت ہوئی۔ سندیپ شرما اور اکشر پٹیل نے 3،3وکٹ لیے۔
ایونٹ میں آج 2میچ کھیلے جائیں گے، جہاں پہلے میچ میں سن رائزرز حیدرآباد کا مقابلہ رائزنگ پونے سپر جائنٹس سے حیدرآباد دکن میں ہوگا، یہ میچ دوپہر ساڑھے 3بجے جیو سپر پر براہ راست نشر کیا جائیگا۔ دوسرے میچ میں دہلی ڈیئرڈیولز اور ممبئی انڈینز کی ٹیمیں شام ساڑھے 7بجے دہلی میں ٹکرائیں گی۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) انگلش کرکٹ ٹیم سیزن کی تیاریوں کا آغاز ون ڈے میچ میں آئرلینڈ کو ترنوالہ سمجھ کرنگلتے ہوئے کیا۔ برسٹل میں کھیلے گئے میچ میں لیگ اسپنر عادل راشد کی تباہ کن بولنگ کی بدولت انگلینڈ نے آئرلینڈ کو 7وکٹ سے مات دیدی۔
انگلش ٹیم نے ہدف 20 اوور میں ہی حاصل کرلیا۔ انگلینڈ نے حیرت انگیز طور پرآل رائونڈر معین علی کی جگہ عادل راشد کو کھلایا، انہوں نے انتخاب درست ثابت کرتے ہوئے27 رنز دے کر پانچ وکٹ حاصل کیے، یہ ان کے کیریئر کی بہترین بولنگ ہے۔
آئرلینڈ کو اوپنرز ایڈجوائس اور پال اسٹرلنگ نے 40 رنز کا آغاز فراہم کیا، لیکن اس کے بعد بیٹنگ لائن تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔ انگلینڈ نے آئرلینڈ کو 33 اوور میں 126 رن پر ڈھیر کردیا۔
اینڈی بالبرنی 30، پال اسٹرلنگ 20 اور ایڈجوائس 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ فاتح ٹیم نے ہدف کے تعاقب میں پہلی وکٹ ایک رن پر گنوادی، جب جیسن رائے صرف ایک رن بنا کر چیز کی گیند پر آئوٹ ہوگئے۔
اس کے بعد الیکس ہیلز 55 اور جو روٹ 49 نے ٹوٹل 78 تک پہنچادیا۔ کپتان مورگن 10 رنزبنا کر آئوٹ ہوئے۔ روٹ کے ساتھ بیئرسٹو 10 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔
انگلینڈ نے ہدف3 وکٹ پر حاصل کرکے 2 میچوں کی سیریز میں0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ راشد کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسٹار بیٹسمین یونس خان کیلئے ریٹائرمنٹ کے بعد نئی ذمہ داری کا تعین کرلیا ہے۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کو قومی انڈر 19 ٹیم کو مینٹور تعینات کرنے کا فیصلہ کیاہے۔
ذرا ئع کے مطابق ٹیسٹ کرکٹر یونس خان کو ریٹائرمنٹ بعد اہم عہدہ دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور وہ بطور مینٹور قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے خصوصی کیمپس اور بیرونی دوروں پر ٹیم کے ساتھ ہونگے۔
وا ضح رہے کہ یونس خان دورہ ویسٹ انڈیز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹامنٹ کا اعلان کرچکے ہیں جبکہ ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹ سے وہ پہلے ہی ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔
انہوں نے ویسٹ انڈیز کیخلاف جاری سیریز میں ٹیسٹ کیریئر کے 10ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیا ہے۔ یہ اعزاز حاصل کرنے والے وہ پاکستان کے پہلے اور دنیا کے 13 بیٹسمین ہیں۔ انہیں دنیا کے11 مختلف ممالک میں سنچریز اسکور کرنے کا منفرد اعزاز بھی حاصل ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق یونس جنوری 2018 میں نیوزی لینڈ میں ہونے والے انڈر 19 ورلڈ کپ میں ٹیم کی رہنمائی کریں گے۔
دریں اثنا یونس خان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 2ٹیسٹ میچوں میں 9 کیچز لے کر بطور فیلڈر زیادہ کیچز کا توفیق عمر کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔
انہوں نے بارباڈوس کے دوسرے میچ میں 5 کھلاڑیوں کو کیچ پکڑ کر پویلین پہنچایا جن میں روسٹن چیز، وشال سنگھ، شین ڈارچ، برتھ ویٹ اور جیسن ہولڈر شامل ہیں۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ توفیق عمر کے پاس تھا جنہوں نے 2003 میں سائوتھ افریقہ کیخلاف میچ میں دو ٹیسٹ میچز میں 9 کیچ تھامے تھے۔
 

 

 

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) اولمپکس 2024 کی میزبانی کیلئے جنگ اب زور پکڑ رہی ہے، جس میں اب تک امریکا اور فرانس نے تو میزبانی کی خواہش ظاہر کی ہے لیکن ساتھ ہی روسی صدر ولادی میر پوٹن نے بھی بڈ جمع کرانے کا عندیہ دیا ہے۔
لاس اینجلس کو میگا ایونٹ کی میزبانی دلانے کی امریکی کوششوں کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ امریکی بڈ کمیٹی کے سربراہ کیزی ویزرمین نے گزشتہ روز میڈیا کو بتایا کہ صدر ٹرمپ نے وہ سب کچھ کیا ہے جو ممکن ہے۔ انہوں نے آئی او سی چیف تھامس باخ سے ٹیلی فون پر اس متعلق بات بھی کی ہے۔
دوسری جانب روسی صدر ولادی میر پوٹن بھی اس میدان میں اترنے کی تیاری کررہے ہیں۔ انہوں نے جمعہ کو ایک انٹرویو میں کہا ہمارے کئی شہر میگا ایونٹ شایان شان انداز سے کرانے کے اہل ہیں۔
اولمپکس کے لیے ماسکو، سینٹ پیٹرزبرگ، کازان اور سوچی کے نام میزبانی کیلیے پیش کیے جاسکتے ہیں۔ سوچی میں 2014 سرمائی گیمز کا کامیاب انعقاد کیا جاچکا ہے۔ روس کی جانب سے پیشکش کو اس وقت خارج از امکان قرار نہیں دیاجاسکتا، ہم موزوں وقت پر لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
ادھر یورپی ایتھلیٹکس فیڈریشن نے گیمز کی میزبان کیلئے فرانسیسی دارالحکومت پیرس کی حمایت کی ہے۔ خیال رہے کہ پیرس میں 2020 یورپی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا انعقاد ہوگا۔
 

 

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)آئی سی سی نے ٹیسٹ پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق بیٹسمینوں میں اظہرعلی اور بولنگ میں یاسر شاہ کو 2,2 درجے ترقی ملی ہے اور نوجوان پیسر محمد عباس لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے 61 ویں پوزیشن پرآ گئے ہیں جب کہ یونس خان کی 6 درجہ تنرلی ہوئی ہے۔
بارباڈوس ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے اظہرعلی کو رینکنگ میں بہتری کی صورت میں انعام مل گیا ہے اور وہ آئی سی سی کی نئی رینکنگ میں 2 درجے بہتری کے ساتھ 8 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ پوائنٹس برابر ہونے کی وجہ سے ہاشم آملہ بھی اسی پوزیشن پر موجود ہیں۔ یونس خان اپنی اختتامی سیریز میں 6 درجہ تنزلی کے بعد 8 ویں سے 14 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جب کہ مصباح الحق بدستور ٹاپ 20 ٹوئنٹی بیٹسمینوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ ویسٹ انڈین بیٹسمین روسٹن چیز 21 درجے بہتری کےساتھ 49 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ احمد شہزاد 4 درجے ترقی کے ساتھ 62 ویں اور شائی ہوپ 19 درجے کی چھلانگ کے ساتھ 101 ویں نمبر پرآگئے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 9 شکار کرنے والے یاسر شاہ 2 درجے ترقی کے ساتھ بولنگ رینکنگ میں 13 ویں پوزیشن پرآگئے ہیں۔ ویسٹ انڈین پیسر شینن گیبریل 19 ویں، جیسن ہولڈر 40 ویں اور پہلی ٹیسٹ سیریز کھیلنے والے نوجوان پیسر محمدعباس نے 42 درجے کی لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے 61 ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔