اتوار, 12 جنوری 2025

۔

ایمزٹی وی(مظفر آباد)نیلم جہلم منصوبے کی سرنگیں مکمل ہونے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت سنبھالی تو لوڈ شیڈنگ عروج پر تھی مگر لوڈ شیڈنگ کے ذمہ دار آج ہمیں برا بھلا کہہ رہے ہیں، لوڈ شیڈنگ کے خلاف وہی لوگ احتجاج کررہے ہیں جو اس کے ذمہ دار ہیں۔ 2012 میں پاکستان میں کرپشن، دہشت گردی، معیشت کے حوالے سے لوگ بہت پریشان تھے اور کہا جارہا تھا ملک دیوالیہ ہوجائے گا اور اب ملک میں اس عذاب میں مبتلا کرنے والے لوگ کس منہ سے باتیں بناتے ہیں، ان کا حساب اب قوم خود کرے گی، قوم نے دیکھا کہ کیسے اس ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوا، معیشت بہتر ہوئی جب کہ پچھلے دور حکومت میں 18 گھنٹوں سے زائد بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی اور گیس کی لوڈشیڈنگ بھی عروج پر تھی مگر آج پورے پاکستان کی انڈسٹری کو 100 فیصد گیس اور بجلی فراہم کی جارہی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر ہم آپ جیسی سیاست کرتے تو آج ہم بھی آپ کی طرح تباہ حال ہوتے، ہم بہت سنجیدگی کے ساتھ ملک بھر میں تمام منصوبوں پر کام کررہے ہیں اور اس سے ملک میں انقلاب برپا ہورہا ہے، مخالفین اپنی آنکھیں کھولیں جب کہ مخالفین دعوے تو بہت کرتے ہیں لیکن آنکھیں کھول کر تو دیکھیں، 2018 میں پھر شیر آئے گا اور بند آنکھوں والوں کبوتر کو اٹھا کرلے جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بدزبانی کرنے والے ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹ نہ ڈالیں، گالیاں دینا، جھوٹ بولنا آپ کا شیوہ سہی مگر لوگ اس الزام تراشی سے تنگ آچکے ہیں، قوم جانتی ہے ملک کوکس نے تباہ کیا مگر پھر بھی اگرآپ بدزبانی سے مجبورہیں توضرور اپنا شوق پورا کریں، ہم نے تو کسی کو گالیاں نہیں دیں بلکہ گالیاں سنی ہیں اور گندی زبان سے سنی ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پچھلے ادوار میں پاکستان کی دولت جو ان تمام منصوبوں پر لگنا تھی وہ لوگوں کی جیبوں میں گئی اور پچھلے ادوار میں آئے دن نیا اسکینڈل سامنے آتا تھا مگر ہمارے ان 4 سالہ دورے حکومت میں کوئی ایک اسکینڈل بھی سامنے نہیں آیا جب کہ جس حکومت کو عوام مینڈیٹ دیتی ہے اسے کام نہیں کرنے دیا جاتا اور دھرنے دیگر ملک وقوم کا وقت برباد کیا گیا جس کی وجہ سے پاکستان چائنا اقتصادری راہداری کے منصوبے سمیت دیگر منصوبے بھی تاخیر کا شکار ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم منصوبہ 969 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا اور آئندہ سال 10 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی جب کہ اس منصوبے سے نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ پاکستان کو فائدہ پہنچے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(چمن) پاک افغان سرحدی علاقے میں مردم شماری کی ٹیم پر افغان بارڈفورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں اب تک خواتین اور بچوں سمیت9افراد شہید اور 45زخمی ہوگئے ہیں جبکہ پاک فوج کے تازہ دم دستے کوئٹہ سے چمن روانہ ہوگئے ہیں ، پاک فضائیہ کو بھی ممکنہ کارروائی کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی جس کے بعد صورتحال مزیدکشیدہ ہوسکتی ہے اور تازہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے مقامی آبادی نے نقل مکانی شروع کردی۔ سامنے آنیوالی فوٹیج میں دیکھاگیا کہ افغانستان کی بزدل بارڈر پولیس نے مقامی آبادی کوڈھال بنالیا اور گھروں سے چھپ کر پاکستانی علاقوں میں گولہ باری کررہی ہے ۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ کے مطابق افغان بارڈر پولیس نے کلی لقمان اور کلی جہانگیری کے علاقے میں مردم شماری ٹیم کیساتھ موجود ایف سی کے دستوں پر فائرنگ کی جس کے بعد پاک افغان سرحدبھی بند کردی گئی ، افغانستان کی طرف سے 30اپریل سے مردم شماری کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی تھیں ۔
دنیا نیوز کے مطابق افغان فورسز نے بھی بھارت کے نقش قدم پر چلتے ہوئے غیراعلانیہ جنگ چھیڑلی ہے اور سرحد کے قریبی گاﺅں پر راکٹ حملوں اور فائرنگ سے 9افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور مسلسل فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس پر پاک فوج بھی میدان میں آگئی اور کوئٹہ سے تازہ دم دستے چمن کیلئے روانہ کردیئے گئے جبکہ پاک فضائیہ کو بھی ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانی علاقے میں مکین مقامی آبادی نے علاقے سے نقل مکانی شروع کردی ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر کے تعلیمی ادارے بند کرادیئے ہیں ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق افغانستان کے سیکیورٹی اہلکار مقامی آبادی کو ڈھال کے طورپر استعمال کررہے ہیں اور سرحدی گاﺅں کے گھروں کو مورچوں میں بدل لیا ہے جہاں سے فائرنگ کے بعد چھپ جاتے ہیں ۔غیرمصدقہ اطلاعات کے مطابق ایف سی کی جوابی کارروائی میں کئی افغان اہلکاربھی مارے گئے ہیں۔ دوسری طرف افغان فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالے کئی افراد کو طبی امداد کے لیے کوئٹہ منتقل کردیاگیا۔ویڈیو دیکھئے

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)شاہد آفریدی چیمپئنز ٹرافی میں پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کیلیے بے تاب ہیں۔
 
آئی سی سی کیلیے اپنے کالم میں شاہد آفریدی نے امید ظاہر کی کہ دونوں پڑوسی ملکوں میں سیاسی کشیدگی کا خاتمہ اور باہمی مقابلوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگا، انھوں نے کہاکہ روایتی حریفوں کے باہمی مقابلے دنیا بھر کے شائقین کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں، امید ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں دونوں ٹیمیں ایجبسٹن میں آمنے سامنے ہوں گی۔
 
آل راؤنڈر نے کہا کہ بھارت کو میگا ایونٹس میں ماضی کی فتوحات کی بدولت نفسیاتی فائدہ حاصل ہے،جارحانہ بیٹنگ اور متوازن بالنگ لائن اپ بھی روایتی حریفوں کے میچ میں دلچسپ بنادے گی،اس مقابلے کا شدت سے منتظر ہوں۔ یاد رہے کہ پاک بھارت میچ 4جون کو شیڈول ہے،’’بگ تھری‘‘ کے محاذ پر ناکامی کے بعد بی سی سی آئی میں بحث چل رہی ہے کہ ایونٹ میں شریک ہوں یا بائیکاٹ کردیا جائے۔
 
شاہد آفریدی نے کہا کہ بھارتی ٹیم کے بیشتر کرکٹرز سے میرے اچھے تعلقات رہے ہیں، ہربجھن سنگھ، یوراج سنگھ اور ظہیر خان کے ساتھ اچھا وقت گزرا اور کئی خوشگوار یادیں وابستہ ہیں، صرف گوتم گھمبیر سے چند سال قبل تلخ کلامی ہوئی تھی،میں تو اس واقعے کو کھیل کا حصہ سمجھ کر آگے بڑھ گیا لیکن بھارتی اوپنر کی ناراضی نہیں گئی۔
آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے بتایا کہ بھارتی ٹیم کے دورئہ پاکستان میں مہمان کرکٹرز کو کراچی میں اپنے گھر کھانے پر بلایا تو پٹھان روایات کے مطابق گوشت کی ڈشز تیار کرا لیں، کھلاڑی ایک دوسرے کا منہ دیکھنے لگے تو مجھے احساس ہوا کہ ان میں سے بیشتر تو سبزی خور ہونگے، فوری طور پر دال اور سبزی کی ڈشز تیار کرائیں اور پیش کردیں، انہوں نے کہا کہ بعد ازاں افسوس بھی ہوتا رہا کہ مہمانوں کے کلچر اور ضروریات کو نظر انداز کیسے کر گیا۔

 

 

ایمزٹی وی(چمن)پاک افغان سرحدی علاقے پر افغان فورسز کی فائرنگ اور گولہ باری سے شہید افراد کی تعداد 8 ہو گئی ہے جب کہ خواتین اور بچوں سمیت 31 افراد زخمی ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق افغان فورسز نے چمن کے سرحدی علاقے میں پاکستانی چیک پوسٹوں پر فائرنگ کی اور گولے برسائے، افغان فورسز کی جانب سے داغے گئے گولے گلدار باغیچہ اور اڈہ کہول میں مکانات پر گرنے سے 3 پاکستانی شہری شہید جب کہ 6 بچوں اور 3 خواتین سمیت 36 افراد زخمی ہو گئے، بعد ازاں مزید 5 شہری دم توڑ گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان فورسز کی کارروائی میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لئے سول اسپتال چمن منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ شدید زخمیوں کو علاج کے لئے کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔ چمن انتظامیہ نے اسپتال میں میڈیکل ایمرجنسی نافذ کر کے تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ افغان فورسز کی جانب سے سول آبادی میں گولہ باری سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے اور صبح سویرے کھلنے والے بازار بند ہیں جب کہ پاکستانی فورسز کی جانب سے بھی افغان فورسز کی فائرنگ اور گولہ باری کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ کچھ عرصے قبل بھی پاک افغان سرحد پر کشیدگی کے باعث پاکستان نے افغانستان سے ملحقہ چمن اور طورخم بارڈر کو ایک ماہ تک بند کئے رکھا تھا اور پھر افغان حکام کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کے بعد وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر سرحدوں کو کھولا گیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)پاک فوج کے ترجمان نے افغان فورسز کی جانب سے مردم شماری میں مصروف عمل ایف سی اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے اقدام کو انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سوشل میڈیا پر ٹویٹ کیا کہ افغان فورسز کی جانب سے مردم شماری میں مصروف ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور ایف سی کے 4 اہلکاروں سمیت 18 افراد زخمی ہوئے۔ افغان فورسز کی جانب سے چمن کے علاقوں کلی لقمان اور کلی جہانگیر میں مردم شماری میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق افغان حکام کو مردم شماری سے متعلق آگاہ کیا جا چکا ہے لیکن تفصیلات فراہم کرنے کے باوجود افغان فورسز کی جانب سے کارروائی افسوسناک ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ تاحال جاری ہے جب کہ افغان فورسز کی جانب سے فائرنگ کے پیش نظر چمن بارڈر کو بند کر دیا گیا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)بھارت 21 برس بعد پہلی بار فیفا رینکنگ میں ٹاپ 100 میں شامل ہوگیا۔ بھارت نے آخری مرتبہ ٹیم نے یہ اعزاز 1996 میں حاصل کیا تھا جب آل ٹائم بیسٹ رینکنگ 94 پر قدم رکھے تھے جبکہ نوم پنا میں مارچ 22 کو کمبوڈیا کے خلاف3-2 سے کامیابی اور پھر 28 مارچ کو ینگون میں میانمار کے خلاف 1-0 سے کامیابی کی بدولت اس کی رینکنگ میں بہتری آئی۔ دوسری جانب فیفا رینکنگ میں پاکستان کی201 ویں پوزیشن میں کوئی بھی فرق نہیں آیا ہے جبکہ ٹاپ پر بدستور برازیل کی ٹیم موجود ہے۔ پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپئن سائیڈ نے گزشتہ ماہ 7 برس بعد نمبر ون پوزیشن حاصل کی تھی، ارجنٹائن دوسرے اور جرمنی تیسرے نمبر پر ہے جبکہ چوتھی سے دسویں پوزیشن پر بالترتیب چلی، کولمبیا، فرانس، بیلجیئم، پرتگال، سوئٹزرلینڈ اور اسپین موجود ہیں۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ افغان سرحد سے فائرنگ کے واقعات امن کی کوششوں کے لئے نقصان دہ ہیں لہذا افغان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کرے۔ وزیر اعظم نوا زشریف نے پاک افغان بارڈر پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ افراد کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بارڈر پر فائرنگ اور اہلکاروں کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے، فائرنگ کے واقعات امن کی کوششوں کے لئے نقصان دہ ہیں لہذا افغان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کرے۔ واضح رہے کہ آج صبح افغان فورسز نے چمن کے سرحدی علاقے میں پاکستانی چیک پوسٹوں پر فائرنگ کی اور گولے برسائے، افغان فورسز کی جانب سے داغے گئے گولے گلدار باغیچہ اور اڈہ کہول میں مکانات پر گرنے سے 8 پاکستانی شہری شہید جب کہ 6 بچوں اور 3 خواتین سمیت 36 افراد زخمی ہو گئے۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی سوچ انہیں کہیں نہ کہیں ضرور لیکر جائے گی ۔گورنر سندھ نے آئین سے تجاوز کیالہذٰا انہیں مستعفیٰ ہو جانا چاہیے ۔ہمیں نیوٹرل گورنر سندھ چاہئیے۔ گورنر سندھ شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار نہ بنیں ۔ ذرائع کے مطابق پریس کانفرنس کے دوران انکا کہنا تھا کہ میاں صاحب جھوٹ بولتے ہیں اور ہم شہبازشریف کا بھی نیا نام رکھ رہے ہیں ۔حکمرانوں نے عوام کو دھوکا دیا ، حکومت نے چار سالوں میں صرف 4سو میگا واٹ بجلی پیدا کی جبکہ نوازشریف نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے وعدے پر ووٹ لیے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 17ہزار میگا واٹ ہے جبکہ لاہور میں بھی لوڈشیڈنگ بڑھ گئی ہے ، پنجاب میں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے ۔ لوڈشیڈنگ تین ماہ میں ختم کرنے کا وعدہ پورا نہیں ہوا ۔ خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ پاناما کیس پیپلز پارٹی نے نہیں بنایا ، حکومت سیکیورٹی رسک بن چکی ہے ۔ ایک وفاقی وزیر نے ٹویٹ کو زہر قاتل کہہ دیا ۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے وزیر اعظم کو ضدی بچہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضدی بچے کو فوج میں اپنا امیج بہتر کرنا ہو گا ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ فوج اور سویلین میں کھینچا تانی مناسب بات نہیں ، اب وزیر اعظم کو صرف اور صرف گھر جانا ہے ۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نوازشریف نے انتخابی مہم شروع کر دی ہے ، خوفزدہ وزیر اعظم کو فیصلے میں اپنا ڈوبتا ہوا مستقبل نظر آرہا ہے۔ وزیر اعظم کے استعفیٰ پر اے این پی اور جے یو آئی کا ارادہ ففٹی ففٹی ہے ۔ جمعیت علماءاسلام اور اے این پی کے علاوہ تمام جماعتیں وزیر اعظم سے استعفیٰ مانگ رہی ہیں ۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دنیا میں بہت سی زبانیں بولی جاتی ہیں لیکن صوفی ازم کی ایک زبان ہے اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے میں صوفیوں کے پیغام کو عام کرنا ضروری ہے ۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عالمی صوفی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ صوفیوں کی سرزمین ہے اور صوفیوں نے اسلام کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ صوفیوں نے دنیا میں امن کو عام کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور ان کی قربانیاں سیکڑوں سال پر محیط ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج امن کی جگہ دہشت گردی نے لے لی ہے ، میں نے اپنی ماں کو دہشت گردی کے ہاتھوں کھویا ہے۔