اتوار, 12 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں عبدالغفارڈوگرکی زیرصدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے وزارت مذہبی امورکا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران وزارت مذہبی امورکے اعلیٰ حکام کی جانب سے بریفنگ کے دوران کمیٹی نے استفسار کیا کہ رواں برس سرکاری اخراجات میں 10 ہزارروپے فی کس کا اضافہ کیوں کیا گیا ہے، جس پرایڈیشنل سیکریٹری حج نے بتایا کہ ملک کے جنوبی حصے کے لیے 2 لاکھ 70 ہزار جب کہ شمالی حصے کے لیے 2 لاکھ 80 ہزار کا پیکج رکھا گیا ہے، توسیع کعبہ کی وجہ سے کم کیا گیا 20 فیصد کوٹا بحال کردیا گیا ہے، اس سال سعودی حکومت عمارتوں میں ہی عازمین کے سامان کی کلیئرنس دے گی، حجاج کو ٹرین اورایئر کنڈیشنڈ بسوں کی سہولت فراہم کی جائے گی، منیٰ میں میٹرس ڈبل کروا دیا گیا ہے جب کہ خیموں میں ایئرکولرکا انتظام کروادیا ہے۔ عازمین حج کو3 وقت کا کھانا اوربہترسہولیات دے رہے ہیں، کھانے کا معیارمزید بہترکیا گیا ہے اس کے علاوہ انہیں دن میں 3 مرتبہ چائے ملے گی۔
حکام کی بریفنگ پر چئیرمین کمیٹی ملک عبدالغفارڈوگرنے کہا کہ وزارت مذبی امور کی جانب سے پالیسی بنائی جاچکی ہے، عمارتیں کرائے پرلے لی گئیں اورمینیو بھی بنا لیا گیا تو اب بحث کے لیے کیا رہ گیا ہے۔ اب ہمارے بیٹھنے کا کیا فائدہ ہے، ہم سے اب صرف دستخط کروانا ہیں، پالیسی بنانے سے قبل نہ مشاورت ہوتی ہے نہ کمیٹی کا اجلاس بلایا جاتا ہے۔ پیپلز پارٹی کی شگفتہ جمانی نے کہا کہ میں نے 6 حج کئے اور ہر بار ائیر کولر خراب ہی ملے، اتنی گرمی میں حاجی سے اترنا چڑھنا مشکل ہوتا ہے۔
اجلاس کے دوران صاحبزادہ یعقوب نے کہا کہ ہارڈ شپ کوٹہ میں شفاف انداز سے لوگوں کو بھجوایا جائے، گزشتہ سال بھی ناجانے کس کس کو ہارڈ شپ کوٹہ پرحج پر بھیجا گیا۔ رمیش لال نے کہا کہ پچھلے سال کسی نے حکومت کے خرچے پر اپنی بہو کو بھیجا جس پر وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات نے کہا کہ حج پیکج میں 10 ہزار روپے کا اضافہ اتنی سہولیات میں اچھنبے والی بات نہیں اور کیا بہو کو حج پر بھیجنا کوئی جرم ہے۔
رمیش لال نے مزید کہا کہ زیارات کے لئے جو بھی جائے اسے اپنے خرچہ پر جانا چاہیے اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو بھی سرکاری حج پر بھیجا گیا، ایواکیو ٹرسٹ کے خرچہ پر لوگوں کو بھجوایا گیا اور تفصیلات نہیں دی گئیں۔ وزارت مذہبی امور کے حکام نے کہا کہ کوئی سرکاری خرچ پرحج پر نہیں گیا جس پر رامیش لال نے کہا کہ میں آپ کو ٹکٹ اور تفصیلات بھی دے سکتا ہوں جس کے بعد چیئرمین کمیٹی نے رمیش لال کو آئندہ اجلاس میں تفصیل دینے کی ہدایت کردی۔

 

 

ایمزٹی وی(کھٹمنڈو)نیپال سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے کرنل(ر)حبیب ظاہر سے متعلق اہم پیش رفت ہوئی ہے اور ان کے نیپال میں موجود نہ ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نوکری کے جھانسے میں پھنسنے والے اور نیپال کے لمبینی ایئرپورٹ سے لاپتہ ہونے والے کرنل(ر) حبیب ظاہر کی ہوٹل کی بکنگ اور ٹکٹ کی ادائیگی کرنے والے بھارتی کرداروں کے نام سامنے آگئے ہیں اور حبیب ظاہر کے نیپال میں موجود نہ ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حبیب ظاہر کیلئے کھٹمنڈوکا ٹکٹ سفل چوہدری نامی بھارتی نے خریدا،سفل چوہدری کا موبائل فون نمبر9804815702 ہے جبکہ مغوی حبیب ظاہر کیلئے ٹکٹ پریشئش ٹریول اینڈ ٹورز سے خریدا گیا۔رپورٹس کے مطابق صابو راجور نامی بھارتی خاتون نے حیات ریجنسی میں بکنگ کرائی اور وہ کھٹمنڈو کی کمپنی میں مارکیٹنگ مینجر کے روپ میں کام کرتی ہے۔
لیفٹیننٹ کرنل(ر) حبیب ظاہر 6 اپریل کو لمبینی کے بحروا ایئرپورٹ پر اترے اور بھارتی شہری ڈولی رینچل نے ایئرپورٹ پر حبیب ظاہر کا استقبال کیا،ان کو ریسیو کرنے والی گاڑی صبح ساڑھے 11 بجے پارکنگ میں موجود تھی۔
نیپال اور بھارت کے درمیان سرحد پر چیکنگ کا خاطر خواہ نظام موجود نہیں ہے ، شہری عموماً کاغذات کی جانچ کے بغیرسرحد پارکرتے ہیں،حبیب ظاہر کو ایئرپورٹ سے ٹویوٹا میک گاڑی میں بارڈر کی جانب لے جایا گیا اور وہاں سے بھارت لے جایا گیا۔
حبیب ظاہرکے سم کارڈ پرآخری سگنل لمبینی میں مایا دیوی مندر کے قریب سے موصول ہوئے اورکالی ڈاہ نامی بارڈر کراسنگ پوائنٹ مایا دیوی مندر سے محض 7 کلومیٹر دور ہے ۔یاد رہے کہ کرنل (ر)حبیب ظاہر کو نوکری کا جھانسہ دیکر نیپال سے اغواءکرلیا گیا تھا۔
 

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) پاکستانی فلم ’مہر النساء وی لب یو‘ کا پہلا ٹیزر ریلیز کردیا گیا، جو ٹیزر کم اور ٹریلر زیادہ نظر آرہا ہے۔
یاسر نواز کی پروڈکشن کمپنی کے بینر تلے بننے والی فلم کو کامیڈی قرار دیا گیا تھا، یاسر نواز نے اپنے ایک انٹرویو میں بھی یہی کہا تھا کہ یہ فلم رومانوی کامیڈی کہانی پر مبنی ہے، تاہم ٹیزر پر نظر ڈالی جائے تو اس میں صرف رومانس، ایکشن اور ڈرامے کو پیش کیا گیا۔
ایک منٹ 26 سیکنڈ دورانیے کے اس ٹیزر میں بالی ووڈ ہدایت کار کرن جوہر کی فلموں کی جھلک نظر آئی، برف کے پہاڑوں پر رومانوی گانے اور ایکشن سینز نے اس فلم بالی ووڈ انداز دے دیا۔
فلم کے ٹیزر سے کہانی اور زیادہ پیچیدہ ہوگئی ہے، کیوں کہ اس ایک ٹیزر میں خاندان کے جھگڑے، رومانوی کہانی اور ولن سے لڑنا سب کچھ پیش کیا گیا۔
فلم ’مہر النساء وی لب یو‘ میں دانش تیمور اور ثناء جاوید نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں، خیال رہے کہ اس سے قبل دانش تیمور یاسر نواز کی فلم ’رونگ نمبر‘ میں بھی کام کرچکے ہیں۔
فلم میں معروف پاکستانی اداکار جاوید شیخ بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔
اس فلم کا پہلا ٹریلر بھی جلد ریلیز کیا جائے گا اور امید ہے کہ اسے دیکھ کر فلم کی کہانی میں شائقین کی دلچسپی بڑھ جائے۔
’مہرالنساء وی لب یو‘ کی ریلیز رواں سال عید الفطر پر متوقع ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد) اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت سے پاکستانی طلبہ کو واپس بھیجنےکے معاملے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں ہندو انتہا پسندی اور عدم برداشت عروج پر ہے جب کہ وہاں مذہبی اقلیتوں کو ہراساں کیا جانا بھی معمول بن گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں بڑھتی مذہبی منافرت و عدم برداشت مغرمی ممالک میں شہ سرخیاں اورعالمی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ ہندو انتہا پسند تنظیمیں اس قسم کے واقعات میں ملوث ہیں جب کہ بھارتی حکومت ان تنظیموں کے سامنے خاموش تماشائی بن کر رہ گئی ہے، بھارتی حکومت نے انتہا پسندوں کے خوف سے ہی پاکستانی طلبہ کو وطن واپس بھیجا، پاکستان طلبہ کو واپس بھیجنے کا معاملہ سفارتی سطح پر بھارت سمیت عالمی برادر ی کے ساتھ اٹھائے گا۔
دوسری جانب بھارت سے نکالے جانے والے نجی اسکول کے تمام طلبہ وطن واپس پاکستان پہنچ گئے، طلبہ کو دھمکیاں ملنے کے بعد تین مختلف پروازوں کے ذریعے دہلی سے امرتسر پہنچایا گیا طلبہ کا آخری گروپ کل شام پرنسپل کی قیادت میں پاکستان پہنچا۔

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) اقوام متحدہ کے ادارے اکنامک اینڈ سوشل کمیشن فار ایشیا اینڈ پیسیفک (یونیسکیپ) کی جانب سے کیے جانے والے سروے میں پیشگوئی کی گئی ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی ممکنہ طور پر مالی سال 2017 اور 2018 میں 5.2 فیصد سے بڑھ کر 5.4 تک ہوجائے گی۔
سروے کے مطابق نجی استعمال اور سرمایہ کاری ملک کی معیشت کو چلائیں گے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ملک میں امن و امان کی بہتر صوتحال اور پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت جاری انفرااسٹکرکچر منصوبے بھی ملکی معیشت کو چلانے میں معاون ثابت ہوں گے۔
اکنامک اینڈ سوشل سروے آف ایشیا اینڈ پیسیفک 2017 کے مطابق سی پیک کے تحت چین کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری ملکی زرمبادلہ میں اضافہ کرنے میں معاون ثابت ہوگی اس کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ اور تعمیر سے متعلق اشیاء کی درآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔
سروے کے مطابق سی پیک منصوبے نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی جانب متوجہ کیا ہے، جس کے باعث پاکستان میں نجی سرمایہ کاری مزید مستحکم ہوئی ہے۔
بڑی صنعتوں کو استعمال کے لیے مہیا کیے جانے والے ایندھن کے نرخ میں کمی اور توانائی کے تحفظ کے بعد نمایاں فائدہ حاصل ہو گا۔
اسی طرح کپاس، گنے اور مکئی کی پیداوار کو بڑھانے کے ساتھ ہی زرعی شعبے میں بھی بہتری کے امکانات موجود ہیں۔
اسی دوران عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے اور ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے مالی سال 18-2017 میں غربت کی شرح 5 فیصد سے بڑھ کر 5.5 فیصد ہوجائے گی۔
تاہم سروے کے مطابق درمیانی مدت کے توانائی بحران کے نتیجے میں ملکی ترقی اپنی صلاحیت سے کم ہی رہے گی۔
حالیہ جدت کے باوجود بقایاجات سے نمٹنے اور تکنیکی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے توانائی کے شعبے میں سبسڈیز کو مزید کم کرنے کی ضرورت ہوگی۔
سروے میں کہا گیا کہ کمزور نظام حکومت جنوبی ایشیائی ممالک میں ٹیکس آمدن میں کمی کی وضاحت کرتا ہے کیونکہ حکومت کا معیار ہی ٹیکس دہندگان پر اثر انداز ہوتا ہے۔
ایسے عوامل جو مالی بدعنوانی کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، ان میں ٹیکس کے قوانین، کمزور قانونی اور عدالتی نظام اور حکومتی شعبوں میں کم تنخواہیں شامل ہیں۔
سروے کے مطابق پاکستان دنیا کے اُن چار ملکوں میں شامل ہے جن کے ٹیکس دہندگان کی معلومات عوامی سطح پر موجود ہیں جبکہ حیران کن بات یہ ہے کہ 18 کروڑ کی آبادی والے اس ملک میں صرف 7 لاکھ 50 ہزار ہی رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان موجود ہیں۔
اس کے علاوہ پاکستانی پارلیمنٹ بشمول سینیٹ اور تمام قانون ساز اسمبلیوں کے اراکین کی تقریبا! نصف تعداد ٹیکس ادا ہی نہیں کرتی، جو کہ قانون سازوں کی جانب سے حوصلہ شکنی کا مظاہرہ ہے۔
ان معلومات کو عوامی سطح پر لانے سے نتائج حاصل نہیں ہوں گے جب تک ایسے اقدامات نہ کیے جائیں جو موزوں طریقے سے نافذالعمل ہوں۔
ایشیا پیسیفک کی ایسکیپ کے اعدادوشمار میں یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ گورننس ملکی وسائل بروئے کار لانے کی کوششوں پر اثرانداز ہوتی ہے تاہم 5 ترقی پذیر ممالک بشمول پاکستان میں ٹیکس کی آمدن 2005 سے 2014 تک طرز حکومت کی ناکامی کی وجہ سے کافی حد تک متاثر ہوئی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) فیس بک نے اپنے میسنجر استعمال کرنے والے صارفین کے لیے 50 مشہور گیمز کا اعلان کیا ہے جو ہر ماہ میسنجر استعمال کرنے والے ایک ارب 20 صارفین کھیل سکیں گے۔
اگرچہ میسنجر ایپ میں گیمز گزشتہ برس متعارف کرائے گئے تھے لیکن اب تک وہ بی ٹا ٹیسٹنگ کے مرحلے میں تھے یعنی لانچ سے پہلے آزمائشی مراحل سے گزررہے تھے۔ اب میسنجر استعمال کرنے والے اپنی ایپ کے ذریعے دوستوں کے ساتھ 50 گیم کھیل سکیں گے جن میں الفاظ والے گیمز، ایٹ بال پول، پیک مین، سولٹیئر، اسنیک، نوم کیٹ، کوکنگ ماما، کٹ دی روپ، مارس روور، ٹومب رنر، ٹاور میچ، برک پاپ، سلوپ سلائیڈر، ماسٹر آرچر، بنجو، سوڈوکو اور دیگر گیمز شامل ہیں۔ اب آپ یہ گیمز پوری دنیا کے دوستوں کے ساتھ کھیل سکیں گے۔
 
فیس بک کے ترجمان نے کہا ہے کہ یہ پرلطف، مسابقت اور سماجی انداز ہے جس کے ذریعے آپ اپنے دوستوں کو چیلنج اور خوش کرسکیں گے۔ اس کے لیے میسنجر ٹیکسٹ باکس کے پہلو میں ایک پلس سائن پر کلک کریں اور آپشن میں سے گیم پر جاکر کسی بھی گیم کا انتخاب کریں یا پھر صرف انگلی سے چھو کر بھی گیم شروع کیا جاسکتا ہے۔ ان میں 80 اور90 کے دہائی کے آرکیڈ گیم بھی شامل ہیں جن میں گیلگا اور اسپیس انویڈرز نمایاں ہیں۔ یہ گیم ان لوگوں کے لیے زیادہ متاثر کن ہوں گے جو آج سے 30 برس قبل آرکیڈ مشینوں پر گیمز کھیلا کرتے تھے۔
یہ گیمز فیس بک، میسنجر اور میسنجر کی ویب سائٹ پر یکساں طور پر کھیلے جاسکیں گے اور ان کا اجرا جلد ہی کیا جائے گا۔ فیس بک نے اعلان کیا ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ مزید انسٹنٹ گیمز بھی متعارف کرائے جائیں گے۔

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) معروف گلوکار جسٹن بیبرنے بھارت آنے سے پہلے اپنی فرمائشی لسٹ شو انتظامیہ کو تھما دی، فہرست سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
بڑے گلوکار کے بڑے نخرے، جسٹن بیبر نے بھارت میں شو کرنے سے پہلے شو انتظامیہ کو ہلا کر رکھ دیا، فرمائشوں کی طویل فہرست تھما دی، کینیڈین گلوکار دس مئی کو ممبئی کے ڈی وائے پٹیل اسٹیڈیم میں پرفارم کریں گے۔
لسٹ کے مطابق جسٹن بیبر کا قافلہ دس لگژری گاڑیوں اور دو بسوں پرمشتمل ہوگا، انہوں نےآٹھ ذاتی گارڈز سمیت ایک سو بیس افراد کے لئے مہاراشٹر حکومت سے ریڈ لیول سیکورٹی مانگ لی۔
شو انتظامیہ سے یہ بھی کہا کہ ان کے لئے ایک عدد رولز رائس گاڑی کا بھی انتظام کر یں، یہ ہی نہیں شو انتظامیہ نے گلوکار کی فرمائش کے مطابق بیک اسٹیج پنگ پانگ ٹیبل، پلے اسٹیشن، آئی او ہاک، صوفہ سیٹ، واشنگ مشین، ریفریجریٹر، کپڑوں کی الماری، مساج ٹیبل اورسوئمنگ پول کا بھی انتظام کر دیا ہے۔
گلوکار کے لئے دو فائیو اسٹار ہوٹل بک ہیں ،جسٹن ایک ہزار اسکوائر فٹ کے کمرے میں ٹھہریں گے، جسےگلوکار کی پسند کے مطابق جامنی رنگ سے سجایا گیاہے، چار دن کے دورے کے دوران بھارت کے معروف شیف جسٹن بیبر کے لئے ان کی فرمائش کے مطابق خصوصی کھانے بھی تیار کریں گے۔
 

 

ایمزٹی وی(سرینگر)بھارتی خفیہ ادارے”را“ کے ایک ایجنٹ نے ایک کنٹریکڑ کا روپ دھار کرمقبوضہ کشمیر میں سرینگر کے علاقے سونہ وار میں قائم اقوام متحدہ کے مبصر دفتر کے سامنے پاکستان مخالف مظاہرہ کرانے کے لیے کئی غریب مزدوروں کو استعمال کیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق غریب مزدوروں نے پر یس انکلیو سرینگر میں اس وقت سار ابھانڈا پھوڑ دیا جب انکی کنٹریکٹر کا روپ دھارنے والے را کے ایجنٹ سے پیسو ں پر تکرا ر ہوئی۔
انہوں نے پریس انکلیو میں موجود میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ وہ بارہمولہ کے علاقے پٹن میں معمول کے مطابق کام کی تلاش میں سڑک کنارے کھڑے تھے کہ جعلی کنٹریکٹر ان کے پاس آیا اور کہا کہ اسے دس کے قریب مزدور چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ رقم طے ہونے کے بعدکنٹریکٹر انہیں ایک گاڑی میں بٹھا کر سونہ وار میں قائم اقوام متحدہ کے مبصردفتر کے باہر لایا اور یہاں ان سے پاکستان کے خلاف نعرے لگواتا رہا۔مزدوروں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے اس وقت میڈیا کا کوئی نمائندہ موجود نہیں تھا۔
مزدوروں نے کہا کہ اس کے بعد کنٹریکٹر انہیں پریس کالونی لایا تاکہ میڈیا کی موجودگی میں ان سے پاکستان مخالف نعرے لگوائے۔ پریس کالونی پہنچنے کے بعد مزدوروں نے جعلی کنٹریکٹر سے پہلے پیسوں کا تقاضا کیا جس پر میڈیا والے بھی چوکس ہو گئے اوراصل معاملہ سب کے سامنے آگیاتاہم اس دوران کنٹریکٹر جو اصل میں ”ر ا“ کا ایجنٹ تھا رفو چکر ہو گا۔بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت نے لائف آف کنٹرول پر کچھ یونٹوں کا دورہ کرکے سکیورٹی حالات کے تناظر میں ریاست کی مجموعی حفاظتی صورتحال اور فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
ان کے ہمراہ 15ویں کور اور 16 کے سربراہان بھی تھے۔ جنرل بپن راوت جو صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے سرینگر پہنچے تھے، نے جموں و کشمیر میں تعینات فوج کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ایک میٹنگ میں بدلتے موسمی اور سکیورٹی حالات کے تناظر میں ریاست کی مجموعی حفاظتی صورتحال اور فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا جس کے دوران فوج کے اعلیٰ کمانڈروں نے جنرل بپن راوت کو لائن آف کنٹرول پر دراندازی اور مبینہ طور پر دو فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ شمالی کمان کے سربراہ کے علاوہ ملی ٹینسی مخالف کارروائیاں انجام دینے والی فورسز کمانڈروں نے جنرل بپن راوت کو سکیورٹی کے حوالے سے ریاست کی تازہ ترین صورتحال کی جانکاری فراہم کی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) سویڈن کے سائنسدانوں نے ایسا کیمرا ایجاد کرلیا ہے جو ایک سیکنڈ میں 5 ٹریلین یعنی 5000 ارب تصویریں کھینچ سکتا ہے اور اس طرح یہ اب تک کا سب سے تیز رفتار کیمرا بھی ہے۔
اس کیمرے کی ٹیکنالوجی کو ’’فریم‘‘ (FRAME) یعنی ’’فریکوئنسی ریکگنیشن الگورتھم فار ملٹی پل ایکسپوژر‘‘ کا نام دیا گیا ہے جس کی مدد سے خاص طرح کی انکرپٹڈ روشنی (encrypted light) استعمال کرتے ہوئے ایک سیکنڈ کے 5000 ارب ویں حصے میں تصویر کھینچی جاسکتی ہے جبکہ یکے بعد دیگر ایسی اربوں کھربوں تصویروں کو ترتیب دے کر کسی منظر کی مختصر ترین جزئیات بھی بڑی تفصیل سے فلمائی اور دیکھی جاسکتی ہیں۔
بس یوں سمجھیے کہ ’’فریم‘‘ ٹیکنالوجی کی بدولت اگر صرف ایک سیکنڈ کی فلم بنائی جائے اور 60 فریمز فی سیکنڈ کی رفتار سے دیکھی جائے تو وہ 2642 سال سے بھی زیادہ عرصے میں مکمل ہوگی۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ کے پی کے) مردان کی عبدالولی خان یونیورسٹی میں طلباءکے تشدد سے جاں بحق ہونے والے مشال خان کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر مردان پولیس نے ایف آئی اے کو مراسلہ بھجوایا ہے جس میں سفارش کی گئی ہے کہ پی ٹی آئی کے کونسلر عارف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے اور اسے بیرون ملک جانے سے روکا جائے۔
مراسلہ ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن کی طرف سے بھجوایا گیا اور اس میں دوسرے ملزم علی خان کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ اس سے قبل اطلاع تھی کہ عارف خان بیرون ملک فرار ہوچکا ہے لیکن ڈی آئی جی مردان عالم خان شنواری نے اس بات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملزم کے شناختی کارڈ کی معیاد پوری ہوچکی ہے جس کی وجہ سے وہ بیرون ملک فرار نہیں ہوسکتا۔
یاد رہے کہ ملزم عارف خان کو مشال خان کے خلاف توہین مذہب کے الزام میں قتل کرنے میں ملوث ہونے کی بناءپر گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا تھا مگر ملزم کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا جاسکا۔