جمعرات, 09 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) جرمنی میں سائنسدانوں نے ایک تجرباتی روشنی کے منصوبے کو فعال کردیا ہے جسے ’مصنوعی سورج‘ کا نام دیا جارہا ہے۔ اس تیز مصنوعی روشنی کو ایسے ایندھن کی تیاری میں استعمال کیا جائے گا جو ماحول دوست ہو۔
سین لائٹ نامی اس منصوبے میں 149 فلم پراجیکٹر اسپاٹ لائٹس کو استعمال کیا گیا جس سے زمین پر آنے والی سورج کی روشنی سے 10 ہزار گنا تیز روشنی پیدا ہوئی۔
جب ان تمام آلات کو بیک وقت روشن کیا گیا تو اس سے پیدا ہونے والا درجہ حرارت 3500 سینٹی گریڈ تھا۔ سائنسدانوں کے مطابق یہ درجہ حرارت اتنا زیادہ ہے کہ اس وقت اگر کوئی جاندار وہاں موجود ہوگا تو وہ جل جائے گا۔
تجربے کا مقصد
ماہرین کا ماننا ہے کہ ہائیڈروجن گیس کو ایندھن پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے اور اس سے کسی قسم کا کاربن اخراج نہیں ہوتا گویا یہ زمین پر گلوبل وارمنگ کا سبب نہیں بنے گی۔
تاہم کائنات میں ہائیڈروجن ایک عام عنصر ہونے کے باوجود زمین پر اس کی مقدار بہت کم ہے۔
چناچہ ہائیڈروجن حاصل کرنے کے لیے پانی کے دونوں عناصر کو توڑا جائے گا یعنی آکسیجن، اور ہائیڈروجن۔
یہ تجربہ اسی مقصد کے لیے کیا جارہا ہے جس میں پانی کو خشک کر کے اسے بخارات میں تبدیل کیا جائے گا اور اس سے ہائیڈروجن حاصل کی جائے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ تجربہ کامیاب ہوجاتا ہے تو وہ مستقبل میں سورج کی روشنی سے اسی طریقے سے ماحول دوست ایندھن کے حصول میں کامیاب ہوجائیں گے۔

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت)رواں مالی سال2016-17ء کے پہلے8 ماہ کے دوران دالوں کی درآمدات میں50فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور اس دوران گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں199.305 ملین ڈالر کی زائد درآمدات کی گئی ہیں۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان(پی بی ایس) کے اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا فروری کے دوران دالوں کی ملکی درآمدات کا حجم 599.285 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران399.980 ملین ڈالر کی درآمدات کی گئی تھیں۔

پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق بالحاظ وزن دالوں کی درآمد میں23 فیصد کے اضافہ سے درآمدات میں ایک لاکھ43 ہزار769 میٹرک ٹن کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔گذشتہ مالی سال میں جولائی تا فروری2015-16ء کے دوران6 لاکھ37 ہزار357 میٹرک ٹن دالیں درآمد کی گئی تھیں جبکہ جاری مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ کے دوران دالوں کی قومی درآمدات7 لاکھ81 ہزار126 میٹرک ٹن تک بڑھ گئیں۔

زرعی و اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی ملکی آبادی کی غذائی ضروریات کی تکمیل کیلئے دالوں کی طلب میں اضافہ جبکہ نامساعد موسمی حالات کے باعث بارانی علاقوں میں دالوں کی پیداوارمیں کمی کے باعث درآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ درآمدات میں کمی اور قیمتی زرمبادلہ کی بچت کیلئے دالوں کے زیرکاشت رقبہ میں اضافہ اور پیداوار کے فروغ کیلئے جدید زرعی ٹیکنالوجی اور زائد پیداوار کے حامل بیجوں اور متناسب کھادوں کے استعمال کے رجحان میں اضافہ کیلئے کاشتکار طبقہ کی رہنمائی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کی ضرورت ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) خوبانی ایک صحت بخش اور مفید پھل ہے جو تقریبا سبھی لوگوں کو پسند ہوتا ہے۔ خوبانی کی اہم بات اس کی گری ہے جو بادام جیسا مزا دیتی ہے ۔اسی لیے کم و بیش سبھی خوبانی کھانے والے اس کی گری بھی شوق سے کھاتے ہیں مگرایسا کرنے سے موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔
خوبانی کی گری سے متعلق اب تک یہ سمجھا جاتا رہا ہے کہ اسے کھانا مفید ہے اور یہ کینسر سمیت کئی اقسام کی بیماریوں سے بچاؤ میں مددگارثابت ہوتی ہے۔ مگر حقیقت اس کے برعکس ہے، خوبانی کی گری صحت کیلئے سنگین خطرے کا باعث بن سکتی ہے حتیٰ کہ اسے کھانے سے فوری موت بھی واقع ہو سکتی ہے کیونکہ گری میں جان لیوا زہر’’سائنائیڈ‘‘ پایا جاتا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق خوبانی کی گری میں ایک مادہ ’’امیگدالین‘‘پایا جاتا ہے، جو ’’گیلوکوسیڈسایانوجن ‘‘ کیمیکل کی ایک قسم ہے۔ خوبانی کی گری چبانے سے ہائیڈروجن سائنائیڈ گیس پیدا ہوتی ہے ۔ البتہ اگر گری کو پکا لیا جائے تو ایک مخصوص درجہ حرارت پر اس کے زہریلے اثرات ختم ہو جاتے ہیں۔
برطانوی فوڈ اسٹینڈرڈز ایجنسیی (ایف ایس اے ) کی جانب سے جاری کردہ وارننگ کے مطابق خوبانی کی گری کھانے سے پرہیز کیا جائے کیونکہ اس میں سائنائیڈ سمیت انتہائی زہریلے مادے پائے جاتے ہیں۔ وارننگ کے مطابق خوبانی کی 30 گریاں ایک ہی وقت میں کھا لینے سے انسان کی موت بھی واقع ہوسکتی ہے، جبکہ 10 سے 15گریاں کھانے والے افراد بھی ہاتھ پاﺅں سن ہوجانے اور دیگر شکایات کے بعد اسپتال پہنچ چکے ہیں۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت)پیداوار میں کمی کی خبروں پر مارکیٹ میں مرغی اور ٹماٹر کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، لیاقت آباد سپر مارکیٹ میں ٹماٹر 100 اور مرغی 380 روپے کلو فروخت ہوئی۔

مارکیٹ کے ایک سبزی فروش عمران کے مطابق مارکیٹ میں گرم موسم میں مرغیوں کے مرنے اور ٹماٹر کی پیداوار کم ہونے کی خبریں قیمت کو بڑھاوا دے رہی ہے۔ حکومت نے ننانوے روپے ریٹ دیا ہے، یہ بھی اضافی قیمت کا عندیہ ہے کیونکہ حکومتی ریٹ مارکیٹ ریٹ سے ہمیشہ کم ہوتا ہے۔

شہر کے بڑے علاقوں میں ٹماٹر 160 روپے تک فروخت ہوا ، جبکہ مرغی کی قیمت چار اور پانچ سو روپے کے درمیان بے قرار نظر آئی۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) واٹس ایپ میں اکثر نئی تبدیلیاں آتی رہتی ہیں اور اب اس میں ایک اور فیچر جلد سامنے آنے والا ہے۔
جی ہاں واٹس ایپ میں اب نیا فیچر متعارف کرائے جانے والا ہے جس میں اگر کوئی صارف اپنا فون نمبر تبدیل کرے گا تو اس کے کانٹیکٹس کو اس کی اطلاع دی جائے گی۔
یہ فیچر ان افراد کے لیے کارآمد ہے جو کسی وجہ سے فون نمبر بدلتے ہیں مگر اپنے واٹس ایپ فرینڈز کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں مگر انہیں یہ یقین دلانا مشکل ہوسکتا ہے کہ یہ نیا نمبر آپ کا ہی ہے۔
اپنے کانٹیکٹس کو اپنے پاس رکھنا اور فون نمبر بدلنے سے انہیں آگاہ کرنا کافی آسانی کا باعث ہوگا۔
تاہم یہ فیچر کب تک متعارف کرایا جاتا ہے ابھی اس بارے میں کہنا مشکل ہے مگر رپورٹس کے مطابق اس فیچر کی مدد سے آپ اپنی مرضی سے ایسے کانٹیکٹس کا انتخاب کرسکیں گے جنھیں فون نمبر بدلنے پر نوٹیفکیشن ارسال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں واٹس ایپ میں کئی تبدیلیاں متعارف کرائی گئی تاکہ دنیا بھر میں اس ایپ کی مقبولیت کو برقرار رکھا جاسکے۔
اپنے نئے اسٹیٹس کے ساتھ انہوں نے ٹیکسٹ اسٹیٹس کو بھی دوبارہ متعارف کرایا۔
اسی طرح واٹس ایپ میں لینڈ اسکیپ موڈ کی آزمائش کی بھی اطلاعات ہیں جو کہ پہلی بار ہے کیونکہ اب تک اس میں پورٹریٹ موڈ کو استعمال کیا گیا ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت)اسٹیٹ بینک نے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا، اگلے دو ماہ کے لیے شرح سود پانچ اعشاریہ سات پانچ فیصد پر برقرار رکھی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ مالی سال دوہزار سترہ میں معاشی شرح نمو مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔سی پیک، توانائی کی بہتر ترسیل، خام مال کی کم قیمت سے بڑی صنعتوں اور زراعت کی پیداوار بڑھ رہی ہے۔ شہریوں کی آمدنی میں اضافے کی وجہ سے اشیا کی طلب میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون نے حال ہی میں میک اپ کی نامور برانڈ 'لوریل' کی سفیر ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا، جس کے بعد ان کی کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کی خبریں وائرل ہونا شروع ہوگئیں۔ تاہم دپیکا پڈوکون نے اس فیسٹیول میں شرکت سے انکار کردیا۔
خیال رہے کہ لوریل ہر سال دنیا بھر سے اپنی برانڈ ایمبیسڈرز کو کانز فلم فیسٹیول کے ریڈ کارپٹ پر واک کرنے کے لیے منتخب کرتا ہے، بالی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن، سونم کپور اور کترینہ کیف اس برانڈ کا حصہ رہ چکی ہیں، جنہوں نے کانز کے ریڈ کارپٹ پر بھی شرکت کی۔ تاہم کترینہ کیف اب لوریل کا حصہ نہیں اور دپیکا پڈوکون نے یہ اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
برانڈ ایمبیسیڈر بننے کے باوجود دپیکا پڈوکون کانز کے ریڈ کارپٹ پر لوریل کے لیے واک نہیں کر پائیں گی، جس کی وجہ ان کا مصروف شیڈول ہے۔
زرائع کے مطابق دپیکا پڈوکون بھی اس فیسٹیول کا حصہ بنیں گی، تاہم اداکارہ نے ایک ایوارڈ شو کے دوران اس میں شرکت سے انکار کردیا۔
جب دپیکا سے اس حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ 'نہیں، اس وقت میرا مکمل فوکس فلم پدماوتی کی جانب ہے'۔
خیال رہے کہ اس فیسٹیول میں دپیکا پڈوکون کی حریف سونم کپور بھی کئی سالوں سے حصہ لے رہی ہیں، تاہم اس سال تو نہیں لیکن آنے والے سالوں میں دپیکا پڈوکون اور سونم کپور کو ایک ساتھ اس پلیٹ فارم پر دیکھنا کافی دلچسپ ہوگا۔
اگر کام کے حوالے سے بات کی جائے تو دپیکا پڈوکون کی فلم 'پدماوتی' رواں سال 17 نومبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
اس فلم میں رنویر سنگھ اور شاہد کپور بھی اہم کردار کرتے نظر آئیں گے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) فلموں میں تو آپ نے روبوٹس کو بڑے بڑے کام کرتے دیکھا ہوگا مگر اب حقیقی زندگی میں بھی ذہین و فطین روبوٹ انسانوں کیلئے بڑے بڑے کام جیسے انجام دیں گے، جس میں ٹریفک کنٹرول کرنا بھی شامل ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق روبوٹک خود کار مشینی پولیس سب سے پہلے متحدہ عرب امارات کی دبئی ریاست میں متعارف کرائی جائے گی، روبوٹک پولیس ٹریفک کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر ذمہ داریاں بھی ادا کرے گی۔
برطانوی اخبار نے بھی مشینی انسان اور روبوٹک پولیس کے نظریے کو عملی شکل دینے کی تصدیق کی ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روبوٹک پولیس کا سب سے پہلے مظاہرہ متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کی سڑکوں پر دیکھا جائے گا، توقع ہے کہ آئندہ مئی میں دبئی میں خود کار پولیس کی تعیناتی مرحلہ وار شروع کی جائے۔
اخباری رپورٹ کے مطابق شہری کسی بھی مشینی پولیس اہلکار کے پاس جاکر اپنا مسئلہ بیان کرسکیں گے، اگر کسی کو کوئی خطرہ لاحق ہو تو وہ ناصرف اس مشینی پولیس سے رابطہ کرسکے گا بلکہ پریشانی اور خطرے کے انسداد کیلئے پولیس اہلکار اس کی مدد بھی کرے گا، خود کار مشینی پولیس اہلکار کے سینے پر ایک اسکرین لگی ہوگی جس پر اس کے رد عمل کا اظہار ایک سے زیادہ زبانوں میں کیا جائے گا۔
مشینی پولیس اہلکار لوگوں سے نہایت نرمی سے بات کریں گے اور زندہ انسانوں سے دوستانہ ماحول میں رہیں گے، لوگوں کو سلام کلام کریں گے، ہاتھ ملائیں گے اور ان کے مسائل سن کر ان کے حل کیلئے فوری اقدامات کریں گے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)آج کل پاکستانی ڈراموں میں سماجی مسائل کو کافی حد تک پیش کیا جارہا ہے اور پاکستان کی دو معروف اداکارائیں عتیقہ اوڈھو اور ثانیہ سعید بھی اس دوڑ کا حصہ بننے جارہی ہیں۔
عتیقہ اور ثانیہ بہت جلد ایک ساتھ 'پیاری بٹو' نامی ڈرامے میں کام کرتی نظر آئیں گی، جو الزائمر کے مرض کے موضوع پر مبنی ہے۔
ٹی وی ڈرامہ 'پیاری بٹو' کی کہانی ساجی گل نے تحریر کی ہے۔
ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے ساجی گل نے بتایا کہ اس ڈرامے کی کہانی بچے کو گود لینے اور اُن رشتوں پر بنائی گئی جنہیں لوگ غیر اہم تصور کرتے ہیں، اداکارہ سنعیہ شمشاد اس ڈرامے میں عتیقہ اوڈھو کی بیٹی کا کردار ادا کررہی ہیں، جنہیں ان کی پھپو ثانیہ سعید نے گود لے لیا۔
عتیقہ اوڈھو کے کردار کے حوالے سے انھوں نے مزید بتایا کہ 'اس ڈرامے میں عتیقہ کا کردار کافی منفی انداز میں پیش کیا گیا ہے، جو کافی منفرد ہوگا'۔
دوسری جانب عتیقہ اوڈھو کا ماننا ہے کہ یہ کردار ان کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ 'پیاری بٹو ایک دلچسپ پروجیکٹ ہے کیوں کہ میرا کردار اس میں کافی وسیع ہے، مجھے امید ہے مداحوں کو اس ڈرامے میں میرا کام پسند آئے گا'۔
تاہم جو بات انہیں سب سے زیادہ متاثر کررہی ہے وہ ہے پُرانے ساتھیوں کے ساتھ کام کرنا، اس حوالے سے انہوں نے کہا 'میں اس ڈرامے کے لیے بےحد پرجوش ہوں کیوں کہ یہ خاندانی کہانی پر مبنی ہے جس میں بہترین کاسٹ کو شامل کیا گیا ہے، میری دو پُرانی دوستیں ثانیہ سعید اور فرح شاہ اس ڈرامے میں میرے سال کئی سالوں بعد کام کرنے جارہی ہیں، اب یہ وقت بتائے گا کہ پیاری بٹو ناظرین کو کیسا لگے گا'۔
اس ڈرامے کی کاسٹ میں 'جیون ہاتھی' کے اداکار فواد خان، فرح شاہ اور راشد فاروقی بھی اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، جس کی پروڈکشن مشرف جعفری کررہے ہیں۔
'پیاری بٹو' رواں سال مئی میں نشر کیا جائے گا۔

 

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) جب کسی ملک کے بارے میں بات کی جائے تو اس کے حوالے سے لوگوں کے ذہن میں وہاں کی کوئی خاص چیز یا تصور ضرور ابھرتی ہے۔
اور گوگل کی مہربانی سے ہم جان سکتے ہیں کہ دنیا کے لوگ پاکستان کے حوالے سے کس چیز کا تصور سب سے زیادہ کرتے ہیں۔
جی ہاں واقعی پاکستان دنیا میں کس حوالے سے سب سے زیادہ مشہور یا جانا جاتا ہے وہ کافی دنگ کردینے والا ہے۔
ایکسٹیر انٹرنیشنل نے گوگل کے آٹو سجیسٹ کے ذریعے جانا ہے کہ لوگ ممالک کے حوالے سے سب سے زیادہ کیا گوگل پر سرچ کرتے ہیں۔
اور اس سے یہ بھی جانا گیا ہے کہ کوئی ملک کس حوالے سے سب سے زیادہ مشہور ہے (کم از کم وہ لوگ جو سرچ کررہے ہیں ان کی نظر میں)۔
یہ حیران کن نہیں کہ غذائیں، مشروبات، کھیل اور تعطیلات سب سے عام ہیں مگر پاکستان اس حوالے سے سب سے مختلف ہے۔
پاکستان کو گوگل کے مطابق ڈراموں کی وجہ سے جانا جاتا ہے ، جبکہ بھارت فوڈ اور مووی، سری لنکا چائے، افغانستان وار فلمز، چین چینی کے برتنوں اور امریکا یونیورسٹیوں کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔
لٹیویا ایسے ملک ہے جو لطائف کے حوالے سے جانا جاتا ہے جبکہ گیانا کو اسفنج کیک کی وجہ سے شہرت حاصل ہے۔
تو آپ نیچے انفوگراف میں جان سکتے ہیں کہ دیگر ممالک کس حوالے سے زیادہ مشہور ہیں۔