جمعرات, 09 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) حکومت پاکستان نے جنرل(ر) راحیل شریف کوسعودی عسکری اتحادکی سربراہی کی اجازت دےدی ہے۔ تفصیلات کے مطابق میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کو سعودی عسکری اتحاد کی سربراہی کی اجازت کیلئے سعودی حکومت نے پاکستان سے تحریری اجازت مانگی تھی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے سعودی حکومت کو تحریری طور پرآگاہ کردیا ہے کہ پاکستان کو اس معاملے پر کوئی اعتراض نہیں ہے اور اس سے متعلق اب صرف رسمی کارروائی باقی ہے۔وزیردفاع کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ابھی تک جنرل(ر) راحیل شریف کی طرف کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے۔یاد رہے کہ سعودی عرب نے مسلم ممالک کی افواج کیلئے سابق آرمی چیف جنرل(ر )راحیل شریف کو قیادت کرنے کی پیشکش کی تھی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کے معاملے پر وزارت داخلہ نے سات رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم قائم کردی۔
وزارت داخلہ سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق سات رکنی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہی مظہر الحق کاکا خیل کریں گے. ٹیم زیر حراست افراد سے پوچھ گچھ کرکے رپورٹ عدالت کو پیش کرے گی۔
تحقیقاتی ٹیم میں پولیس، آئی ایس آئی اور آئی بی سمیت پی ٹی اے کے نمائندے بھی موجود ہوں گے

 

 

ایمز ٹی وی(لاہور)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے اپنی تنخواہ اور مراعات کی تفصیلات جاری کر دیں۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے اپنی ذات پر معلومات تک رسائی کے قانون کا اطلاق کرتے ہوئے اپنی تنخواہ اور مراعات کی تفصیلات جاری کر کے عدلیہ میں نئی تاریخ رقم کر دی ۔
لاہور ہائی کورٹ کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سید منصور علی شاہ نے اپنی تنخواہ اور مراعات کی تفصیلات جاری کردی ہیں جس کے مطابق وہ ماہانہ 10 لاکھ 50 ہزار 538 روپے تنخواہ لیتے ہیں جس میں بنیادی تنخواہ 7 لاکھ 13 ہزار 280 روپے، 2 لاکھ 69 ہزار 252 روپے سپیشل جوڈیشل الاﺅنس اور 67 ہزار733 روپے جوڈیشل الاو¿نس شامل ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس سرکاری گھر میں رہائش پذیر ہیں جس کی وجہ سے وہ 65 ہزار روپے ماہانہ ہاو¿س رینٹ الاو¿نس نہیں لے رہے۔ مراسلے کے ذریعے پنجاب انفارمیشن کمیشن کو چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی تنخواہ اور مراعات کے بارے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
سید منصور علی شاہ تنخواہ اور مراعات کو پبلک کرنے والے پہلے جج ہیں، ماضی میں عدالتی تاریخ کے دوران کبھی بھی کسی جج کی طرف سے تنخواہوں اور مراعات کو عوام کے لیے منظر عام پر لانے کی مثال موجود نہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آصف زرداری دوسروں پر کمیشن لینے کا الزام لگانے سے پہلے آئینہ دیکھ لیا کریں، لوٹ مار کے نت نئے طریقے ایجاد کرنا آصف زرداری کا طرہ امتیاز ہے، سندھ کی ترقی و خوشحالی کیلئے 2018ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی شکست لازم ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ قوم چوری کی چُوری کھا کر جوان ہونے والوں کو پاکستان لوٹنے کا موقع نہیں دے گی، زرداری پارٹی کے دس سالہ دور اقتدار نے سندھ کو آسیب زدہ کھنڈر بنا ڈالا ہے، سندھ کی ترجمانی کی دعویدار زرداری پارٹی نے سندھ کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا، مسلم لیگ (ن) اہل سندھ کو زرداریوں کی استحصالی حکومت سے نجات دلائے گی۔
انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ سندھ میں سیاسی خلاء مسلم لیگ (ن) ہی پورا کرے گی، سندھ میں مسلم لیگی رہنماؤں کے خلاف انتقامی کارروائیوں سے ہماری پیشقدمی نہیں رک سکتی، سندھ کی ترقی و خوشحالی کیلئے 2018ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی شکست لازم ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ متبادل قیادت ملی تو اہل سندھ 2018ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کا ’’ سندھ کارڈ ‘‘ان سے چھین لیں گے، پیپلز پارٹی کو پنجاب میں جلسوں کے انعقاد کے اعلان پر خوش آمدید کہتے ہیں، اہل پنجاب کے دل جیتنے کیلئے باتیں نہیں کارکردگی چاہیے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم سندھ میں دستک دے رہے ہیں، زرداری حکومت انتقامی کارروائیوں سے گریز کرے۔

 

 

ایمز ٹی وی(نئی دہلی) بھارت نے کہا ہے کہ دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ کے لئے رواں سال چین، اقوام متحدہ، روس اور امریکہ سمیت کئی ممالک کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں کرے گا۔

بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق وزیر دفاع سبھاش بہامری نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ رواں سال آسٹریلیا، بنگلہ دیش، چین، فرانس، انڈونیشیاء، قازقستان،کرغزستان، ملائیشیا، مالدیپ، منگولیا، نیپال، روس، سری لنکا، تھائی لینڈ، متحدہ عرب امارات اور امریکہ کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں کی جائیں گی۔ انہوں نے مشقوں کے ذریعے اعلی سطحی سرکاری دروں، فوجی تجربات کا تبادلہ، تربیت، سیمیناروں، ورکشاپوں اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان مشقوں کا مقصد مذکورہ ممالک کے ساتھ دوطرفہ دفاعی تعاون کو بڑھانا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کو پہلی بار عالمی چیمپئن بنے آج 25 سال مکمل ہو گئے ہیں،25 مارچ 1992 وہ خوش قسمت دن تھا جب پاکستان کرکٹ کا فاتح عالم بنا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کو ورلڈ کپ جیتے آج 25 سال مکمل ہوچکے ہیں اور ورلڈ کپ کی سلور جوبلی منائی جارہی ہے۔ورلڈ کپ 1992 ء میں شریک کھلاڑیوں نے سلور جوبلی کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ورلڈ کپ کے فاتح کپتان عمران خان نے کہا کہ ورلڈ کپ کے آغاز سے پہلے سعید انور اور وقار یونس ان فٹ ہوگئے تھے اور دونوں کھلاڑیوں کے ان فٹ ہونے سے مشکلات پیدا ہوئیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ جاوید میانداد اور میں بھی پوری طرح فٹ نہیں تھے مگر ٹیم کی فائٹنگ اسپرٹ کی داد دینا ہوگی کیونکہ دوسری ٹیمیں ہمت ہار جاتی ہیں اور ہم نے فتح سمیٹی۔

جاوید میانداد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی چیمپئن بننا کسی بھی ملک کیلئے اعزاز کی بات ہے،ورلڈ کپ کی جیت قوم کے چہروں پر خوشی لے آئی تھی۔ وسیم اکرم نے کہا کہ ورلڈ کپ کی جیت میرے لئے خواب کی تعبیر تھی۔معین خان کا کہنا تھا کہ فائنل کا ٹرننگ پوائنٹ وسیم اکرم کی 2 گیندیں تھی۔چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ آج بھی ہر کوئی میری سیمی فائنل میں کارکردگی کی بات کرتا ہے،کیریئر کے کچھ لمحے ایسے ہوتے ہیں جنہیں بھلایا نہیں جاسکتا۔

عاقب جاوید نے کہا کہ ہمیں یقین تھا ورلڈ کپ جیت جائیں گے۔یاد رہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 22 رنز سے شکست دی تھی۔

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) تپ دق ایک مہلک، لیکن قابلِ علاج بیماری ہے۔علاج میں بے قاعدگی یا کو تاہی سرزد ہوجائے تو یہ مزاحمتی ٹی بی کی شکل اختیار کرلیتا ہے۔ خیبر پختونخوا میں ہر سال 30 ہزار افراد اس مرض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
ٹی بی ایک خطرناک متعدی مرض ہے۔ جو مائیکو بیکٹیریم ٹیوبر کلوسس نامی جراثیم سے پیدا ہوتا ہے۔ یہ جراثیم جسم کے کسی بھی حصے پر حملہ آور ہو سکتے ہیں لیکن زیادہ تر پھیپھڑے اس کا نشانہ بنتے ہیں۔
ٹی بی کے مریضوں کے نامناسب علاج سے مریضوں میں ٹی بی ادویات کے خلاف مزاحمت پیدا ہوچکی ہے اور بڑی تعداد میں ملٹی ڈرگ ریزسٹنٹ ٹی بی کے مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ جن پر عام ٹی بی ادویات اثر نہیں کرتیں۔
دنیا بھر میں ٹی بی کے مرض کے لحاظ سے پاکستان چوتھا بڑا ملک ہے۔محکمہ صحت خیبر پختونخواکے اعدادوشمار کے مطابق صوبہ میں ٹی بی کا مرض خواتین میں زیادہ پایا جاتا ہے اوراس کی شرح مردوں میں 46جبکہ خواتین میں 54فیصد ہے۔
مزاحمتی ٹی بی لاعلاج مرض نہیں،ضرورت ہے حفظان صحت کے اصولوں سے متعلق شعور بیدار کرنے کی خصوصاً دیہی علاقوں میں صحت وصفائی پر توجہ دی جائے تو اس مرض پر کسی حد تک قابو پایا جا سکتا ہے۔
ٹی بی ایک قابل علاج مرض ہے بروقت علاج سے اس مرض سے چھٹکارا پایاجاسکتا ہے۔ ٹی بی کا نامکمل علاج ٹی بی کو ایم ڈی آر ٹی بی میں تبدیل کردیتا ہے جس کا علاج مشکل اور بے حد پیچیدہ ہے۔
سنہ 2016میں اسپتال میں ٹی بی کے 3710نئے مریض اور ایم ڈی آر ٹی ٹی کے 180مریض رجسٹر ہوئے، ملک میں ٹی بی سے بارے میں آگہی کی اشد ضرورت ہے۔ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں ٹی بی کے 0.5ملین نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ سالانہ 5000اموات واقع ہوتی ہیں۔
 

 

 

ایمزٹی وی(گلگت بلتستان)سابق ڈپٹی اسپیکر قانون ساز اسمبلی جمیل احمد نے کہاہے کہ صوبائی حکومت ہزاروں اخباری کارکنوں کا معاشی قتل کر رہی ہے ایک طرف حکومت مختلف منصوبوں کے نام پر اپنے چہیتوں کو کروڑوں روپے سے نواز رہی ہے تو دوسری جانب اخبارات کے واجب الادا 8کروڑ روپے دینے کیلئے تیار نہیں ہے بقایا جات کی عدم ادائیگی کے باعث گلگت بلتستان کے اخبارات دیوالیہ ہو رہے ہیں اکثر اخبارات حکومت کی عدم توجہی کے باعث بند ہو چکے ہیں اور متعدد اخبارات بند ہونے والے ہیں لیکن وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن کو بیرونی دوروں سے فرصت نہیں مل رہی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ چھومک پل اور دیگر منصوبوں کے ٹھیکے اپنے رشتہ داروں کو دلوا کر انہیں ایک ارب سے زائد کا فائدہ پہنچا رہے ہیں لیکن انہیں اخباری صنعت سے وابستہ ہزاروں افراد کی رزق بند ہونے کا کوئی احساس نہیں ہے جو شرم نا ک فعل ہے اخبارات کی اشاعت پچھلے پانچ روز سے بند ہے لیکن حکومت تماشائی بنی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم اقتدار میں تھے تو حفیظ الرحمن آزادی صحافت کے بلند بانگ نعرے لگا تے تھے لیکن جب انہوں نے اقتدار سنبھالا تو اخبارات ہی بند ہو گئے انہوں نے کہا اخبارات کے بند ہونے سے 3ہزار سے زائد اخباری کارکنوں کی تنخواہیں بند ہو گئی ہیں اور ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے ہیں ایک طرف حفیظ الرحمن روز گار کے مواقع پیدا کرنے کے دعوے کرتے ہیں تو دوسری جانب وہ لوگوں سے روز گار چھینے پر تل گئے ہیں اخبارات کی بندش کی وجہ سے سینکڑوں اخبار فروشوں کی مزدوری بند ہو چکی ہے اور وہ ان دنوں سنگین مالی مشکلات کا شکار ہیں حکومت تماشا نہ دیکھے اور اخباری مالکان سے فوری مذاکرات کرے ورنہ صورتحال پیچیدہ ہو جائے گی۔ نیٹکو میں ٹائروں کی خریداری میں بڑے پیمانے پر کرپشن ہوئی وزیر اعلیٰ بتائیں کہ انہوں نے نیٹکو میں ٹائروں کی خریداری کا ٹھیکہ اور چھومک پل کا ٹھیکہ کس قانون اور قاعدے کے تحت اپنے رشتہ دار ٹھیکیدار کو دیا ہے ۔

 

 

 
ایمز ٹی وی(اسپورٹس) ایشیاء کرکٹ کپ میں شرکت کیلئے پاکستان کی انڈر23 ٹیم محمد رضوان کی قیادت میں بنگلہ دیش روانہ ہوگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش میں کھیلے جانیوالے انڈر 23 ایشیاء کرکٹ کپ کیلئے پاکستان ٹیم کا 15 رکنی دستہ اور 7 آفیشلز علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوئے۔پاکستان ٹیم براستہ دبئی بنگلہ دیش پہنچے گی۔
ٹورنامنٹ کل سے 2 اپریل تک کھیلا جائے گا جس میں پاکستان، بھارت،سری لنکا،بنگلہ دیش اورافغانستان،نیپال،ہانگ کانگ اور ملائیشیاکی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ پاکستان اپنا پہلا میچ 27 مارچ کو نیپال کے خلاف کھیلے گا۔
 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے اسپن باؤلنگ کوچ / کنسلٹنٹ کے طور پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کرلیں۔
ثقلین مشتاق نے اس بات کی تصدیق کی اور بتایا کہ 'انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے میری خدمات 2 سال کے لیے حاصل کی ہیں اور مجھے ان کے ساتھ ایک سال میں 100 دن کام کرنا ہوگا'۔
انھوں نے بتایا کہ 'میرا بنیادی کام انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہے لیکن میں نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے ساتھ بھی کام کروں گا'۔
ثقلین جو اس سے قبل نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ اسپن باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے کام کرچکے ہیں، امید ظاہر کی کہ انگلینڈ کا اسپن ڈپارٹمنٹ ان کی زیر نگرانی بہتر کارکردگی دکھائے گا۔
ان کا کہنا تھا، 'عادل رشید اور معین علی بہت باصلاحیت ہیں اور انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلے ہی اپنا نام بنا چکے ہیں، دونوں نے دورہ ہندوستان کے دوران انگلینڈ کی طرف سے کھیلتے ہوئے بہترین کارکردگی دکھائی اور مجھے امید ہے کہ میں مزید کامیابی کی طرف ان کی رہنمائی کروں گا'۔
ثقلین نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے صرف ایک مرتبہ گذشتہ برس ان سے کوچنگ کے سلسلے میں رابطہ کیا لیکن چند کالز اور ایس ایم ایس کے بعد مزید کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔