جمعرات, 09 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(سندھ)سندھ کے سابق وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ چوہدری نثاربڑھکیں نہ ماریں،ان کی ایما پر پاکستان نہیں چلے گا ، جھوٹے مقدمات بنا کر یک طرفہ احتساب کیاجارہاہے ۔
میڈیا سے گفتگو میں شرجیل میمن نے وزیرداخلہ چوہدری نثار پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ پاناما کیس میں وزیراعظم اور منی لانڈرنگ کیس میں اسحاق ڈارکا نام ای سی ایل میں کیوں نہیں ڈالا؟
انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری نثار غیر ضروری پھرتی دکھاتےہیں ،وہ یک دم اسپاٹ فکسنگ معاملے میں بھی کود پڑے،ہم عدالتوں کا سامنا کریں گے 
شرجیل میمن کا کہناتھاکہ نواز شریف سمیت جن لوگوں کا بھی اصغر خان کیس میں نام آیا ، ای سی ایل میں ڈالا جائے ،ہم شریف برادران کی طرح عدالت سے اسٹے نہیں لیں گےجبکہ ہم بھی یہ حق رکھتے ہیں۔
 

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ پنجاب)وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود نے کہا ہے کہ حکومت نے جنوبی پنجاب کے 4اضلاع میں نئے داخل ہونے والے بچوں کو مفت اسکول بیگ دئیے جائیں گے۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مفت اسکول بیگ دیے جانے والے اضلاع میں راجن پور،لیہ، ڈیرہ غازی خان اور بھکر شامل ہیں ، طالب علموں کو پہلی مرتبہ اسٹیشنری بھی مفت دی جائے گی ۔

رانا مشہود نے مزید کہا کہ ان چاروں اضلاع میں بچوں کی اسکولوں میں تعداد باقی اضلاع سے کم ہے، بچوں کو اسکولوں میں لانے کی ترغیب دینے کےلیے مراعات دے رہے ہیں۔

صوبائی وزیر تعلیم کا کہناتھاکہ 3 ہزار اسکولوں کو آئی ٹی سے جوڑا جا رہا ہے،53 ہزار اسکولوں میں ٹیبلٹ دینے کے بعد وائی فائی کنکشن دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 30 مارچ سے انرولمنٹ دوبارہ شروع کی جارہی ہے،اس مرتبہ 5سے 9 سال کی عمر کے بچوں کو اسکولوں میں لانا ٹارگٹ ہے

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن کا وقت قریب ہے اور پیپلز پارٹی الیکشن کیلئے تیار ہے، ان کو پتہ چل جائے گا کہ الیکشن کہتے کسے ہیں۔ پیپلز پارٹی کا ایک وفد تمام پارٹیوں سے مذاکرات کرے گا تاکہ پورے پاکستان، بالخصوص پنجاب اور شہر لاہور میں صاف شفاف الیکشن کرایا جا سکے۔
تفصیلات کے مطابق آصف علی زرداری سینئر پارٹی رہنماءعزیز الرحمان چن کی رہائش گاہ آئے جہاں انہوں نے کارکنوں کیساتھ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کارکنوں کا ولولہ، جوش دیکھ کر پتہ لگتا ہے کہ پیپلز پارٹی اور کارکن اب دوبارہ ایک مقابلے کیلئے تیار ہیں، پچھلی دفعہ ہم پر ہتھکڑیاں لگی ہوئی تھیں لیکن اس دفعہ کوئی ہتھکڑی نہیں، میں خود اور بلاول میدان میں ہیں، آپ کی بیٹیاں میدان میں ہیں، ہم سب ساتھ نکل کر میدان میں مقابلہ کریں گے اور ان کو پتہ چل جائے گا کہ الیکشن کسے کہتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کا وقت آنے والا ہے، ان دوستوں کو اور آپ کو سمجھنا چاہئے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے کبھی بھی شکست نہیں کھائی۔ پیپلز پارٹی نے پنجاب سے کبھی شکست نہیں کھائی البتہ آر او الیکشن سے شکست ضرور کھائی ہے، آر او الیکشن پہلے بھی ہوئے تھے اور اب بھی ہو رہے ہیں لیکن ہم نے ان کا مقابلہ کرنا ہے۔
انہوںنے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے پاس پیپلز پارٹی کا ایک وفد بھیجیں گے جو مذاکرات کرے گا کہ کس طرح پورے پاکستان بالخصوص پنجاب اور شہر لاہور میں صاف اور شفاف الیکشن کر سکیں۔ آپ دوستوں کا ولولہ دیکھا ہے اور قربانیاں بھی یاد ہیں، آج شہیدوں کی بہنیں یہاں موجود ہیں، میں نے وہ دن بھی دیکھے کہ جب بی بی آیا کرتی تھیں تو پورا لاہور بند ہو جایا کرتا تھا، اب بھی ایسا ہی ہو گا، ہم جب نکلیں گے تو پورا لاہور بند ہو گا ۔

 

 

ایمزٹی وی(کوئٹہ)ایف سی بلوچستان نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بارودی سرنگ برآمد کر کے مردم شماری کو سبوتاژ کرنے اور سیکیورٹی فورسز پر حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا ۔
پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق ملک بھر میں جاری ’’آپریشن ردالفساد‘‘ کے تحت ایف سی کی بھاری نفری نے تربت کے علاقے دشت روڈ پر نصب بارودی سرنگ بر آمد کرکے ناکارہ بنا دی
ذرائع کےمطابق سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ کا مقصد مردم شماری کو سبوتاژ کرنا اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانا تھا جسے بروقت کارروائی کے نتیجے میں ناکام بنا دیا گیا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شرجیل میمن قوم کی لوٹی ہوئی دولت کاحساب دیں ۔ وہ اپنی چوری اورکرپشن چھپانے کیلئے شور مچا رہے ہیں چوہدری نثار پر پاکستانی قوم کا اعتماد ہے اس لئے وہ وزیر داخلہ ہیں۔ کرپٹ افراد چوہدری نثار سے خوف زدہ ہیں جبھی وہ ان کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کرتے ہیں ۔ چودھری نثارکی دیانت اورکردار پرسوال اٹھانے سے پہلے گریبان میں جھانکیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شرجیل میمن لوگوں کی لوٹی ہوئی دولت کا جواب دیں وہ جتنا شورمچالیں، احتساب سے نہیں بچ سکتے، جواب تودیناہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چودھری نثاروزیراعظم کے وژن کے مطابق پاکستان کودہشتگردی سے پاک کررہے ہیں۔ وزیر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ چودھری نثار پر پاکستانی قوم نے اعتماد کرکے وزیرداخلہ بنایا ہے۔ کرپشن کرنے والے چودھری نثار سے خوفزدہ ہیں، شرجیل میمن صاحب قوم کوجواب دیں چوری اورکرپشن کیوں کی؟۔
 

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)شاہ زیب قتل کیس میں سزائے موت کا مجرم شاہ رخ جتوئی گزشتہ پانچ ماہ سے جناح ہسپتال کراچی کے وی آئی پی وارڈ میں زیرعلاج ہے جبکہ علاج سے متعلق سنٹرل جیل کے حکام بھی لاعلم ہے ، عدالت کو بھی ملزم کے علاج یا اس کی حالت کے بارے میں آگاہ نہیں کیاگیا اور غیر مصدقہ اطلاعات ہیں کہ سزائے موت کا مجرم اپنی رہائش گاہ اور دیگر علاقوں میں بھی گھومتا ہے۔
 
میڈیا ذرائع کے مطابق شاہ رخ جتوئی کو 2013ءمیں شاہ زیب قتل کیس میں سزائے موت ہوئی تھی اور وہ جیل میں تھا لیکن 28اکتوبر 2016ءکو محکمہ داخلہ کی جانب سے ایک آرڈر جاری ہوا جس میں کہاگیاکہ مجرم کو دماغ کا مسئلہ ہے ، ہسپتال منتقل کریں، اسی حکم نامے کے تحت مجرم کو خاموشی سے جناح ہسپتال کی وی آئی پی وارڈ میں منتقل کردیاگیا اور گزشتہ پانچ ماہ سے وہیں موجود ہے جہاں اسے تمام ترسہولیات میسر ہیں، جیل حکام اور ہسپتال انتظامیہ اس ضمن میں کسی قسم کی بات کرنے یا دستاویزات سامنے لانے سے گریز اں ہیں جبکہ مجرم سے اہلخانہ اور دوست احباب ملتے رہتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عمومی طورپر مجرم کا جیل کے اندر موجود ہسپتال میں ہی علاج ہوتا ہے لیکن اگر جیل سے باہر لے جانا پڑے تو روزانہ کی بنیاد پر جیل حکام کو عدالت کو آگاہ کرنا پڑتاہے کہ مجرم کی صحت کیسی ہے اور اس میں کیا بہتری یا ابتری ہوئی ہے لیکن شاہ رخ جتوئی کے معاملے میں عدالت کو بھی کچھ نہیں بتایاگیا۔یہ بھی دعویٰ کیاگیاہے کہ مجرم جناح ہسپتال کی آڑ میں اپنی رہائش گاہ اور دیگر علاقوں میں بھی گھومتا رہتاہے ۔

 

 

 
ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر میں ٹیکنالوجی ماہرین سام سنگ کے نئے اسمارٹ فون گلیکسی S8 کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں جو 29 مارچ کو متعارف کرایا جائے گا لیکن اس سے قبل ہی اس کی چند تصاویر منظرعام پر آ گئی ہیں جس میں اسے استعمال کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور ان تصاویر نے سوشل میڈ یا پر ہلچل برپا کر دی ہے۔
s1
 
میکسیکو کے ایک صارف نے گلیکسی S8 پلس کی تصاویر اپ لوڈ کی ہے جس میں وہ اپنی کار میں بیٹھا فون استعمال کر رہا ہے۔ یہ تصاویر بالکل اصلی ہیں اور اس کے دلکش ڈیزائن اور شانداراسکرین نے سب پر سحر طاری کر دیا ہے
 
s2
ان تصاویر کے ذریعے گلیکسی S8 کی بھرپور جھلک دنیا کو دیکھنے کو مل گئی ہے اور یہ بھی پتہ چل گیا ہے کہ 6.2 انچ کی سکرین سے مزین اس فون کا ڈیزائن اس قدر بہترین ہے کہ یہ آرام سے ہاتھ میں پورا آ جاتا ہے۔
s4 
صارف نے ان تصاویر کے ساتھ ایل جی کے نئے فلیگ شپ سمارٹ فون V20 کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں جس کی اسکرین کا سائز 5.7 انچ ہے لیکن حیران کن طور پر دیکھنے میں دونوں ایک ہی سائز کے نظر آتے ہیں جس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ سام سنگ کا گلیکسی S8 اب تک کا بہترین سمارٹ فون ہو گا۔

 

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/سندھ) ملک بھر کے سرکاری اسکولوں میں پرائمری کلاسوں کے لیے صرف خواتین اساتذہ تعینات کرنے کا فیصلہ،وفاق اور صوبوں کی سطح پر مرحلہ وارخواتین اساتذہ بھرتی کیے جا ئیں گے۔
ذرائع کے مطابق وفاق اور صوبوں نے اتفاق کیا ہے کہ ملک بھر کے سرکاری اسکولوں میں پرائمری کلاسوں کے لیے صرف خواتین اساتذہ کوتعینات کیا جائے گا تعلیمی اداروں میں خواتین اساتذہ کی تعیناتی بتدریج کی جائے گی۔ بچوں اور بچیوں کو مرد اساتذہ کے بجائے صرف لیڈی ٹیچرز پڑھائیں گی اس ضمن میں صوبوں اور وفاق نے اتفاق رائے کرتے ہوئے مرحلہ وار خواتین اساتذہ بھرتی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ، پرائمری سطح تک صرف خواتین اساتذہ کے پڑھانے کے فیصلے کو نئی قومی تعلیمی پالیسی میں بھی شامل کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر کے پرائمری سطح کے اسکولوں میں طلباءکیلئے مرد اساتذہ اور طالبات کیلئے خواتین اساتذہ تدریسی خدمات سر انجام دے رہی ہیں ، وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے صوبوں کے ساتھ مشاورت کے بعدفیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر میں طلبا و طالبات کے پرائمری سطح کے سرکاری اسکولوں میں صرف خواتین اساتذہ تدریسی خدمات انجام دیں گی اس ضمن میں وفاق اور صوبوں میں اتفاق رائے ہو گیا ہے اور اس فیصلے کو نئی تعلیمی پالیسی کا حصہ بنایا گیا ہے۔
پرائمری سطح کے سرکاری اسکولوں میں صرف خواتین اساتذہ کو تدریسی خدمات انجام دینے کیلئے مرحلہ واربھرتیاں کی جائیں گی تاہم ذرائع کے مطابق اس فیصلہ میں عملدرآمد کیلئے کئی سال لگ سکتے ہیں کیونکہ یکدم خواتین اساتذہ کی بھرتیاں کرنا مشکل ہے اوربچوں کے سکولوں میں پہلے سے تدریسی خدمات انجام دینے والے مرد اساتذہ کو کیسے دوسرے تعلیمی اداروں میں کھپایا جا ئیگا۔

 

 

ایمزٹی وی (ایبٹ آباد)ضلعی انتظامیہ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک کا ہیلی کاپٹر اتارنے کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری انڈر 13 ٹرائل رکوا کر بچوں کو گراونڈ سے باہر نکال دیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ایبٹ آباد کرکٹ گراونڈ میں پی سی بی اندڑ 13 کرکٹ ٹرائل جاری تھے کہ ضلعی انتظامیہ نے پولیس کی بھاری نفری کی مدد سے گراونڈ میں پہنچ کر کھیل رکوا کر بچوں کو گراونڈ سے باہر نکال دیا۔
ایبٹ آباد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا مشتاق غنی کی والدہ کے جنازے میں شرکت کے لئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے آنا ہے اور ان کے ہیلی کاپٹرز کی لینڈنگ کے لئے گراونڈ کی پچ کو مختص کیا گیا ہے اس لئے کھیل رکوا کر بچوں کو گراونڈ سے نکالا گیا۔
دوسری جانب بچوں کے ساتھ آئے ان کے والدین کا کہنا تھا کہ بچوں کے مستقبل کے ساتھ اس طرح سے کھیلنے کا کسی کو کوئی حق نہیں پہنچتا اور ضلعی انتظامیہ کو ہیلی پیڈ کسی دوسری جگہ پر بنانا چاہیے تھا کیونکہ اس طرح سے نا صرف کرکٹ کو نقصان ہو گا بلکہ بچوں کا مورال بھی کم ہو گا۔