جمعہ, 17 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(کراچی) کراچی کے علاقے کلفٹن نیلم کالونی میں 2 منزلہ عمارت گرگئی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق عمارت کے ملبے تلے دب کر2 بچوں سمیت4 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ملبے میں مزید افراد کے دبے ہونے کاخدشہ ہے۔
ریسکیو اور پولیس اہلکار حادثے کی جگہ پر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، تنگ گلیوں کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ عمارت زیادہ مخدوش نہیں تھی، عمارت کی نچلی منزل میں کرائےداررہائش پذیرتھے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) انگلینڈ اوربھارت کے درمیان تیسرااور آخری ٹی 20 میچ آج(بدھ کو ) کھیلا جائے گا۔
بھارتی نجی ٹی وی کے مطابق 3 میچوں کی سیریزکا تیسرا اور آخری ٹی ٹو ئنٹی میچ آج (بدھ کو) بھارتی شہر بنگلورکے چناسوامی اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے چھ بجے جبکہ بھارتی وقت کے مطابق 7 بجے شروع ہوگا ، تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔
واضح رہےٹی 20 میں اب تک دونوں ٹیموں 10 مرتبہ مد مقابل آ چکی ہیں جس میں 4 میچوں میں بھارت کو کامیابی ملی جبکہ 6 میچوں میں انگلینڈ نے اپنے مخالف کو مات دی۔ٹی20 میں بھارت کی قیادت ویرات کوہلی جبکہ مورگن انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)صوبہ سندھ کے نئے گورنر محمد زبیر کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے،چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نئے گورنرمحمدزبیرسے حلف لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے نئے گورنر محمد زبیر کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے،چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نئے گورنرمحمدزبیرسے حلف لیں گے، گورنر سندھ جسٹس (ر)سعید الزماں صدیقی کے انتقال کے بعد محمد زبیر کوگورنر سندھ تعینات کیا گیا ہے،نئے گورنر ،چیئرمین نجکاری کمیشن رہے ہیں، تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر کے بھائی ہیں،ان کے ایک بھائی منیر کمال ہیں جو نیشنل بینک کے چیئرمین بھی ہیں،زبیر عمر وزیراعظم نوازشریف کے کافی قریب سمجھے جاتے ہیں اور وہ پارٹی کے انتہائی سینئر رہنما بھی ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) کراچی کے چڑیا گھر کی درخواست منظور، وزیرا علیٰ سندھ سید مراد علی شاہ چڑیا گھر پہنچ گئے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرا علیٰ سندھ اچانک چڑیا گھر کا دورہ کرنے پہنچ گئے ۔ انکے ہمراہ میئر کراچی وسیم اختر اور وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو بھی انکے ہمراہ ہیں ۔ اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر نے مراد علی شاہ کو چڑیا گھر کے حوالے سے بریفنگ بھی دی ۔
انہوں نے کہا کہ مزید نئے جانور منگوانے کیلئے احکامات دے دیے ہیں اور جانوروں کی خوراک اور صفائی کے نظام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔
وزیرا علیٰ کا مزید کہنا تھا کہ چڑیا گھر سمیت دیگر تفریخی مقامات کیلئے حکومت نے کثیر رقم مختص کر رکھی ہے اور جلد چڑیا گھر میں نایاب نسل کے جانوراور پرندے منگوائے جائیں گے جبکہ یہاں لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں اور جلد شہری چڑیا گھر میں بڑی تبدیلی دیکھیں گے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)طیبہ تشددکیس میں راجاخرم کی اہلیہ ماہین ظفرکی ضمانت میں بھی10فروری تک توسیع دے دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق طیبہ تشدد کیس میں مرکزی ملزم ماہین ظفر اور راجا خرم آج عبوری ضمانت کے لئے ایڈیشنل سیشن جج راجا آصف محمود کی عدالت میں پیش ہوئے ۔جج راجا آصف نے استفسار کیا کہ طیبہ کوعدالت میں کیوں پیش نہیں کیا گیاہے۔
جواب میں وکیل کے ملزم نے کہا کہ طیبہ ابھی ریاست کی تحویل میں ہے،ابھی تک سپریم کورٹ نے بچی کی کسٹڈی نہیں دی ہے۔ایڈیشنل سیشن جج راجا آصف محمود نے طیبہ کے والدین کو عدالت میں طلبی کیلئے والدین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر والدین اور طیبہ کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
یاد رہے گزشتہ روز سپریم کورٹ میں ازخودنوٹس کیس کی سماعت میں دوہفتوں کیلئے ملتوی کردی گئی تھی۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس)’پاکستان سپر لیگ ‘ دوسرے ایڈیشن کا دنگل 9 فروری کو دبئی میں سجے گا ، اس ایونٹ کیلئے روانہ ہونے والی ٹیم ”لاہور قلندرز“ کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں الحمرا کلچرل کمپلیکس میں ”قلندرز نائٹ “ کا اہتمام کیا گیا جس میں عوام کی بھی بہت بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس تقریب میں جوش، جشن، موج مستی ، کیٹ واک ، ہلہ گلہ اور انٹرٹینمنٹ کے تمام ہی رنگ تھے۔
پورا ہال فیملیز اور نوجوانوں کی بڑی تعداد سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا ، چاروں جانب جشن کا سماں تھا، بھنگڑے کی تھاپ پر عوام کی بڑی تعداد جھومتی رہی اور ”دمادم مست قلندر، جیو لاہور قلندر “ کے نعرے بھی گونجتے رہے، ”قلندرز نائٹ “کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ اس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا تو حاضرین با ادب کھڑے ہوگئے۔
سب سے پہلے اسٹیج پر اسٹریو نیشن نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا، اس کے بعد معروف گلوکار اسرار احمد نے گروپ کے ہمراہ اسٹیج کی رونق کو دوبالا کیا اور گیت ”افغان جلیبی“ نے نوجوانوں کو رقص کرنے پر مجبور کردیا، قراۃ العین نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا، ریمپ پر واک کرتے ہوئے عمر اکمل اور دیگر کھلاڑیوں نے لاہور قلندرز کی کٹ کی رونمائی کی ۔
اس موقع پر ٹیم انتظامیہ اور دیگر کھلاڑی بھی اسٹیج پر موجود تھے، چیئرمین لاہور قلندر رانا فواد اور عاقب جاوید نے بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی، سہیل تنویر، عمر اکمل ، یاسر شاہ ، اظہر علی بھی عوام کے درمیان گھلتے ملتے اور سیلفیاں بنواتے دکھائی دیئے۔
پاکستانی فلموں کی شان سمجھے جانے والے ماڈل ، اداکار اور میزبان ”شان“ جب اسٹیج پر آئے تو لوگوں کے چہرے خوشی سے کھل گئے، اُن کے بعد عالمی شہرت یافتہ گلوکار شفقت امانت علی آئے تو لوگ جھوم اُٹھے، شفقت امانت علی کے گیت پر شان نے بھی ساتھ دیا اور دونوں نے ملکر عوام میں مزید جوش پیدا کیا۔ بعد ازاں فلم اسٹار شان نے لاہور قلندرز کی حوصلہ افزائی کی اور لاہوریوں کے جوش و جذبے کو سلام پیش کیا۔
میزبانی کے فرائض معروف کمپیئر نور الحسن نے انجام دیئے، اس سے قبل ”جیوسوپر“ کے محمد علی نے کہا کہ ”لاہور قلندر “ پاکستان کی سب سے مقبول فرنچائز ہے اور ہر چیز کو بہت زبردست انداز میں انجوائے کرتی ہے، اس فرنچائز نے پورے پاکستان سے جو ٹیلنٹ منتخب کرکے متعارف کرایا ہے وہ ملک کا نام روشن کرے گا۔
لاہور قلندر کی ایپ سے مفت پاسز ڈاؤن لوڈ کرنے والوں کیلئے مخصوص گیٹ نصب تھا جہاں سے ہال میں داخل ہونے والوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہوری ، لاہوری ہیں اور ”لاہور قلندر“ کو سپورٹ کریں گے اور فائنل بھی لاہور میں ہی دیکھیں گے، لاہور قلندر زتمام فرنچائز کیلئے ایک ٹرینڈ سینٹر بن چکا ہے۔ اس موقع پر قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب ہونے والے شخص داؤد کو ”دلیر قلندر“ کا خطاب دیا گیا اور اُسے لاہور قلندر کی جانب سے ایک بائیک کا تحفہ بھی دیا گیا۔
 
 

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت)گاڑیاں بنانے والی کمپنی پاک سوزوکی نے اپنے ماڈل 'سوزوکی کلٹس' کی بکنگ بند کرنے کااعلان کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاک سوزوکی موٹرز کمپنی لمیٹڈ نے اپنے ماڈل کلٹس کی بکنگ بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے کمپنی کے جنرل منیجر مارکیٹنگ کی جانب سے ڈیلرز کو جاری کیے جانے والے خط میں کہا گیا ہے کہ یکم فروری سے سوزوکی کلٹس کی بکنگ فوری طور پر بند کی جا رہی ہے۔ سیلز ٹیم اور صارفین سے درخواست ہے کہ وہ کلٹس کی مزید بکنگ نہ کریں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلے سے بک کیے جانے والے آرڈرز کو پورا کیا جائے گا تاہم یکم فروری سے کوئی نئی بکنگ نہیں لی جائے گی۔

 

 

ایمز ٹی وی (صحت)برطانیہ میں ملیریا کے مرض میں استعمال ہونے والی دوائیں پہلی بار مریضوں پر اثر دکھانے میں ناکام رہی ہیں۔ برطانوی ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ افریقہ کا دورہ کرکے آنے والے 4 مریضوں میں پر یہ دوائیں غیر مؤثر رہیں۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ افریقہ میں ملیریا کی بیماری بگڑتی جارہی ہے، ڈاکٹروں نے ہنگامی بنیاد پر دواؤں کی مزاحمت کرنے کی سطح کا فوری جائزہ لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ملیریا مچھروں کے کاٹنے سے پھیلتا ہے، 5 سال سے کم عمر بچوں میں ہلاکتوں کی سب سے بڑی وجہ بھی ملیریا ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین عالمی درجہ بندی کے مطابق آسٹریلین اوپن چیمپئن راجر فیڈرر 7 درجے ترقی پا کر اے ٹی پی تازہ ترین ٹینس رینکنگ میں دوبارہ ٹین میں شامل ہو گئے، رنر اپ رافیل نڈال بھی 3 درجے ترقی پا کر نویں سے چھٹے نمبر پر آ گئے، ٹامس برڈچ دو درجے تنزلی کا شکار ہو کر ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے، اینڈی مرے اور جوکووچ بدستور پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
اے ٹی پی کی تازہ ترین رینکنگ کے مطابق 18 مرتبہ کے گرینڈسلام چیمپئن اور سوئس اسٹار فیڈرر آسٹریلین اوپن میں شاندار کارکردگی کی بناءپر 7 درجے ترقی پاتے ہوئے 17 سے دسویں نمبر پر آ گئے، رنر اپ نڈال 3 درجے بہتری کے ساتھ نویں سے چھٹے نمبر پر آ گئے۔

برطانیہ کے اینڈی مرے بدستور سرفہرست ہیں، جوکووچ دوسرے، واورینکا ایک درجہ بہتری کے ساتھ چوتھے سے تیسرے نمبر پر آ گئے، کینیڈا کے میلوس راﺅنک تنزلی کے بعد تیسرے سے چوتھے نمبر پر چلے گئے، نیشکوری پانچویں نمبر پر برقرار ہیں، مرین کلچ ساتویں، ڈومنک تھیم آٹھویں نمبر پر موجود ہیں، مونفلس تین درجے گر کر نویں نمبر پر چلے گئے، برڈچ دو درجے تنزلی کے ساتھ ٹاپ ٹین سے باہر، ایووکارلووک دو سیڑھیاں چڑھ کر ٹاپ ٹونٹی میں شامل ہو گئے، تسونگا، کرگیوس، باٹسٹا ایگٹ کی دو، دو اور لیوکاز پاﺅلی کی ایک درجے تنزلی ہوئی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت)عالمی بینک خیبرپختونخوا حکومت کے بعض محکموں سے مطمئن نہیں جس کے باعث صوبے کیلئے بینک کا قرضہ التواء کا شکار ہوگیا ہے ۔ترقیاتی منصوبوں پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے کل پشاور میں اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔ قرضے کے معاملے پر خیبرپختونخوا حکومت اور ورلڈ بینک کے درمیان دوریاں پیدا ہوگئی ہیں ۔

سرکاری ذرائع کے مطابق عالمی بینک بعض محکموں کے منصوبوں سے مطمئن نہیں۔ زراعت، سیاحت اور شہری ترقی کے منصوبوں پر صوبائی حکومت اور ورلڈ بینک کے درمیان اتفاق رائے نہیں ہوسکا۔ منصوبوں پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے 2 فروری کو اجلاس طلب کیاگیا ہے جس میں ورلڈ بینک اور خیبر پختونخوا کے اعلی حکام شرکت کریں گے۔