ایمز ٹی وی (تعلیم /مظفرآباد) وائس چانسلرپر حملہ کے خلاف جامعہ کشمیر کے اساتذہ سڑکوں پر نکل آئے ،کلاسز کا بائیکاٹ ،ملزمان کی گرفتاری کے لئے 24گھنٹے کی ڈیڈ لائن دے دی ،چہلہ کیمپس میں احتجاجی مظاہرہ میں ڈین آف آرٹس ،رجسٹرار،کنٹرولر امتحانات سمیت طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ مظاہرین نے وائس چانسلر کے حق میں نعرے بازی کرنے کے ساتھ ملزموں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا
، پروفیسر ڈاکٹر سید نثار حسین ہمدانی ،پروفیسر ڈاکٹر نسیم خان ،ڈاکٹر انصر یاسین ،ڈاکٹر نز ہت شفیع ،ڈاکٹر عبدالکریم نے خطاب کیا، مقررین نے کہا کہ ہمیں دھرنوں پر مجبور نہ کیا جائے ۔
ایمز ٹی وی (تجارت) بین الاقوامی ادائیگیوں کے حوالے سے چیلینجز اور مہنگائی ہدف سے کم رہنے کی توقعات کا اظہار کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک کے گورنر اشرف وتھرا نے بنیادی شرح سود کو 5٫75 فیصد کی سطح پر برقرار رکھا۔ گزشتہ 9 ماہ سے شرح سود میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک میں مانیٹری پالیسی بیان جاری کرتے ہوئے اشرف وتھرا کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی رفتار رواں مالی سال 6 فیصد ہدف سے کم رہنے کی امید ہے جبکہ بنیادی شرح سود کو 5٫75 فیصد کی سطح پر برقرار رکھا گیا ہے۔ معاشی اشاریوں کے حوالے سے اسٹیٹ بینک کے گورنر اشرف وتھرا نے بتایا کہ رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں نجی شعبوں کے قرضوں کی رفتار بڑھی ہے اور ان کا حجم 375 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔
اںھوں نے مزید کہا کہ بڑی صنعت کی پیداوار میں جولائی تا نومبر 2016 کے دوران گزشتہ مالی سال کے مقابلے 3٫2 فیصد بہتری آئی ہے۔ اشرف وتھرا کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے کیے جانے والے اخراجات کی امریکہ سے عدم ادائیگی، سی پیک منصوبوں سے امپورٹ برھنے اور ایکسپورٹس گھٹنے کے علاوہ ترسیلات زر میں کمی سے ادائیگیوں کا توازن بگڑا ہے۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)ڈزنی کی کامیاب اینیمیٹڈ فلم 'بیوٹی اینڈ دی بیسٹ' بہت جلد نئے انداز میں شائقین کے سامنے پیش کی جائے گی، اس فلم کا نیا ٹریلر ریلیز کردیا گیا، جو کسی جادوئی دنیا سے کم نہیں۔ بل کونڈن کی ہدایات میں بننے والی فلم 'بیوٹی اینڈ دی بیسٹ' کے اس نئے ٹریلر میں فلم کی مکمل کہانی کی ایک جھلک نہایت خوبصورت انداز میں پیش کی گئی۔فلم میں شاندار مناظر اور میوزک کو سُن کر ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے یہ فلم بچوں کے ساتھ ساتھ بڑوں کو بھی محظوظ کرے گی۔
اس فلم میں امریکی اداکارہ ایما واٹسن 'بیلے' جبکہ اداکار ڈان سٹیونز 'بیسٹ' کے کردار میں نظر آئیں گے، اس فلم میں لیوک ایوانز، ایما تھامسن، ایوان میکگریگور، یان میکیلن اور سٹینلی ٹوسی بھی شامل ہیں۔ ڈزنی پروڈکشنز اپنی کامیاب اینیمیٹڈ فلموں کو اب ایک نئی شکل دے کر ریلیز کررہی ہے، 1950 کی کامیاب اینیمیٹڈ فلم 'سنڈریلا' کو بھی 2015 میں دوبارہ ریلیز کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ ایما واٹسن کو 2015 کی فلم 'سنڈریلا' میں مرکزی کردار کی آفر دی گئی تھی، تاہم انہوں نے اس کردار سے انکار کرتے ہوئے بعد ازاں 'بیوٹی اینڈ دی بیسٹ' کے کردار کو اپنایا تھا۔ 1991 کی 'بیوٹی اینڈ دی بیسٹ' کا ری میک رواں سال 17 مارچ کو ریلیز کیا جائے گا۔خیال رہے کہ اس سے قبل فلم کا ایک ٹریلر اور ایک ٹیزر بھی ریلیز کیا گیا تھا، جسے شائقین نے کافی پسند کیا۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)'حیدر' اور 'مقبول' سمیت کئی بہترین فلموں میں سنجیدہ کردار نبھانے کے بعد بولی وڈ اداکارہ تبو ایک مرتبہ پھر اپنی کامیڈی اداکاری سے شائقین کو ہنسانے کے لیے تیار ہیں۔بولی وڈ کی معروف اداکارہ تبو ہدایت کار روہت شیٹی کی کامیاب فلم سیریز 'گول مال' کے چوتھے حصے میں اداکار اجے دیوگن، پرینیتی چوپڑا اور ارشد وارثی کے ساتھ کام کرتی نظر آئیں گی۔ تبو کی آخری کامیڈی فلم 'ہیرا پھیری' 17 سال قبل 2000 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں اکشے کمار، سنیل شیٹی اور پاریش راول نے اہم کردار ادا کیے تھے۔اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس خبر کی تصدیق بھی کی۔
جب ایک انٹرویو میں کیریئر میں اس تبدیلی کے حوالے سے تبو سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ 'اگر میں ایک انداز کی فلموں میں کام کر رہی ہوں، اس کا یہ مطلب نہیں کہ مجھے باقی کردار پسند نہیں، ایک فنکار ہونے کے باعث میں ہر طرح کا کام کروں گی، اگر مجھے گول مال 4 میں کردار کی پیشکش ہوئی تو میں وہ بھی ضرور کروں گی'۔ اتنے طویل عرصے میں کسی کامیڈی کردار میں جلوہ گر نہ ہونے کے سوال پر تبو نے کہا کہ 'میں وہ کردار ادا کرتی ہوں، جو مجھے متاثر کرے، میری کوئی خاص ترجیح نہیں، لوگ ہمیشہ آپ کو اس کردار میں منتخب کرتے جس میں آپ اچھے لگتے ہیں، مجھے خوشی ہے کہ کچھ کرداروں سے مجھے ملایا جاتا ہے، تاہم یہ بھی بہترین بات ہے کہ روہت شیٹی جیسے ہدایت کار نے مجھے گول مال فلم میں کاسٹ کیا'۔ خیال رہے کہ فلم 'گول مال 4' کی عکس بندی کا آغاز اگلے ماہ سے کیا جائے گا، جسے رواں سال دیوالی پر ریلیز کرنے کا ارادہ کیا گیا ہے۔