ایمز ٹی وی(تعلیم)سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا ہے کہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کا پہلا کانووکیشن 18 فروری کو منعقد کیا جائیگا۔
اس بات کا اظہار انہوں نے کانووکیشن کے سلسلے میں کمیٹی روم میں منعقد کیے گئے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کی سینئر مینجمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر محمد علی شیخ نے مزید کہا کہ کانووکیشن میں بزنس ایڈمنسٹریشن، کمپویٹر سائنسز، میڈیا اسٹڈیز، انوائرنمنٹل سائنسز اور ایجوکیشن ڈپارٹمنٹس کے گریجویٹس اور بیچلرز پروگرامز پاس کرنے والے 100طالبعلموں کو ڈگریاں تفویض کی جائیں گی۔
ایمز ٹی وی (تجارت) ڈرائی فروٹس کا 9ارب اور مصالحہ جات کی درآمد کا حجم 7ارب 79کروڑ روپے رہا زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان کی زرعی برآمدات میں کمی جبکہ درآمدات میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران بیرون ملک سے 300ارب روپے کی کھانے پینے کی اشیا درآمد کی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران پاکستان سے مجموعی طور پر 174 ارب روپے مالیت کی کھانے پینے کی اشیا برآمد کی گئیں جو پہلے سے 11 فیصد کم ہیں۔ زرعی شعبے کی سب سے زیادہ برآمد ہونے والی اشیا چاول کی بیرون ملک فروخت میں 18 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ دوسری طرف اس دوران 299 ارب 70 کروڑ روپے کے خوراک درآمد کی گئی جو گزشتہ سال سے تقریباً 10 فیصد زیادہ ہے ، پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق جولائی سے دسمبر تک 94ارب 41کروڑ روپے مالیت کا خوردنی تیل، 38 ارب 85 کروڑ روپے کی دالیں وغیرہ اور 27 ارب روپے کی چائے کی پتی درآمد کی گئی۔ اس دوران دودھ، کریم اور دودھ سے بنی اشیا کی درآمد کا حجم 12 ارب 37کروڑ روپے ، ڈرائی فروٹس کا 9ارب روپے اور مسالہ جات کی درآمد کا حجم 7 ارب 79 کروڑ روپے رہا۔
ایمز ٹی وی (صحت) ایک نئے طبی مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ دل کے مریضوں کےلئے زیتون کا تیل کولسٹرول کی دواؤں سے زیادہ مفید ہے۔ معالجین ان دواؤں کو مریضوں کےلئے ایک مؤثر علاج قرار دیتے ہیں۔ دیگر تمام اقسام کے تیلوں کو دل کے مریضوں اور خون میں کولسٹرول کی بلند سطح سے دوچار افراد کیلئے سخت مضر قرار دیا جاتا ہے۔
برطانوی اخبار میں شائع ہونے والے اس اطالوی تحقیقی مطالعے کے مطابق مشرق وسطی کے لوگوں کے غذائی نظام میں زیتون کے تیل کی بڑی مقدار شامل ہوتی ہے لہذا یہ غذائی نظام دل کے دوروں سے جلد وفات کے امکان کواُن لوگوں کے مقابلے میں 37فیصد تک کم کر دیتا ہے جو سرخ گوشت اور مکھن کو اپنے غذائی نظام کی بنیاد بناتے ہیں۔ یہ بات پہلے ہی معروف ہے کہ مچھلی ، سبزیاں اور پھل کھانے سے دل کے امراض میں مبتلا ہونے کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔
ایمز ٹی وی (تجارت) وی ایچ ایف نامی سسٹم پر 67 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ ٹرین ڈرائیور، گیٹ مین، گارڈ، کنٹرول روم اور سٹیشن ماسٹرز کو وائر لیس سیٹ ملیں گے۔ ٹرین آپریشن سے متعلقہ عملے کا ہر وقت رابطہ ہوگا۔ بغیرانٹر لاک سسٹم والے پھاٹک پر ٹرین پہنچنے سے قبل وائرلیس سے گیٹ مین کو اطلاع کی جائیگی۔ ریلوے حکام نے ٹرینوں کے حادثات کی روک تھام کیلئے وائرس سسٹم (وی ایچ ایف) متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس پر 67 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور اس حوالے سے بنائے گئے پی سی ون کی منظوری دیدی گئی ہے جس کے تحت ٹرین ڈرائیور، گیٹ مین، گارڈ، کنٹرول روم اور سٹیشن ماسٹروں کو وائرلیس سیٹ دیئے جائیں گے تا کہ ٹرین آپریشن سے متعلقہ افراد کا آپس میں کمیونیکیشن رابطہ ہو اور مینڈ لیول کراسنگ پر ٹرینوں کے حادثات پر قابو پایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ریلوے کے سسٹم پر 1306 مینڈ لیول کراسنگ ہیں جس میں کئی پھاٹکوں پر انٹر لاک سسٹم لگایا گیا ہے جس کے تحت گیٹ بند ہونے کی صورت میں ہی سگنل ڈاؤن ہوتا ہے، اگر پھاٹک بند نہیں ہو گا تو مذکورہ گیٹ پر سگنل ڈاؤن نہیں ہوتا۔ گیٹ مین پہلے گیٹ بند کرتا ہے جس کے بعد گیٹ پر لگی چابی سگنل لیور پر لگائی جاتی ہے اور اس صورت میں سگنل ڈاؤن ہوتا ہے جبکہ مین لائن پر 175 کے قریب ایسے پھاٹک ہیں جہاں پر انٹر لاک سسٹم نہیں لگایا گیا، ایسے پھاٹکوں پر ڈیوٹی دینے والے گیٹ مین ڈیڑھ کلو میٹر دور سے ہی ٹرین کو دیکھ کر پھاٹک بند کرتے ہیں اور ٹرین کا ڈرائیور جب وسل والے مقام پر پہنچتا ہے تو وہ وسل بجاتا ہے تا کہ پتہ چل جائے ٹرین آ رہی ہے۔
اسی طرح بعض ریلوے سیکشنوں پر ٹیلی فون کی سہولت موجود ہے اور کنٹرول روم سے ٹرین کی آمد کے متعلق گیٹ مین کو اطلاع دی جاتی ہے جس پر گیٹ بند کر دیا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق لودھراں ٹرین حادثہ بھی اسی وجہ سے پیش آیا کیونکہ وہاں گیٹ پر انٹر لاک سسٹم نہیں تھا جس کے باعث گیٹ کھلا رہنے اور دھند کی وجہ سے ٹرین حادثہ رونما ہوا جس پر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے مینڈ لیول کراسنگ پر ٹرین حادثہ ہونے پر متعلقہ حکام سے سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور ٹرین سیفٹی کے متعلق بلائے گئے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹرین ڈرائیور، گیٹ مین، ٹرین گارڈ، سٹیشن ماسٹر اور کنٹرول روم کے عملے کو وائرلیس سیٹ فراہم کئے جائیں جس کے لئے پی سی ون تیار کر کے 67 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا تا کہ ٹرین آپریشن سے متعلقہ عملے کا آپس میں ہر وقت کمیونیکیشن رابطہ ہو اور جس پھاٹک پر انٹر لاک سسٹم نہیں وہاں ٹرین پہنچنے سے قبل وائرلیس کے ذریعے گیٹ مین کو اطلاع کی جائے گی تا کہ بر وقت گیٹ بند کیا جا سکے۔ واضح رہے کہ ان مینڈ لیول کراسنگ ریلوے حکام کے لئے درد سر بنے ہوئے ہیں اور ان کو مینڈ لیول کراسنگ میں تبدیل کرنے کیلئے صوبائی حکومتوں سے رقم مانگی گئی ہے