منگل, 21 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(نیویارک) مجھ سے تلخ لہجے میں مت بولو ،تم لوگ جھوٹی خبریں دیتے ہو ،ڈونلڈ ٹرمپ نے پریس کانفرنس کے دوران بزفیڈ اور سی این این کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دے دیں۔

نو منتخب امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کا بز فیڈ کے صحافی کے سوال پر پارہ ہائی ہوگیا،پریس کانفرنس کے دوران صحافی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے تلخ لہجے میں مت بولو ،تم لوگ جھوٹی خبریں دیتے ہو ،میں جواب نہیں دوں گا ،بزفیڈکوان کی رپورٹ کے نتائج بھگتنے ہوں گے۔

میں میڈیا کی آزادی کی عزت کرتا ہوں لیکن یہ پروفیشنل ہو نہ کہ الزام تراشی کی بنیاد پر ہو،کچھ میڈیا ہاﺅسز منفی پراپیگنڈا کررہے ہیں جن میں بزفیڈ اور سی این شامل ہیں اپنا قبلہ درست کرلیں

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹیمنٹ) بالی ووڈ اداکارہ ودیا بالن نے ہندو انتہا پسندوں کے ڈرسے اسلام قبول کرنے والی معروف بھارتی شاعرہ کملا داس کی زندگی پربننے والی فلم سے کنارہ کشی کرلی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے ہدایتکارکمال الدین بھارتی شاعرہ کملا داس کی زندگی پر فلم بنانے جارہے ہیں اوراس کردارکی پیشکش ودیا بالن کو کی گئی تھی اور انہوں نے یہ قبول بھی کرلیا تھا تاہم اب اداکارہ نے یک دم اس فلم میں کام کرنے سے ہی منع کردیا ہے۔

فلم کے ہدایت کار کا کہنا ہے کہ کملا داس کے کردارکے لیے ودیا بالن بہترین انتخاب تھیں، ودیا بالن پہلے اس کردارکے لیے بہت زیادہ پُرجوش تھیں اوراس کے لیے انہوں نے دیگر زیرتکمیل فلموں کے شیڈول بھی تبدیل کرائے تھے لیکن جب دیگرمعاملات کے لیے ان کے مینیجرسے رابطہ کیا گیا تو اداکارہ نے پیشہ وارانہ اندازمیں فلم کا حصہ بننے سے معذرت کرلی۔

کمال الدین نے اس خدشے کا اظہارکیا کہ ہندو انتہا پسند تنظیمیں کملا داس کی زندگی پربننے والی فلم کے خلاف انتہائی منفی رد عمل دے سکتی ہیں اورشائد اسی لیے ودیا بالن نے بھی اسی خوف سے فلم میں کام کرنے سے معذرت کی ہے۔

واضح رہے کہ کملا داس کا تعلق بھارتی ریاست کیرالہ سے تھا، ان کے کالم اورشاعری بھارت بھر میں انتہائی مقبول تھی، انہوں نے 1999 میں اسلام قبول کرلیا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنا نام بھی “کملا ثریا” رکھ لیا تھا جب کہ 2009 میں وہ 75 سال کی عمر میں وفات پاگئی تھیں۔A

 

 

ایمز ٹی وی(تعلیم/جامشورو) گورنر سندھ وچانسلر نے پروفیسر ڈاکٹر خان محمد بروہی کو مہران یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو کا تین سالوں کیلئے ڈین فیکلٹی آف آرکیٹیکچر اینڈ سول انجنیئرنگ مقرر کیا گیا ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کرکٹ ٹیم جمعہ کو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں نئے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ ٹیم نے آج برسبین میں بھرپور پریکٹس کی، جسمانی ورزشوں کے بعد بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ سیشنز ہوئے جبکہ کیچز کی خامی پر قابو پانے کیلئے بھی پریکٹس کروائی گئی، محمد رضوان گلوز پہنے وکٹوں کے پیچھے چوکس نظر آئے۔

قومی ٹیم گزشتہ شکستوں کو بھلا کر نئے فارمیٹ میں نئی تاریخ رقم کرنے کیلئے تیار ہے۔ پاکستان ٹیم محمد عرفان اور سرفراز احمد کی خدمات سے محروم ہو چکی ہے، محمد حفیظ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، عمر اکمل 2 سال بعد دوبارہ کھیل رہے ہیںِ اور انہوں نے ٹور میچ میں برق رفتار ففٹی سے اپنی فارم ثابت کر دی ہے۔ پاکستان کے ممکنہ اسکواڈ میں اظہر علی (کپتان)، شرجیل خان، محمد حفیظ، بابر اعظم، شعیب ملک، عمر اکمل، محمد رضوان، عماد وسیم/محمد نواز، محمد عامر/جنید خان، وہاب ریاض اور حسن علی شامل ہیں۔

آسٹریلوی ٹیم میں نئے چہرے شامل کئے گئے ہیں، طویل قامت فاسٹ بولر بلی اسٹین لیک اور مڈل آرڈر بیٹسمین کرس لین ڈیبیو کریں گے، آرون فنچ کے ڈراپ ہونے کے بعد اوپنر ڈیوڈ وارنر کو ٹریوس ہیڈ کی رفاقت میسر ہو گی۔ کینگروز اسکواڈ ڈیوڈ وارنر، ٹریوس ہیڈ، سٹیون سمتھ، کرس لین، مچل مارش، گلین میکسویل، میتھیو ویڈ، جیمز فلکنر، پیٹ کمنز، مچل سٹارک اور بلی سٹین لیک پر مشتمل ہے۔ گابا پر پہلے ون ڈے میچ میں بڑا اسکور ہونے کی توقع ہے، گراؤنڈ میں کھیلے گئے آخری دو میچز میں 300 رنز سے زیادہ کا ہدف حاصل کیا جا چکا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کینگروز کیخلاف ان کی سرزمین پر گزشتہ 15 میچز میں کامیابی حاصل نہیں کر سکی، گرین شرٹس نے آخری دفعہ 2005 میں میزبان ٹیم کو شکست دی تھی۔ پاکستان ٹیم ون ڈے کی عالمی رینکنگ میں 8 ویں پوزیشن پر موجود ہے اور ورلڈ کپ کیلئے براہ راست کوالیفائی نہ کرنے کا چیلنج درپیش ہے اور اگلے 9 ماہ میں ہر فتح ٹیم کیلئے اہمیت کی حامل ہو گی۔

 

 

ایس ایس پی انوسٹی گیشن پشاور فیصل شہزاد کو پنجاب تبدیل کر دیا گیا ہے۔ سابق ڈی پی او مردان فیصل شہزاد کو ایک ماہ قبل ایس ایس پی انوسٹی گیشن پشاور تعینات کر دیا گیا ہے۔تاہم گزشتہ روز ان کا تبادلہ پنجاب کر دیا کیاگیا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)ہم ایک ایسی دنیا میں رہتے ہیں جہاں کمپیوٹر کے فنکشن سے لے کر عام چیزوں کی خریداری تک 10 کے ہندسے پر مبنی اعشاری نظام کی حکمرانی ہے۔تو پھر ہمارے سیارے زمین کا ایک عام دن صرف 10 گھنٹے کی بجائے 24 گھنٹے کا کیوں ہے؟ اس کا کریڈٹ قدیم مصر کے سر ہے۔

جب انسانی تہذیب شکاری معاشرے سے زراعت کی جانب بڑھنے لگی تو لوگوں کو احساس ہوا کہ انہیں اپنی زیرملکیت اشیاءکی گنتی کی ضرورت ہے۔تو اس طرح لوگوں نے اُسی طرح گنتی سیکھنا شروع کی جیسے آج کل بچے سیکھتے ہیں یعنی اپنی انگلیوں پر۔

3 ہزار قبل مسیح کی مصری دیواری تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ اُس وقت 10 کے ہندسے پر مبنی اعشاری نظام موجود تھا، مگر پھر بھی انہوں نے اپنی گھڑیاں 12 کے ہندسے پر کیوں سیٹ کیں؟مانا جاتا ہے کہ مصریوں کو 12 کے ہندسے پر نظام سمیری (قدیم بابل) کی ثقافت سے ورثے میں ملا، جس میں آٹھ انگلیوں کے ساتھ ساتھ انگوٹھوں کے جوڑوں کو بھی گنا جاتا تھا۔

اس طرح مصریوں نے دن کو 12، 12 گھنٹوں میں تقسیم کیا یا یوں کہہ لیں کہ 10 گھنٹے دن، ایک، ایک گھنٹہ فجر اور مغرب کے وقت کا، جبکہ 12 گھنٹے تاریکی کے لیے۔

مصریوں نے گھنٹوں کا تعین 36 چھوٹے ستاروں کے جھرمٹ سے کرنا شروع کیا جنھیں ڈیکینز کہا جاتا تھا، جن میں سے ہر ایک جھرمٹ 40 منٹ بعد طلوع ہوتا تھا اور اس طرح وہ ہر چالیس منٹ بعد ایک نئے گھنٹے کا آغاز کرتے تھے۔

کئی صدیوں بعد یونانیوں نے اس نظام کو بے کار قرار دیا، وہ دن کی طوالت کو ٹھیک کرنا چاہتے تھے،جس کے بعد Hipparchus نامی ماہر نجوم نے مصری ستاروں کی گھڑی کو اُس گھڑی کے مطابق ڈھالا جو ہم آج استعمال کرتے ہیں، جس میں روشنی اور تاریکی کو 12، 12 گھنٹوں کی یکساں طوالت میں تقسیم کیا گیا۔

تو اس طرح آج ہمارا دن 24 گھنٹوں پر مشتمل ہے، جس کی تاریخ یا وجہ بہت کم افراد جانتے ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(واشنگٹن) امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان میں بلاگرز کی گمشدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان میں بلاگرز کی گمشدگی کا جائزہ لے رہے ہیں،تنقیدی خیالات جمہوریت کیلئے اہم ہیں،پاکستانی وزیر داخلہ نے بازیابی کا وعدہ کیا ہے امید ہے کہ وہ اپنا وعدہ نبھائیں گے،پاکستان کے ایوان زیریں اور ایوان بالا کے ارکان بھی اس معاملے میں اپنا کردار ادا کریں۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ جسٹس سعید الزماں صدیقی کی نمازِ جنازہ کل ڈیڑھ بجے گورنر ہاؤس میں ادا کی جائے گی۔

گورنر ہاؤس کراچی کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ جسٹس سعید الزمان صدیقی کی نمازِ جنازہ جمعےکو باغ جناح میں ادا کی جانی تھی تاہم اب اس کا مقام تبدیل کردیا گیا ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق اب نماز جنازہ کل گورنر ہاؤس میں دوپہر ڈیڑھ بجے ادا کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نماز جنازہ میں صدر مملکت ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف ، گورنر سندھ آغا سراج درانی، وزیر اعلٰی مراد علی شاہ، وفاقی و صوبائی وزرا، اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت اور سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی شرکت کریں گے ، جس کے باعث سیکیورٹی خدشات اور عوام کی تکلیف کو مد نظر رکھتے ہوئے نماز جنازہ کے مقام کو تبدیل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعیدالزماں صدیقی طویل عرصے سے بیمار تھے تاہم گزشتہ روز سینے میں تکلیف کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔

 

 

ایمز ٹی وی(میڈرڈ) سپین کی سپر مارکیٹ میں ایک مسلح شخص نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا ، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا شخص قریب کا ہی رہائشی اور نفسیاتی مسائل کا شکار ہے۔

حملہ آور نے گیسولین اور بارود سے بھری جیکٹ بھی پہن رکھی تھی اور وہ سپین کے شمال مغربی لگاﺅس ریجن میں واقع ایک سپر مارکیٹ میں داخل ہوا اور ہوائی فائرنگ شروع کردی۔ حملہ آور کی فائرنگ کے وقت متعدد لوگ سپر مارکیٹ میں موجود تھے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے کے قریب پیش آیا جس کے نتیجے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ حملہ آور نفسیاتی مسائل کا شکار ہے اور سپر مارکیٹ کے قریب واقع ایک گھر میں رہائش پذیر ہے۔