ایمزٹی وی(اسلام آباد ) سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت کا آغاز ہوگیا۔ذرائع کے مطابق جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس عظمت سعید شیخ ، جسٹس اعجاز الاحسن ، جسٹس اعجاز افضل اور جسٹس گلزار احمد پر مشتمل 5رکنی لارجر بینچ مسلسل ساتویں ور مجموعی طور پر پاناما لیکس کیس کی 17ویں سماعت آج دوبارہ کر رہا ہے جہاں وزیر اعظم کے وکیل مخدوم علی خان اپنے دلائل دے رہے ہیں۔
کمرہ عدالت میں درخواست گزار اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ، سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد ، امیر جماعت اسلامی مولانا سراج الحق ، جہانگیر ترین ، شاہ محمود قریشی ، عمران خان کے وکیل نعیم بخاری ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، لیگی رہنما طلال چودھری اور دیگر موجود ہیں۔
گزشتہ روز ہونے والی سماعت میں تحریک انصاف کے وکیل نعیم بخاری نے پانچ روز سے جاری اپنے دلائل مکمل کیے جس کے بعد عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے دلائل سنے گئے اور سماعت ملتوی ہونے سے چند منٹ قبل وزیر اعظم کے وکیل مخدوم علی خان کو دلائل کا موقع ملا جو آج بھی اپنے دلائل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ان کے دلائل مکمل ہونے کے بعد وزیراعظم کے بچوں کے وکلاءکے دلائل سنے جائیں گے۔
یاد رہے سابق چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 5رکنی لارجر بینچ نے کیس کا آغاز کیا مگر پھر ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد نئے چیف جسٹس ثاقب نثار نے جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 5رکنی لارجر بینچ قائم کیا ہے جو اب اس کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کر رہا ہے ۔
ایمز ٹی وی(کراچی) پالپا کے صدر کیپٹن خالد حمزہ نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے ایل پی آر اور سپر وائزری عہدوں پر تعینات کپتانوں کو فی الفور فارغ کیا جائے۔
یہ بات انہوں نے پی آئی اے کے کپتانوں کی نمائندہ تنظیم پالپا کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، پالپا کا اہم اجلاس صدر کیپٹن خالد حمزہ کی زیر صدارت منعقد ہوا اجلاس میں پی آئی اے کے سی ای او سے ہونے والی ملاقات سمیت تنخواہوں اور دیگر امور پر غور وخوص کیا گیا۔
اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ پی آئی اے کے ایل پی آر، اور سپر وائزری عہدوں پر تعینات کپتانوں کو فی الفور فارغ کیا جائے۔
پالپا کے صدر کیپٹن خالد حمزہ نے اکیس جنوری کو جنرل کونسل کا اجلاس طلب کرلیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ آئندہ اجلاس میں مطالبات کی عدم منظوری کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ اجلاس میں جنرل کونسل میں انتظامیہ کو پائلٹس کا غیر معمولی تعاون واپس لینے یا نہ ینے کا بھی فیصلہ کیا جائے گا۔
ایمز ٹی وی(پشاور)محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے مروجہ طریقہ کار کے بغیرسرکاری ڈاکٹرز اور ملازمین کے بیرون ملک دوروں پر پابندی عائد کردی ہے، محکمہ صحت حکام کی جانب سے صوبے کے تمام ہسپتالوں کے سربراہان،ڈی جی ہیلتھ سروسزپشاوراوردیگر متعلقہ افسران کوارسال کردہ مراسلہ میں بتایا گیا ہے کہ بغیر محکمانہ اجازت اوراین او سی کے ڈاکٹروں کے دورے شکوک وشہبات پیدا کررہے تھے، لہذاغیرملکی دورے کیلئے محکمانہ اجازت لینا لازمی ہوگی ۔
جبکہ ڈاکٹرز سمیت دیگرملازمین کے غیرملکی دوروں کا ریکارڈبھی جمع کیاجائے گاجس کیلئے محکمہ صحت کے زیرانتظام اداروں کوملازمین کے غیرملکی دوروں کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ تفصیلات جمع نہ کرانے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مراسلہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملازمین کے شناختی کارڈ نمبر سے محکمہ امیگریشن وپاسپورٹ سے تفصیلات طلب کی جائیں گی۔ ملازمین این او سی کیلئے درخواست دیں گے جس پر پندرہ روز کے اندراندرکارروائی کرکے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ایمز ٹی وی(میرپورخاص/صحت) محکمہ صحت کی ایک ٹیم نے اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی میں شہر کے ایک مشہور قدیم نجی اسپتال پر چھاپہ مار کر اسپتال میں بغیر پیتھا لوجسٹ کے چلنے والی لیبارٹری کو سیل کردیا،بعد میں اسی ٹیم نے گلبرک کے علاقے میں چلنے والی عطائی ڈاکٹر کے کلینک پر چھاپہ مار کر اسے بھی سیل کردیا۔
ایمز ٹی وی(کراچی/صحت) قومی ادارہ صحت برائے اطفال (این آئی سی ایچ ) میں70لاکھ روپے مالیت کی 2نئی اور جدید مشینیں ’’پلازمہ فریسس اور سیل سیپریٹر ‘‘نصب کر دی گئی ہیں جن سے مختلف امراض کا ہزاروں روپے میں کیا جانے والا علاج بالکل مفت کیا جائے گااور ملک بھر کے مریض بچے مستفیض ہوسکیں گے ۔
مشینیں آسٹریلوی حکومت کے ڈائریکٹ ایڈ پروگرام اور پی ایم ڈبلیو او(پاکستان میستھینک ویلفیئر آرگنائزیشن )کے تعاون سے نصب کی گئی ہیں جن کا افتتاح بدھ کو آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈم سن نے کیا۔ اس موقع پر اسپتال کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سید جمال رضا، پروفیسر ڈاکٹر کھیم چند این مورانی، پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود ، صدر پی ایم ڈبلیو او خالد محمود ودیگر بھی موجود تھے ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر سید جمال رضا نے بتایا کہ پلازمہ فریسس مشین ملٹی پل کمپوننٹ سسٹم رکھتی ہے جس سے پلازمہ فریسس، سنگل ڈونر میگا یونٹ پلیٹ لیٹس، بون میرو کےلئے اسٹیم سیل ہارویسٹنگ اور لیکو فریسس کیا جاتا ہے ۔ یہ مشین بنیادی طورپر گردوں کی بیماری اور نسوں کی بیماری کے علاج کے طورپر خون کی صفائی کرتی ہے جبکہ زہر کھالینے پر بھی اسی مشین کے ذریعے خون کو زہر سے صاف کیا جاتا ہے ۔ نسوں کی بیماری سے بچوں کا جسم مفلوج ہو جاتا ہے اور اکثر وبیشتر موت بھی واقع ہو جاتی ہے ۔ اس کے لئے مریض کے 5سائیکل کیے جاتےہیں ۔
ایک سائیکل نجی اسپتالوں میں 50سے 60ہزار روپے میں کیا جاتا ہے جبکہ سیل سیپریٹر مشین کے ذریعے میگایونٹس بنائے جاتے ہیں جو کینسر لیکوما، اے پلاسٹک انیمیا اور ڈینگی بخار کے علاج میں کام آتے ہیں جن کی فیس نجی اسپتالوں میں 15ہزار روپے لی جاتی ہے ۔
ایمز ٹی وی(پشاور) انسپکٹر جنرل آف پولیس نے وزیراعلی کے دورہ تھانہ کوتوالی کے دوران سی پی او حاضر ہونے والے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او تھانہ ہشت نگری کی انکوائری فائنل کردی کردیا اور گزشتہ روز روحان زیب خان کو دوبارہ ڈی ایس پی ہشت نگری تعینات کردیا جبکہ ایس ایچ او سبز علی خان کو بھی جلد تعینات کئے جانے کاامکان ہے.
انسپکٹر جنرل آف پولیس نے وزیراعلی کے دورہ تھانہ کوتوالی کے دوران سی پی او حاضر ہونے والے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او تھانہ ہشت نگری کی انکوائری فائنل کردی ۔ ایک ماہ قبل وزیر اعلی پرویز خان خٹک کو اطلاع ملی کہ دہشت نگری پولیس نے سراج نامی شخص کو گرفتار کیا اور اس کی گرفتاری ظاہر نہیں کی جس پر انہوں نے تھانہ کوتوالی کا دورہ کرتے ہوئے ملزم سراج کی بروقت گرفتاری ظاہر نہ کرنے پر ایس ایچ او تھانہ ہشت نگری سبز علی خان کو معطل کرکے ایس ایچ او اور ڈی ایس پی روحان زیب کے خلاف انکوائری کا حکم جاری کیا۔
تاہم انکوائری کے دوران دونوں پولیس افسروں نے انکوائری کمیٹی کو بتایا کہ ملزم سراج پولیس کورہزنی اور چوری کے 9سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا جس پرانکوائری نے اپنی رپورٹ صوبائی محکمہ پولیس کو ارسال کردی، جنہوں نے دونوں افسروں کو کلیئر قرار دیتے ہوئے اپنی ملازمتوں پر بحال کردیا اور گزشتہ روز روحان زیب خان کو دوبارہ ڈی ایس پی ہشت نگری تعینات کردیا جبکہ ایس ایچ او سبز علی خان کو بھی جلد تعینات کئے جانے کاامکان ہے۔
ایمزٹی وی(کراچی)سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی کو قائم مقام گورنر مقرر کردیا گیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق گورنر سندھ سعید الزمان صدیقی کے انتقال کے بعد سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی کو قائم مقام گورنر مقرر کردیا گیا ہے وہ نئے گورنر کی تعیناتی تک اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے،قائم مقام گورنر کا تعلق پیپلزپارٹی سے ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی طرف سے نہال ہاشمی،سینیٹر سلیم ضیاءاور ایک سابق جسٹس کا نام بھی اس عہد ے کیلئے زیر غور رہا ہے،نئے گورنر کی تعیناتی کیلئے سندھ حکومت سے مشاورت کی جاسکتی ہے،ابھی تک سندھ حکومت کی طرف سے تحفظات موجود ہیں،سندھ میں روایت رہی ہے کہ گورنر سندھ اردو بولنے والے افراد میں سے ہی چنا جاتاہے اس مرتبہ بھی کوئی اردو بولنے والا ہی نیا گورنر ہوگا۔
ایمزٹی وی(راولپنڈی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کابل اور قندھار میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس میں قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز کابل اور قندھار میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی اور دہشت گردوں حملوں میں قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف افغان عوام اور فورسز کے ساتھ ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز افغان پارلیمنٹ کے قریب خود کش حملے اور قندھار میں دھماکوں کے نتیجے میں 39 افراد ہلاک اور متحدہ عرب امارات کے سفیر سمیت 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
ایمزٹی وی(کراچی) گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی شدید علالت کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان گورنر ہاﺅس نے گورنر سندھ کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔
گورنر سندھ پاکستان کے چیف جسٹس رہے اور ان کی پاکستان کیلئے بے شمار خدمات کے باعث انہیں 11نومبر 2016کو گورنر سندھ تعینات کیا گیالیکن عہدے کا حلف اٹھانے کے دو دن بعد ہی وہ شدید بیمار ہو گئے اور انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیاتاہم کچھ طبیعت سنبھلنے پر15دسمبر کو انہیں گورنر ہاﺅس منتقل کر دیا گیاتھا جہاں ایک کمرے کو مستقل طور پر ہسپتال کی طرح کا سیٹ کیا گیا تھا جس آکسیجن سمیت دیگر سہولیات بھی رکھی گئیں تھیں لیکن آج دوپہر ان کی طبیعت دوبارہ ناساز ہو گئی انہیں سینیے میں تکلیف اور سانس لینے میں دشواری پیش آرہی تھی جس کے باعث نہیں کلفٹن میں واقع نجی ہسپتال میں لے جایا گیا لیکن حرکت قلب بند ہونے کے باعث وہ انتقال کر گئے ۔
جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی یکم دسمبر 1937کو بھارت کے شہر لکھنو میں پیدا ہوئے اور وہ سندھ کے 31ویں گورنر تھے ۔ سعید الزماں صدیقی نے پرویز مشرف کے دور میں پی سی او کے تحت حلف لینے سے بھی انکار کر دیا تھا ۔صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے جسٹس ریٹائرد سعید الزماں صدیقی کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیاہے ۔نوازشریف کا کہناتھا کہ ان کی خدمات کو بھلایا نہیں جاسکتا۔انہوں نے بحیثیت جج اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا ۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف راحیل شریف کو ابھی کوئی آفر نہیں لہٰذا خارجہ پالیسی پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔
تفصیلات کے مطابق راحیل شریف کی اسلامی ممالک کی افواج کی سربراہی پر مشیر خارجہ نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ ان کی تعیناتی سے متعلق کوئی بات نہیں کر سکتا کیونکہ ابھی اس حوالے سے صورتحال واضح نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سابق آرمی چیف راحیل شریف کو ابھی کوئی آفر نہیں ہے لہٰذا خارجہ پالیسی پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔