اتوار, 15 دسمبر 2024

ایمز ٹی وی (کوئٹہ) کوئٹہ کے علاقے سرکی روڈ پر پرانی سبزی منڈی کے قریب دھماکہ ہوا ،   جس سے ایک شخص جاں بحق اور9زخمی ہوگئے جنہیں سول ہسپتال منتقل کردیاگیا۔  تفصیلات کے مطابق دھماکے کی آواز دو کلومیٹر تک سنی گئی جس کا نشانہ سبزی منڈی میں  خریداری کے لیے پہنچنے والے تاجرتھے۔  زخمی ہونے والے شخص  کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔سی سی پی او کوئٹہ نے بتایاکہ دھماکے میں تیس سے چالیس کلو گرام بارودی مواد استعمال کیاگیا،بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق بارودی مواد ایک گاڑی میں نصب کیاگیاتھا جس کا ممکنہ نشانہ سیکیورٹی فورسز تھیں لیکن اس دھماکے کا نشانہ عام شہری بن گئے ۔پولیس کے مطابق دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور موقع پر تین گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اور دھماکے کی مزید  تحقیقات شروع کردی ہیں ۔

ایمزٹی وی (کھیل)  جنوبی افریقا کے شہر کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے میچ میں دفاعی چیمپیئن پاکستان نے آخری لیگ میچ میں آسٹریلیا کو بھی یکطرفہ طور پر 9 وکٹ سے روند دیا، گرین شرٹس نے 130 رنز کا ہدف صرف 10 اوورز میں حاصل کرلیا، اسرار حسن نے 4 شکار کیے، ناصر علی نے 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز سجائی۔ آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 129 رنز بنائے، اسٹیفن پالمر26 اورلنزے ہیون 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، اسرار حسن نے 6 اوورز میں 29 رنز دے کر4 وکٹیں لیں، ہارون نے 2 جب کہ ادریس سلیم، ساجد نواز اور محمد جمیل نے ایک، ایک بیٹسمین کو پویلین بھیجا۔

جواب میں گرین شرٹس نے130 رنز کے ہدف کو حاصل کرنے کے لئے صرف 60 گیندوں کا استعمال کیا، اسرار حسن 29 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، ناصر علی نے 39 گیندوں پر ایک چھکے اور 12 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 80 رنز کی اننگز سجائی۔

7 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ کے لیگ مرحلے کا اختتام ہوچکا ہے، دفاعی چیمپئن پاکستان کا ابتدائی میچ میں روایتی حریف بھارت سے سامنا ہوا جس میں کامیابی سمیٹنے کے بعد ٹیم نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور ایک ایک کرکے سب کو چاروں شانے چت کردیا، دوسرے میچ میں انگلینڈ، تیسرے میں جنوبی افریقہ، چوتھے میں بنگلہ دیش پانچویں مقابلے میں سری لنکا کو یکطرفہ طور پر مات دی۔ ایونٹ کے سیمی فائنلز 6 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔

  ایمزٹی وی (شمالی وزیرستان) شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی ایک اور کارروائی میں 15دہشتگرد مارے گئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج نے ایک اور کامیاب کارروائی کی، جسمیں فضائی حملے کرکے 15 دہشتگرد وں کو ہلاک کردیا گیا، دوسری طرف لیویز فورس کے مطابق وادی تیراہ کے علاقے اکاخیل اور ملحقہ اورکزئی ایجنسی کے علاقے کلایہ سے 8 شدت پسندوں کی لاشیں ملی ہیں، جنہیں شناخت کے لئےتحصیل جمرود میں لیویز سنٹرمنتقل کردیا گیا ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق مقتولین کا تعلق کالعدم لشکراسلام سے ہیں۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز اکاخیل اور کلایہ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں بھی 11 شدت پسند مارے گئے تھے۔ اُدھر ہنگو کے علاقے کاہی میں دکان کے ساتھ نصب بارودی مواد پھٹنے سے تین دکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔

ایمزٹی وی (کھیل) قومی ہاکی ٹیم کی انتظامیہ اور کپتان نے چیمپئنز ٹرافی ورلڈ ہاکی ٹورنامنٹ میں ناک آئوٹ مرحلے کو پہلی منزل قرارد یا ہے۔ کپتان محمد عمران نے کہا ہے کہ جیت کےعزم کے ساتھ بھارت جارہے ہیں امید ہے کامیاب ہوںگے۔ کوارٹر فائنل جیت کرعالمی رینکنگ میں بہتری لاسکتے ہیں، کوارٹر فائنل میں آسان ٹیم کا سامنا کرنا چاہتے ہیں اس لئے لیگ میچوں میں ٹاپ پوزیشن کے لئے پلاننگ کی ہے۔ بھارت روانگی سے قبل انہوں نے کہا پنلٹی شوٹ آئوٹ پر ایشین گیمز فائنل میں جو خامی سامنے آئی تھی اس کو کیمپ میں دور کیا ہے، امید ہے کہ قومی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں اس غلطی کو نہیں دہرائے گی۔ پاکستان نے 1978، 1980 اور 1994 میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ جبکہ 2012 میں آسٹریلیا میں کھیلے گئے گذشتہ ایونٹ میں گرین شرٹس نے تیسری پوزیشن حاصل کرکے برانزمیڈل جیتا تھا۔ کپتان محمد عمران نے اپنے برانز میڈل کا دفاع کر نے کی صلاحیت رکھی ہے۔ محمد عمران نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ کھلاڑی معاشی مشکلات کا شکار ہیں مگر ہم نے تمام حالات بھلا کربھرپور تیاری کی ہے اور کوشش ہو گی کہ ہم اپنے برانز میڈل کا بھرپور اندازمیں دفاع کریں۔ واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی میں سونے کے تین تمغوں سمیت مجموعی طور پر16میڈل حاصل کر رکھے ہیں۔ پاکستان ہاکی کی موجودہ مشکل صورتحال میں بھوبنیشورمیں کامیابی انتہائی اہمیت کی حامل ہو گی ۔

ایمزٹی وی (تعلیم) نوکوٹ کے نزدیک یوسی آوری میں ایک گاؤں ہوت چروان ہے جہاں پر سرکاری ریکارڈ میں اسکول اور عمارت تو موجود ہے مگر حقیقت میں نہ تو عمارت ہے اور نہ ہی ایک سوسے زائد معصوم بچیوں کو تعلیم دینے کیلئے آٹھ برس سے ٹیچرز ہیں ۔ گاؤں ہوت چروان کی علم سے محبت کرنے والی ایک لڑکی لدھائی عرف مریم ہوت رضا کارانہ طور پر کءی سیکڑوں میں بچیوں کو آٹھ برس سے مفت تعلیم دینے کا بیڑا اٹھایا ہوا ہے تاکہ گاؤں کی بچیوں کو بنیادی تعلیم دے کر سماج میں عزت دلا سکے کیونکہ سندھ کے دیہی علاقوں میں 70 فیصد بچیاں تعلیم سے محروم ہیں ۔ اسکول کی عمارت نہ ہونے کی وجہ سو سے زائد بچیاں کھلے آسمان تلے ایک درخت کے سائے میں بیٹھ کر تعلیم حاصل کر رہی ہیں ۔ محکمہ تعلیم کی لاپرواہی اور لاقانونیت کا واضع ثبوت یہ ہے کہ جب گاؤں میں سرکاری اسکول ہی نہیں اور نہ ہی سرکاری ٹیچر ہے تو پھر ہر سال امتحانات اور بچیوں کی رپورٹ کیوں لی جاتی ہے، حقیقت یہ ہے کہ محکمہ تعلیم کے افسران جان بوجھ کر اسکولوں کو جگاڑ کے ذریعے چلانا چاہتے ہیں۔ گاؤں ہوت چروان کی بچیوں کے والدین نے صوبائی وزیرتعلیم ، سیکرٹری تعلیم سمیت دیگربالا حکام سے مطالبہ کیا کہ ہوت چروان میں گرلزاسکول کی بلڈنگ تعمیر کروائی جائے اور لدھائی ہوت کو باقاعدہ طور پر سرکاری ٹیچر مقرر کیا جائے ۔

ایمزٹی وی (تجارت) وفاقی حکومت نے رواں ماہ کے آخر تک اسلامی بینکاری پالیسی کے مسودے کو حتمی شکل دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ سال اسلامک بینکنگ کو فروغ دینے کے لیے نئی پالیسی متعارف کرائی جائے گی جس کے لیے حکومت کی طرف سے خصوصی کمیٹی قائم کی گئی اور رواں سال کے آخر تک سفارشات پر مبنی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ کی طرف سے قائم کردہ مذکورہ کمیٹی میں ملک کے معروف بینکارز، علما، معیشت دانوں اور اعلی حکومتی حکام کو شامل کیا گیا ہے اور اس کمیٹی کو ٹاسک دیا گیا ہے کہ اسلامک بینکنگ کے فروغ کیلئے سفارشات تیار کی جائیں تاکہ ملک میں مالیاتی نظام کو اسلامی بنایا جاسکے۔ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ کمیٹی 31 دسمبر تک سفارشات پر مبنی رپورٹ کو حتمی شکل دے کر پیش کریگی جس کے تناظر میں نئی اسلامک بینکنگ پالیسی متعارف کرائی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت ملک میں سود سے پاک بینکاری نظام متعارف کرانا چاہتی ہے جس کیلیے اسلامی بینکاری کے فروغ کیلئے کام جاری ہے۔

ایمز ٹی وی( فارن ڈیسک)

سعودی عرب میں خواتین کو گاڑی چلانے کی اجازت دینے کے لیے کام کرنے والی حقوق انسانی کی ایک تنظیم کے مطابق سعودی حکام نے ان کی ویب سائٹ کو بلاک کر دیا ہے۔

گلف سینٹر کے مطابق سعودی عرب نے منگل کو اس ویب سائٹ کو بلاک کیا ہے جبکہ سعودی عرب سے باہر اس ویب سائٹ کو دیکھا جا سکتا ہے۔

اس تنظم نے منگل کو سعودی حکام کی جانب سے دو خواتین کو گرفتار کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کی تھی۔

سعودی عرب دنیا کا واحد ملک ہے جہاں پر خواتین کو گاڑی چلانے کی اجازت نہیں ہے۔ یہ پابندی قانون کا حصہ نہیں تاہم معاشرتی اور تہذیبی طور پر سعودی عرب میں اس عمل کی اجازت نہیں ہے جس کی وجہ سے خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا نہیں کیا جاتا اور اس بنا پر انھیں ڈرائیونگ کرنے پر گرفتار بھی کیا جا سکتا ہے۔

سعودی عرب میں خواتین کو گاڑی چلانے کی اجازت دینے کی تحریک تقریباً 20 سال سے جاری ہے لیکن گذشتہ سال اس ضمن میں ہونے والے احتجاج نے اس تحریک کو نئی زندگی بخشی ہے۔

ایمزٹی وی (تجارت) اوورسیز پاکستان سالیڈرٹی کے چیئرمین جاوید احمد ملک نے کہا ہے کہ بیرونی ممالک میں قیام پذیر تین کروڑ 80 لاکھ پاکستانی بین الاقوامی مالیاتی ادارے کا قرضہ پانچ منٹ میں اداکرسکتے ہیں، گزشتہ کئی سالو ں سے پاکستانی حکومتوں کو دی جانے والی بیرون ممالک پاکستانیوں کی امداد کا آج تک کوئی حساب نہیں دیا گیا، سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کاسٹ کرنے کا حق دیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ووٹنگ کے طریقہ کار کو لاگو نہیں کیا گیا یہ بات انہوں نے منگل کے روز کراچی پریس کلب میں صحافیو ں کے سوالا ت کا جواب دیتے ہوئے کہی اس موقع پر اوورسیز پاکستانی سالیڈرٹی سندھ کے صدر شیخ مظرعالم اور سلمیٰ ناصر نے بھی اظہارخیال کیا۔ جاوید ملک نے کہا کہ اوورسیز پاکستان سالیڈرٹی ایک بین الاقوامی سطح پر کام کرنے والا ادارہ ہے جو دنیا کے تمام تر ممالک میں کا م کرنے والے پاکستانیوں کے حقو ق کے تحفظ کا ذمہ دار ہے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے ۔اوور سیز پاکستانی سالیڈرٹی تمام تارکین وطن کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کیلئے شب روز جہدوجہد کر رہا ہے تاکہ عالمی برادری میں نہ صرف پاکستان کے وقار کو بحال کیا جا سکے بلکہ تمام تارکین وطن کو ایک باعزت کمیونٹی کے طور پر بیرونی دنیا میں ان کا حقیقی مقام دلایا جاسکے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی تارکین وطن کو آن لائن انٹر نیٹ کے ذریعے چاہیے وہ کہیں بھی رہتے ہیں ان کو ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہے۔ اس موقع پر شیخ منظرعالم نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے17ارب ڈالر پاکستان کی کمزور معیشت کو سہارا دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ اوورسیز پاکستانی، پاکستان کی معیشت کو چلانے اور مستحکم رکھنے میں اہم کردارادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ترسیل زر نہیں آئے گا تو ملکی نظام کیسے چلے گااگر حکومت اوور سیز پاکستان سالیڈرٹی کو موقع دے تو ہم اوورسیز یوتھ کو مقامی یوتھ کے قریب لانے اور ان کے درمیان فاصلوں کو کم کرنے کیلئے اپنا کلیدی کرداراد ا کر سکتے ہیں ۔

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) امریکی صدر کے مجسمے کو دیکھ کر ہر کوئی سوچ میں پڑ سکتا ہے کہ بھلا یہ کس فنکار کے ہاتھوں کی مہارت ہے لیکن یہ سن کر آپ حیران رہ جائیں گے کہ یہ کسی فنکار کی محنت نہیں بلکہ تھری ڈی پرنٹر کا کمال ہے تھری ڈی ٹیکنالوجی کی مدد سے امریکی صدر براک اوباما کے مجسمے کی تیاری کا کام ماہرین کی ایک ٹیم نے انجام دیا۔ مجمسے کی تیاری کے لئے 14 کیمرے لگا کر مختلف زاویوں سے براک اوباما کی تصاویر حاصل کی گئیں، فوٹو شوٹ میں 50 ایل ای ڈی لائٹس استعمال ہوئیں اور فیس اسکینرکے ذریعے امریکی صدر کے چہرے کو مکمل طور پر اسکین کیا گیا پھر اس سارے ڈیٹا کو کمپیوٹر کے ذریعے ایک تصویر کی شکل دی گئی۔

تھری ڈی پرنٹر کے ذریعے بنایا گیا مجسمہ دیکھ کر امریکی صدر اوباما خود بھی دنگ رہ گئے اور داد دیئے بغیر نہ رہ سکےاس مجسمے کے ساتھ صدر اوباما کے چہرے کا ماسک بھی تیار کیا گیا ہے۔

ایمزٹی وی (کھیل)  کیویز کیخلاف 0-2سے کلین سوئپ روایتی حریف سے فاصلہ مزید کم کردے گا۔ البتہ حریف کی اسی مارجن سے فتح گرین شرٹس کو 2 درجے تنزلی کے ساتھ پانچویں نمبر پر پہنچا دیےگی، 1-1 کے نتیجے سے دونوں ٹیموں کی پوزیشز پر کوئی فرق نہیں پڑےگا۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹوئنٹی 20رینکنگ میں پاکستان اس وقت 121پوائنٹس کیساتھ بھارت (126) سے پیچھے تیسری پوزیشن پر ہے، یو اے ای میں جمعرات سے شروع ہونےوالی سیریز میں 0-2 سے کلین سوئپ سے ٹیم کو مزید 3 پوائنٹس مل سکتے ہیں،نیوزی لینڈ نے اسی مارجن سے کامیابی حاصل کی تو گرین شرٹس 6 پوائنٹس کا خسارہ برداشت کرتے ہوئے 2 درجے تنزلی کیساتھ پانچویں نمبر پر آجائینگے۔

اس وقت 110 پوائنٹس کیساتھ چھٹی پوزیشن پر موجود کیویز کو ترقی تو نہیں ملے گی تاہم پاکستان سے فرق ایک پوائنٹ کا رہ جائےگا، سیریز 1-1سے برابر ہونے کی صورت میں شاہد آفریدی الیون کو ایک پوائنٹ کا خسارہ لیکن تیسری پوزیشن پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، نیوزی لینڈ اسی رینک پر رہتے ہوئے پوائنٹس میں ویسٹ انڈیز سے بہتر ہوجائیگا۔ مجموعی طور پر اس وقت سری لنکاسرفہرست،بھارت دوسرے، پاکستان تیسرے، جنوبی افریقہ چوتھے اورآسٹریلیا پانچویں نمبر پر ہے۔

ٹاپ 10 میں شامل دیگر ٹیمیں ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، آئرلینڈ اور بنگلہ دیش ہیں۔ بیٹنگ رینکنگ میں دسویں نمبر پر موجود احمد شہزاد ٹاپ10میں شامل واحد پاکستانی ہیں،دیگر نمایاں پلیئرز میں بالترتیب کوہلی، ایرون فنچ،اینڈریو ہیلز، میک کولم، کوشل پریرا،پال ڈومنی، سریش رائنا، ڈوپلیسی اور وارنر کے نام آتے ہیں۔ بولرز میں شاہد آفریدی چھٹی پوزیشن پر ہیں، ٹاپ 10 بولرز میں سیموئیل بدری سرفہرست دیگر میں سنیل نارائن،سچترا سینانائیکے،سعید اجمل، روی چندرن ایشون، مالنگا،مچل اسٹارک، کولاسیکرا اورناتھن میک کولم شامل ہیں۔ آل راؤنڈرز میں محمد حفیظ نمبر ون، شکیب الحسن دوسرے اور شاہد آفریدی تیسرے نمبر پر ہیں۔