منگل, 17 ستمبر 2024

ایمزٹی وی:(لاہور) چھانگا مانگا سے لاہور آنے والی بس رائے ونڈ میں اجتماع چوک کے قریب سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے بے قابو ہو کر الٹ گئی اور قریبی روہی نالے میں جا گری جس کے نتیجے میں ایک 17 سالہ طالب علم جاں بحق جب کہ 17 افراد زخمی ہوگئے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے حادثے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو فوری طور پر جناح اسپتال اور دیگر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بس میں 21 مسافروں کی گنجائش تھی جب کہ اس میں 40 کے قریب مسافر سوار تھے جس کی وجہ سے بس بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ حادثے کے بعد بس کا ڈرائیور فرار ہو گیا جب کہ کلینر کو پولیس نے حراست میں لے کرتحقیقات جاری۔

ایمزٹی وی:(کراچی) موچکو پولیس اسٹیشن کی حدود میں ناردرن بائی پاس پر جھاڑیوں سے 5 افراد کی لاشیں ملی ہیں، تمام افراد کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قریب سے گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے

ماضی میں اسی علاقے سے متعدد بار تشدد زدہ لاشیں مل چکی ہیں تاہم اب تک ان واقعات میں ملوث عناصر کی نشاندہی نہیں ہوسکی۔

ایمز ٹی وی (تھر) مٹھی میں غذائی قلت کے باعث ایک اور بچی دم توڑ گئی جس کے بعد 5 ہفتوں میں غذائی قلت کی وجہ سے ہلاک بچوں کی تعداد 37 ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مٹھی کے سول ہسپتال میں ڈھائی سالہ بچی زبیدہ دوران علاج دم توڑ گئی جو گزشتہ کئی روز سے زیر علاج تھی، گزشتہ 5 ہفتوں کے دوران ہلاک ہونے والی یہ 37ویں بچی ہے جبکہ سول ہسپتال مٹھی میں اب بھی 80 بچے زیر علاج ہیں اور کئی بچوں کو حیدرآباد ریفر کیا جاچکا ہے۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) ترکی کے صدر طیب اردوگان استنبول کے ضلع ایسینلر کی ایک مصروف سڑک کا دورہ کر رہے تھے جب انھوں نے ایک آدمی کو کیفے کی اوپری منزل پر تمباکو نوشی کرتے ہوئے دیکھا تو انھوں نے اس شخص کو پولیس کے ذریعے اس پر جرمانہ کروایا- ترکی کی سرکاری عمارتوں سمیت شراب خانوں اور ریستورانوں میں تمباکو نوشی پر پابندی عائد ہے۔کیفے مالکان کو بھی تمباکو نوشی پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر 2,680 ڈالر کا جرمانہ کیا گیا۔اس واقعے کے بعد ناقدین نے صدر کو لوگوں کی نجی زندگی میں مداخلت کرنے پر الزام لگایا ہے-

ایمز ٹی وی (شمالی وزیرستان) شمالی وزیرستان میں خیبرون کی کارروائیاں جاری ہیں، تازہ کارروائی میں مزید پانچ شدت پسند مارے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطاق سیکیورٹی فورسز نے خیبر ایجنسی کے علاقے نری بابا میں شدت پسندوں کے ٹھکانے پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک جب کہ تخریب کاروں کے 5 ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے ہیں۔ عسکری حکام کے مطابق مرنے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم لشکر اسلام سے ہے۔ تاحال پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے کوئی اعلامیہ سامنے نہیں آ سکا ہے، واضح رہے کہ 3 روز قبل بھی خیبر ایجنسی کے علاقے جھانسی قلعہ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 5 دہشت گرد ہلاک جب کہ ایک اہلکار زخمی ہو گیا تھا۔ اس سے ایک روز قبل بھی خیبر ایجنسی کے علاقے باڑہ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 14 شدت پسند ہلاک ہو گئے تھے۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں باون پیسہ فی یونٹ اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا،جس کا اطلاق ماہ رواں کے بلوں پر ہوگا، اضافے کا اطلاق رواں ماہ بلوں پر ہوگا تاہم لائف لائن اور کراچی کے صارفین اس اضافے سے مستثنٰی ہونگے۔

ایمز ٹی وی(نیوز ڈیسک)پاکستان کے مطابق سکھ یاتری منگل کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور پہنچے۔سکھ یاتری پاکستان کے دس روزہ دورے پر ہیں اور وہ ننکانہ صاحب میں ’بابا گرو نانک‘ کے یومِ پیدائش کی تقربیات میں شریک ہوں گے۔خیال رہے کہ سکھ یاتری ایک ایسے وقت میں واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آئے ہیں جب حال ہی میں واہگہ بارڈر پر ہونے والے خودکش حملے میں 55 افراد ہلاک ہوئے تھے۔بھارت اور پاکستان کے درمیان سفر کرنے والے درجنوں لوگ روزانہ واہگہ کے راستے یہ سرحد عبور کرتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان یہ واحد زمینی راستہ ہے۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں جاری ہے جس میں چاروں صوبوں کے وزراءاعلی، وفاقی وزرا سمیت عالمی اداروں کے حکام بھی شریک ہیں، جو ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے حوالے سے انسداد پولیو کی اسٹیرئنگ کمیٹی کو بریفنگ دے رہے ہیں۔ اس موقع پروزیراعظم کا کہنا تھا کہ دوسرے ملکوں کی نسبت پاکستان میں پولیو مہم میں مشکلات ہیں جس کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اوراس کے لئے تمام اقدامات کریں گے، پاکستان کا ہربچہ عزیز ہے اور کسی کو معذور نہیں دیکھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے میں غفلت کو جرم سمجھتا ہوں اس لئے صوبے پولیو کے خاتمے کے لئے موثر اقدامات کریں اور ہم نے پولیو کے خلاف لڑائی ہر حال میں جیتنی ہے جبکہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اس لئے اس مہم کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔ اجلاس کے دوران وزیراعلی پنجاب شہباز شریف، وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ، وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ اور وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویزخٹک شریک ہیں جبکہ اجلاس میں عالمی اداروں اور تنظیموں کے حکام بھی شریک ہیں۔

ایمز ٹی وی(فارن ڈیسک) امریکہ محکمہ دفاع نے پاکستان کے خلاف الزام عائد کیا ہے کے  پاکستان نے بھارت اور افغانستان کے خلاف شدت پسند تنظیموں کا استعمال ابھی بھی جاری کر رکھا ہے-انھوں نے کہا کہ پاکستانی سرحد کے اندر چھپے طالبان اب بھی افغانستان میں حملے کر رہے ہیں اور یہ پاکستان افغانستان دوطرفہ تعلقات کے لیے مشکلیں پیدا کر رہا ہے۔ پینٹاگون نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پاکستان ان شدت پسندوں کو ہندوستان کی بہتر فوج کے خلاف حكمتِ عملي کی طور پر استعمال کر رہا ہے۔پاکستان کہتا رہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جتنی قربانیاں پاکستان نے دی ہیں اتنی شاید ہی کسی اور ملک نے دی ہوں۔پاکستان اور امریکہ کے درمیان دہشت گردی کے خلاف تعاون جاری ہے اور تحریک طالبان پاکستان اور غیر ملکی جنگجوؤں کے خلاف پاکستانی فوج کو کامیابیاں بھی ملی ہیں۔

ایمز ٹی وی (لاہور) لیبیا میں محصور180پاکستانیوں کو لے کر پی آئی اے کی پرواز وطن پہنچ گئی ہے۔ لیبیا میں خانہ جنگی کے باعث پھنس جانے والے مزید 180پاکستانیوں کوخصوصی چارٹرڈطیارے کے ذریعے لاہورواپس لایا گیا جبکہ انصار ٹرسٹ انٹرنیشنل کے سربراہ اورسابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق انصار برنی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پچھلے ہفتے میں 540 پاکستانی وطن واپس پہنچے ہیں جبکہ گزشتہ 6 ماہ میں 11 ہزار کے قریب پاکستانی بحفاظت وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔