جمعہ, 18 اکتوبر 2024
×

Warning

JUser: :_load: Unable to load user with ID: 46

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وزیر اعظم نواز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دے دی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے پٹرول کی قیمت میں 9روپے43پیسے ، مٹی کے تیل میں 8روپے 16 پیسے ، ایچ او بی سی کی قیمت میں 14روپے 68پیسے، ڈیزل کی قیمت میں 6روپے 18پیسے اور ہائی اوکٹین کی قیمت میں 14 روپے 68 پیسے فی لیٹر کمی کی منظوری دے دی ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے قیمتوں میں کمی کانوٹی فکیشن جاری ہونے کے نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہو جائے گا ۔

ایمز ٹی وی( فارن ڈیسک)اسرائیلی پولیس نے یروشلم کے مقدس مقام حرم الشریف کو دوبارہ کھول دیا ہے جسے شہر میں کشیدگی کے بعد جمعرات کے روز بند کر دیا گیا تھا۔گذشتہ روز اسرائیلی پولیس نے ایک ایسے فلسطینی شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا- جس کے متعلق شبہ تھا کہ اس نے کچھ دیر قبل دائیں بازو کے ایک سرگرم یہودی کارکن ربی یہودا گلک کو گولی ماری تھی۔ اس کے بعد اسرائیلی پولیس نے حرم الشریف کو سب عبادت گزاروں اور سیاحوں کے لیے بند کر دیا تھا، جس کی فلسطینی رہنما محمود عباس نے مذمت کی تھی۔اور اس فلسطینی کو مشرقی یروشلم میں دفنا دیا گیا۔

ایمزٹی وی(کراچی) نریندر مودی کی حکومت نے پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید خراب کرنے کا ایک اور بہانہ تلاش کرلیا اور اس بار لائن آف کنٹرول کے بجائے پاکستان پر فضائی حدود کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے اور اس حوالے سے ہٹ دھرم بھارت کی جانب سے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ایک خط ارسال کیا گیا جس میں الزام عائد کیا کہ 3 پاکستانی کمرشل فلائٹس نے بھارتی حدود کی خلاف ورزی کی ہے جب کہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی مسافر طیاروں کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر ایئرفورس کو بھی الرٹ کردیا گیا تھا۔

خط میں کہا گیا کہ 21 اپریل کو کراچی سے لاہور جانے والی پی کے 406، 30 مئی کو جدہ سے لاہور آنے والی ایئربلیو کی پرواز 471 اور یکم جون کو کراچی سے ڈیرہ غازی خان جانے والی پی کے 584 نے بھارتی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اپوزیشن نے او جی ڈی سی ایل کی نجکاری اور ملازمین پر تشدد کے خلاف آواز بلند کی اورموقف نہ سنے جانے پر اسمبلی سے واک آئوٹ کیا اوراجلاس کا بائیکاٹ کردیا۔ دریں اثناء او جی ڈی سی ایل کی نجکاری کیخلاف احتجاج کرنے والے ملازمین پرتشدد کیخلاف تحریک التواء قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی گئی۔ تحریک التواء میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے ایسے اوچھے ہتھکنڈے ہمیں مزدوروں کے حق میں آواز اٹھانے سے نہیں روک سکتے۔ او جی ڈی سی ایل ملازمین پر تشدد کیخلاف پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التواء جمع کرادی ہے ۔ تحریک التواء میں کہا گیا ہے حکومت کا مزدوروں پر تشدد شرمناک ہے، حکومت کی مزدور دشمن پالیسیاں واضح ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ حکومت کے ایسے اوچھے ہتھکنڈے ہمیں مزدوروں کے حق میں آواز اٹھانے سے نہیں روک سکتے۔ تحریک التواء شازیہ مری، عمران ظفر لغاری، نفیسہ شاہ، صاحبزادہ طارق اللہ نے جمع کروائی۔

ایمزٹی وی(پنجاب) محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر لاہور میں ڈرون کیمروں کے ذریعے میڈیا کوریج پر پابندی عائد کردی ہے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے پابندی دفعہ 144 کے تحت عائد کی گئی ہے جس کے تحت محرم کی مجالس اور جلسے جلوسوں کی ڈرون کیمروں کے ذریعے کوریج ممنوع ہوگی جبکہ پابندی کا اطلاق 30 روز کے لیے ہوگا۔

ایمز ٹی وی(فارن ڈیسک) یورپی یونین نے روس اور یوکرین کو سردیوں میں گیس کی فراہمی بحال کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی -اس معاہدے میں اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ یورپی یونین کو یوکرین گیس کی فراہمی میں بھی تحفظ فراہم ہو گا-یورپی یونین کے توانائی کے سربراہ گونتھر اوٹنگر نے یقین ظاہر کیا کہ یوکرین کے پاس اپنی ضرورت کی گیس خریدنے کے لیے رقم موجود ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ یوکرین اور روس کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے امید کی ’پہلی کرن‘ ثابت ہو سکتا ہے۔روس کی جانب سے یوکرین کو دی جانے والی مراعات ختم کیے جانے کے بعد بروقت ادائیگیاں نہ ہونے کی بنا پر روس نے یوکرین کو گیس کی فراہمی روک دی تھی۔ اس کے بعد یوکرین میں گیس کی قیمت میں تیزی سے اضافہ ہو گیا تھا۔

ایمز ٹی وی (لاہور) مسلم لیگ ن برطانیہ کے صدر زبیر گل نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو سمندر پار پاکستانیوں کےمسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتےہوئے کہا دھرنے کی سیاست سے پاکستان کو بہت نقصان پہنچا ہے،پھر بھی سمندرپارپاکستانیوں کو سرمایہ کاری کے لیے تمام سہولیات فراہم کریں گے۔ شہبازشریف نےکہا کہ سمندر پارپاکستانیوں کی ملک کے لیے خدمات ہیں ، انھیں سرمایہ کاری کے لیے تمام سہولیات فراہم کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ قبضہ گروپوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔

ایمز ٹی وی(فارن ڈیسک)کینیڈا کے حکام نے انٹاریو میں رہائش پذیر ایک پاکستانی کو ’کینیڈا کے لیے ایک خطرہ‘ قرار دے کر گرفتار کیا ہے-تیس سالہ عقیق انصاری سافٹ ویئر انجینیئر ہیں اور ان کا تعلق کراچی سے ہے۔انصاری پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ ان کا تعلق کراچی میں شدت پسند تنظیموں سے ہے اور انھوں نے بندوقیں جمع کر رکھی ہیں۔انصاری اس وقت جیل میں ہیں اور ان کو امیگریشن قوانین کے تحت گرفتار کیا گیا ہے-یہ گرفتاری اس وقت کی گئی ہے جب اس سے چند روز قبل ہی اوٹوا میں دو فوجیوں کو حملے میں ہلاک کردیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ انصاری کو پچھلے سال غیر قانونی طور پر بندوقیں رکھنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔ اس حراست کے بعد انصاری نے ایک ڈیل کے تحت یہ تمام بندوقیں حکام کے حوالے کر دی تھیں اور رہائی پائی تھی۔

ایمز ٹی وی (شکرگڑھ) بھارتی فورسز نے نوجوان توقیر خان کی نعش میں تیس گھنٹے مذاکرات کے بعد واپس کردی۔ تفصیلات کے مطابق سرحدی گاﺅں جلالہ کے رہائشی توقیر خان کو گزشتہ روز کھیتوں میں کام کرتے ہوئے بھارتی فورسز نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا تھا اور زخمی حالت میں پاکستانی حدود سےاٹھالیا تھا جو بعد ازاں بھارتی حراست میں شہید ہوگیا۔ بی ایس ایف نے تیس گھنٹوں کے مذاکرات کے بعد توقیر خان کی نعش رینجرز حکام کے حوالے کردی ہے ۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ انہوں نے عمران خان کو پہلے ہی بتا دیا تھاکہ دھرنے جاری رہے تو نقصان ہو گا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ اب شہر شہر جا کر جلسے کریں گے، دھرنا ختم کرنے پر عمران خان کو اعتراض نہیں تھا ،وہ آزادانہ فیصلے کرنے کے مجاز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ستمبر میں ہی بتا دیا تھا کہ دھرنوں سے فوری نتیجہ نہیں آیا ہے اور اگر دھرنے جاری رہے تو الٹا نقصان ہو گا، لوگ سوال کریں گے اب کس لئے بیٹھے ہیں؟، انھوں نےکہا کہ لوگوں کے پاس کھانے کے لئے پیسے نہیں ہیں، کرایہ دے کر کون آئے گا؟۔