ایمزٹی وی(بزنس)وفاقی وزیر صنعت و پیداوار نے نجی کار ساز کمپنی کی جانب سے گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ اسلام آباد میں صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ پرائیویٹ کمپنیاں قیمتیں بڑھانے کے بجائے گاڑیوں کے معیار پر توجہ دیں، ہماری بدقسمتی ہے کہ ہمارے ہمسایہ ملک کی گاڑیوں کی برآمدات ہماری مجموی پیداوار سے بھی 4 گنا زیادہ ہیں، پاکستانی صارف گاڑیوں کی کوالٹی سے مطمئن نہیں، وفاقی حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ پاکستانی صارفین کے اطمینان کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے۔
وفاقی وزیر نے گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کو ہوشربااضافے کی تحقیقات کرنے اور 1 ہفتے میں رپورٹ دینے کے احکام جاری کردیے۔ وفاقی وزیرنے صحافیوں کو بتایاکہ وہ آئندہ شب کراچی ایئرپورٹ سے حجاج کو سرکاری طور پر الوداع کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حالیہ برس حج کے انتظامات بہتر بنانے پر وفاقی حکومت کی جانب سے خصوصی کاوشیں کی گئی ہیں۔