ایمزٹی وی(بزنس)خام تیل کی بین الاقوامی منڈیوں پر وافر سپلائی کے باعث شدید دباؤ ہے جس کے نتیجے میں قیمتیں منگل کو 40ڈالر سے نیچے گرگئیں تاہم بدھ کو معمولی اضافے کے باوجود 40ڈالر کی حد سے نیچے ہی ہیں۔
واضح رہے کہ جون کے بعد سے اب تک تیل قیمتوں میں 20 فیصد سے زائد کمی ہو چکی ہے۔ بدھ کو دوپہر تک امریکی آئل ڈبلیوٹی آئی کی ستمبر میں ترسیل کیلیے قیمت 41 سینٹ کے اضافے سے 39.92 ڈالر فی بیرل ہو گئی جبکہ برینٹ کے اکتوبر میں فراہمی کیلیے نرخ25 سینٹ بڑھ کر 42.05ڈالر فی بیرل ہو گئے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کو امریکی محکمہ توانائی کی ذخائر سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ کا انتظار ہے جس کی بنیاد پر قیمتوں کی سمت کا صحیح تعین ہوگا، ممکن ہے کہ قیمتیں 40ڈالر سے بڑھ جائیں مگر یہ مزید کم بھی ہوسکتی ہیں تاہم رجحان کا سارا انحصار مذکورہ توانائی رپورٹ پر ہے۔