ایمزٹی وی(بزنس)گورنر اسٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا نے کہا ہے کہ گزشتہ تین سال کے دوران اسٹیٹ بینک کی کامیابیوں سے معیشت پر دور رس مثبت اثرات مرتب ہوں گے، گزشتہ تین سال کے دوران قانونی ترامیم سمیت کئی اہم معاشی اصلاحات مکمل کی گئیں جن سے معیشت میں نمو بڑھے گی اور عام لوگوں تک اس کے فوائد پہنچیں گے۔
یہ بات انہوں نے گزشتہ روز یوم آزادی کے موقع پر اسٹیٹ بینک کے صدر دفتر میں منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب میں کہی۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی حالیہ کامیابیوں میں مانیٹری پالیسی کی خودمختار کمیٹی کی تشکیل، کمیٹی کے اجلاسوں کی کارروائی کی اشاعت، بل کارپوریشن پروٹیکشن ڈپازٹ کی پارلیمنٹ سے منظوری،انسٹیٹیوشنز فنانشل ترمیمی بل اورلین دین محفوظ بنانے کے بل 2016 کے ذریعے ایس ایم ای شعبے کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹ دور ہونے کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خود مختار مانیٹری پالیسی کمیٹی بنانے والا سارک کا پہلا ملک ہے۔ گورنر نے کہا کہ بجلی کی پیداوار میں بہتری آنے کے ساتھ ہی منڈیوں کے تنوع اور مصنوعات کے تنوع کے ذریعے برآمدات بڑھانے کیلیے کوششیں تیز کرنی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار آئی ایم ایف کا پروگرام کامیابی کے ساتھ مکمل ہو چکا ہے۔ مالی سال 16 میں مہنگائی اوسطاً 2.9 فیصد پر آ گئی جو 47 سال کی پست ترین سطح ہے جبکہ حقیقی جی ڈی پی کی نمو 4.7 فیصد ہے۔ یہ علامات ملکی معیشت کیلیے خوش آئند ہیں۔ انہوں نے ملکی معیشت کی نمو کیلیے نجی شعبے کی سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔گورنر نے یاد دلایا کہ انہوں نے اسٹیٹ بینک کی نئی تشکیل شدہ ویب سائٹ کے افتتاح کا اعلان کیا تھا تاکہ اسٹیٹ بینک کی پالیسیوں اور اقتصادی و مالی اعدادوشمار کے بارے میں دستیاب معلومات تک آسان رسائی فراہم کی جائے اور اس طرح اس کی سرگرمیوں کو زیادہ شفاف بنایا جائے۔
اشرف وتھرا نے کہا کہ اگرچہ اسٹیٹ بینک اپنی ویب سائٹ کے ذریعے لوگوں تک معلومات پہنچاتا رہا ہے، تاہم کچھ عرصے سے اس میں بہتری کی گنجائش محسوس کی جا رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسٹیٹ بینک کی نئی تشکیل شدہ ویب سائٹ کا افتتاح کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں، پاکستان کے عوام تک اپنی معلومات اور ڈیٹا کی مزید اشاعت کیلیے ویب سائٹ کا اردو ورژن بھی شروع کیا جا رہا ہے۔ بعد ازاں گورنر، ڈپٹی گورنر سعید احمد، میڈیا کے نمائندوں اور مہمانوں نے اسٹیٹ بینک میں واقع میوزیم اینڈ آرٹ گیلری کا دورہ کیا جہاں دو ثقافتی نمائشیں لگائی گئی تھیں۔
ایک نمائش 1800 کے زمانے کے پوسٹ کارڈز کی تھی جبکہ دوسری نمائش معروف آرٹسٹ مشتاق لاشاری کے فن پاروں کی تھی جن میں کراچی کی قدیم عمارات کی تصویریں پیش کی گئیں۔ اس کے علاوہ گورنر نے صدارتی تمغہ حسنِ کارکردگی یافتہ عبدالکریم سولنگی کے ثقافتی dioramas کی منفرد نمائش کا بھی افتتاح کیا۔ یہ ماڈلز منی ایچرز ہیں اور انہیں موسیقی کے ساتھ گاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا نے اسٹیٹ بینک کے ملازمین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے فرائض اخلاص کے ساتھ انجام دیں اور قائد اعظم کی بصیرت کے مطابق اپنی خدمات کا معیار بہتر بنانے کی کوشش جاری رکھیں۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے صدر دفتر واقع آئی آئی چندریگر روڈ کراچی میں پاکستان کے 70 ویں یومِ آزادی کی تقریب ہوئی۔ مہمانِ خصوصی گورنر اشرف محمود وتھرا نے تالیوں کی گونج میں پرچم کشائی کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا۔ گورنر نے حاضرین کو یومِ آزادی کی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے خواب کی تعبیر پاکستان کی شکل میں حاصل کی۔ پاکستان کو اپنے قیام کے بعد ہی سے کئی چیلنجوں سے نمٹنا پڑا، جن میں سے ایک اسٹیٹ بینک کا قیام بھی تھا۔ اس کو قائد اعظم نے بے حد اہمیت دی۔