ایمز ٹی وی (تجارت)کراچی سے ساہیوال کول پاور پلانٹ کے لئے کوئلہ لے جانے والی ٹرین کی ایک بوگی سے 22 ٹن کوئلہ غائب ہو گیا، چینی حکام کی نشاندہی پر محکمہ ریلوے نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ ساہیوال کول پاور پلانٹ کے لیے کوئلہ لے جانے والی چین کی دوسری اسپیشل ٹرین، 18 بوگیاں اور ہر بوگی میں 22 ٹن کوئلہ، ٹرین ساہیوال اسٹیشن پر پہنچی تو پوری ایک بوگی خالی تھی، 22 ٹن کوئلہ زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا،ریلوے گارڈز نے اے ایس ایم کواطلاع دی،بوگی نمبر96239 میں کوئلہ نہیں،بوگی کےپہیوں کے ساتھ نچلے دروازے کھلے ہوئے تھے۔ ریلوے حکام کے مطابق ٹرین کراچی سے چلنے کے بعد بہاولپور کے نزدیک کلاب ریلوے اسٹیشن پر کچھ دیر کے لیے رُکی تھی، ترجمان ریلوے کے مطابق واقعہ کی تحقیقات جار ی ہیں۔