اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بجٹ میں مجموعی طور پر 729ارب روپے کے نئے ٹیکس لگانے کی تجاویز کا جائزہ لینا شروع کردیا۔
وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2019-20 کے وفاقی بجٹ میں مجموعی طور پر 729ارب روپے کے نئے ٹیکس لگانے کی تجاویز کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے جس میں سب سے زیادہ 634 ارب روپے ان لینڈ ریونیو کی مد میں اور 95 ارب روپے کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں عائد کرنے کی تجاویز زیر غور ہے جبکہ ان لینڈ ریونیو ٹیکسوں میں سب سے زیادہ انکم ٹیکس کی مد میں عائد کیے جانیکا امکان ہے۔
اگلے مالی سال کے بجٹ میں انکم ٹیکس کی مد میں 334اربروپے کے نئے ٹیکس عائد کرنے کی تجاویز کا جائزہ لیا جارہا ہے جبکہ سیلز ٹیکس کی مد میں 150 ارب اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں بھی 150 ارب روپے کے نئے ٹیکس لگانے کی تجاویز زیر غور ہیں تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 95 ارب روپے کے ریونیو اقدامات کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔