اتوار, 24 نومبر 2024


انٹرمیڈیٹ ،رجسٹریشن کرانے کی تاریخوں کا اعلان

 

ایمز ٹی وی(تعلیم /کراچی ) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی نے میٹرک کے ضمنی امتحانات 2016ء میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کیلئے انٹرمیڈیٹ میں رجسٹریشن کرانے کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات بتاتے ہوئے محمد عمران خان چشتی نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2017ء میں حصہ لینے کے خواہشمند آرٹس اور کامرس گروپس کے ایسے امیدوار جنہوں نے میٹرک کے ضمنی امتحانات 2016ء میں کامیابی حاصل کی ہے اپنے رجسٹریشن فارمز 1750 روپے فیس کے ساتھ 18 جنوری سے 16فروری تک متعلقہ سیکشن سے ضروری تصدیق کے بعد بورڈ آفس میں واقع حبیب بینک حسین ڈی سلوا برانچ اور بورڈ کی جانب سے نامزد یو بی ایل کی بینک برانچوں میں جمع کرواسکتے ہیں۔ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی نے مزید بتایا کہ جو امیدوار مقررہ تاریخ تک اپنے رجسٹریشن فارم جمع نہیں کراسکیں وہ17فروری سے 27فروری تک 200روپے لیٹ فیس کے ساتھ، 28فروری سے 6مارچ تک 400 روپے لیٹ فیس کے ساتھ جبکہ 7مارچ سے اگلے احکامات تک 600روپے لیٹ فیس کے ساتھ اپنے رجسٹریشن فارمز جمع کرواسکتے ہیں۔ناظم امتحانات نے طلباء کو ہدایت کی کہ رجسٹریشن فارم گریڈ 17کے سرکاری افسر سے تصدیق شدہ ہونے چاہئیں جبکہ فارم کے ساتھ میٹرک کی مارکس شیٹ یا سرٹیفکیٹ کی مصدقہ نقل بھی منسلک کی جائے، نامکمل فارم قبول نہیں کیئے جائیں گے۔ محمد عمران خان چشتی نے مزید بتایا کہ یو بی ایل کی جن برانچوں میں رجسٹریشن فارمز جمع کروائے جاسکتے ہیں ان میں ملیر سٹی مین نیشنل ہائی وے، سیکٹر 3 آر سی ڈی ہائی وے اورنگی، سیکٹر 11-H نارتھ کراچی، یو بی ایل بلڈنگ نارتھ ناظم آباد، حسین ڈی سلوا برانچ بلاک اے نارتھ ناظم آباد، یو بی ایل بلڈنگ آئی آئی چندریگر روڈ،شہید ملت روڈ شاہراہ فیصل جنکشن اور نیو ٹینری مارکیٹ سیکٹر 7-Aکورنگی انڈسٹریل ایریا کورنگی کی برانچیں شامل ہیں۔

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment