ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے (ایس ایس سی) پارٹ ٹو جنرل گروپ ریگولر وپرائیویٹ اور خصوصی طلبہ سال دوم کے سالانہ امتحانات برائے 2018 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ نتائج بورڈ کی ویب سائٹ پر اور ایس ایم ایس سروس 8583 پر بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔
نتائج کے مطابق جنرل گروپ میں اقرا حفاظ گرلز سیکنڈری اسکول بلاکB نارتھ ناظم آباد کی صبیحہ زوحہ نے 89.64فیصد نمبر حاصل کر کے پہلی، سی پی اینڈ برار ہائی گرلز اسکول غازی صلاح الدین روڈ بلاک7/8 کی مدیحہ نے 89.17 فیصد نمبر حاصل کے دوسری جبکہ ڈی ایم سی گرلز اسکول شہید ملت روڈ کی لائبہ اطہر نے88.70فیصد نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مزید براں خصوصی طلبہ کی پہلی اور دوسری پوزیشنیں ابسا اسکول ڈی ایچ اے کورنگی روڈ نے حاصل کیں جن میں خضرا ظفر نے 86.11 فیصد نمبر کے ساتھ پہلی، علیشہ گل قادری نے 85.64 فیصد نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ دیوا اسکول گلشن اقبال بلاک 3 محمد حزیفہ قریشی نے 83.29 فیصد نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے کہا کہ بورڈ کی جانب سے باقاعدہ تقریب کا اہتمام سائنس کا رزلٹ آنے پر کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق جنرل گروپ میں 23923 امیدوار رجسٹر ڈ ہوئے جن میں سے 21683 امتحانات میں شامل ہوئے، شامل ہونے
والوں میں 8724طلبہ اور 15199 طالبات شامل ہیں، کامیاب ہونے والوں کی تعداد 13538 ہے جن میں 4099 طلبہ اور 9438 طالبات شامل ہیں، کامیابی کا تناسب 62.44فیصد رہا، کامیاب امیدواروں میں سے 201 نے اے ون گریڈ، 1395 نے اے گریڈ، 2849نے Bگریڈ، 4816 نے Cگریڈ، 3658نے D گریڈ اور 353 نے Eگریڈ حاصل کیا۔اسی طرح قوت سماعت وگویائی سے محروم خصوصی امیدواروں نے مذکورہ امتحان میں 126 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کر کے 126 نے ہی کامیابی حاصل کی،101نے فرسٹ ڈویژن جبکہ 24نے سیکنڈ ڈویژن حاصل کی، نتائج میں کامیابی کا تناسب 100فیصد رہا۔