کراچی: داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی کی جانب سے شروع کئے گئے پروگرام ’وائس چانسلر کا منصوبہ‘ کے تحت جامعہ داؤد انجینئرنگ میں میگا ایونٹ ’نیشنل پروجیکٹ کمپی ٹیشن (NPC'19)‘‘ دسمبر میں منعقد کیا جارہا ہے جو 21؍ سے 22؍ دسمبر 2019ء تک جاری رہے گا۔
نیشنل پروجیکٹ مقابلوں کے حوالے سے تعارفی تقریب جامعہ کے آڈیٹوریم میں ہوئی جس میں کیٹیگریز کا اعلان کیا گیا اور ان کیٹیگریز میں تخلیقی اور اختراعی ایجادات، سماجی فوائد ، کم لاگت ، ماحول دوست ، کاروباری آغاز اور قابل عمل منصوبے جیسے موضوعات شامل کئے گئے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے کہا کہ داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی میں پہلی بار ایسے کسی میگا ایونٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے اور پاکستان میں کسی بھی یونیورسٹی نے اس نوعیت کے مقابلے نہیں کرائے ، نیشنل پروجیکٹ کمپی ٹیشن میں شرکت کیلئے ہم نے 74؍ جامعات کو مدعو کیا ہے ۔ نیشنل پروجیکٹ مقابلوں کے وژن اور مشن کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے بتایا کہ ہم نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لائیں گے جو دنیا میں بڑے پیمانے پر اثرات کیلئے حیران کن اور انوکھے خیالات کو حقیقت میں تبدیل کریں گے ، ہمارا مقصد باصلاحیت نوجوانوں کو ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا جو باہمی فوائد اور تخلیقی کلچر کو فروغ دینے کیلئے مواقع اور انڈسٹریز کو آپس میں جوڑ دیں۔
تقریب میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر پیر روشن دین شاہ راشدی ، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو، اکیڈمک کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر دوست علی خواجہ ، رجسٹرار ڈاکٹر سید آصف علی شاہ ، این پی سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالسمیع ، تمام شعبوںکے چیئرپرسنزاور طلباء کی ایک بڑی نے شرکت کی۔