کراچی: سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی اور ورلڈ وائیڈ فنڈپاکستان (ڈبلیو ڈبلیو ایف) ماحولیات کے مختلف مسائل پر مل کر کام کریں گے۔ اس حوالے سے دونوں اداروں کے درمیان گزشتہ روز سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
معاہدے کے مطابق سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے طالبعلموں کی مختلف ریسرچ پروگرامز، ماحولیات کے مطلق شعور و آگاہی اور صلاحیتوں کی استعدادکار بڑھانے کے حوالے سے معاونت کی جائے گی۔دونوں ادارے مل کر مختلف موضوعات پر سیمینارز اور مختلف پروگرامز منعقد کریں گے۔
اس موقع پر ڈبلیو ڈبلیوایف کے ڈائریکٹر جنرل اورسی ای او حماد نقی خان نے سندھ مدرستہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ انکے ادارے کیلئے خوش نصیبی ہے کہ انہیں قائداعظم کی مادر علمی کے اساتذہ اور طالبعلموں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔
اس موقع پر ڈبلیو ڈبلیو ایف سندھ اور بلوچستان کے ریجنل ہیڈ ڈاکٹر بابر خان، مینیجر حمیرا خان کے علاوہ ڈائریکٹر اورک ایس ایم آئی یو اسٹیفن جان اور دیگرافسران بھی شامل تھے۔