کراچی: سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں سات اسٹوڈینٹس کونسل کے سالانہ انتخابات کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیکڑوں طلبا و طالبات نے حصہ لیا
تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں سات اسٹوڈینٹس کونسل کے سالانہ انتخابات 2019-20کا انعقاد کیا گیا، انتخابات میں کل 35 نشستوں پر 84 امیدواروں نے حصہ لیا، جن میں سے 15 بلامقابلہ کامیاب قرار پائے،اس موقع پر تالپور بلڈنگ کے سامنے مختلف بوتھ لگائے گئے جہاں امیدواروں کے رنگ برنگی بینرز بھی ویزاں تھے، انتخابات ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز اینڈ پلیسمینٹ کی زیر نگرانی منعقد کیے گئے۔ انتخابات ڈبیٹنگ سوسائٹی، آرٹ سوسائٹی، لٹرری سوسائٹی، سائنس سوسائٹی، کمیونٹی سروس سوسائٹی، موسیقی سوسائٹی اور اسپورٹس سوسائٹی کےلئے کرائے گئے ۔
الیکشن والے دن جامعہ میں میلے کا سماں رہا، سیکڑوں نے طلبہ نے اگلے ایک سال کےلئے اپنی پسندیدہ امیدوار کو منتخب کرنے کےلئے ووٹ ڈالا اور جوش و جذبے کے ساتھ انتخابات میں حصہ لیا۔ شیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد علی شیخ، رجسٹرار، ڈین اور دیگر اساتذہ نے الیکشنز کا جائزہ لیا، اس موقع پر سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا کہ سندھ مدرسہ یونیورسٹی پاکستان کی واحد سرکاری جامعہ ہے جہاں اس طرح آزادنہ طور پر طلبہ سوسائٹیز کے انتخابات کرائے جاتے ہیں ، اس طرح کی سرگرمیاں طلبہ میں اعتماد کی فضا قائم کرتی ہیں اور آج کے طلبہ کل کے لیڈران ہیں، لہذا اس طرح کی ایکٹیویٹیز سے جمہوری عمل کو فروغ ملے گا، سوچ کا دائرہ وسیع ہوگا۔