اسلام آباد : وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ پاکستان کے تمام 29 بورڈز کے امتحانات یکم جون تک نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ لوگ آپس میں ملنا جلنا کم کردیں، تعلیمی ادارے 5 اپریل تک بند رہیں گے، صورتِ حال کا جائزہ لے کر مزید فیصلے کیے جائیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ تعلیم نے کہا کہ صوبائی وزرائے تعلیم سے مشاورت کریں گے جس کے بعد فیصلہ کریں گے کہ تعلیمی اداروں کو 5 اپریل کو کھولنا ہے یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ یکم جون سے پہلے کوئی امتحانات نہیں ہوں گے، کیمبرج اسکول سسٹم کےتحت بھی یکم جون سے پہلے امتحانات نہیں ہوں گے۔
شفقت محمود نے بتایا کہ باہر کے ادارے جو پاکستان میں امتحانات لیتے ہیں ان کے امتحانات بھی یکم جون سے قبل نہیں ہوں گے۔ان کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ دوسرے بیرونی ادارے بھی امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان جلد کر دیں گے، کسی اسکول میں اساتذہ کو آنے کی ضرورت نہیں لیکن انتظامیہ ضرورت پڑنے پر بلا سکتی ہے۔
وزیرِ تعلیم نے مزید بتایا کہ لوک ورثہ سمیت تمام کلچرل سائٹس پر ثقافتی سرگرمیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، یونیورسٹیز کی ہاسٹل خالی کرا لیے گئےہیں۔