سندھ کی 6 جامعات میں وائس چانسلرز اور 7 تعلیمی بورڈز میں چیئرمین، سیکرٹریز اور ناظم امتحانات کے خالی عہدوں پر مستقل تعیناتی کی بجائے محکمہ بورڈز و جامعات نے لاک ڈائون کے دوران سفارشی بنیادوں پر پرووائس چانسلر کی تعیناتی شروع کردی ہے اس سلسلے میں لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو میں پروفیسر اکرام الدین اجن کو 4 سال کے لئے پرووائس چانسلر مقرر کردیا ہے.
یہ تقرری ایسے وقت کی گئی ہے جب جامعات اور محکمہ بورڈز و جامعات کورونا وائرس کے پھیلاو کے باعث بند ہیں تاہم اس کے باوجود پی وی سی کی تعیناتی کردی گئی۔
جامعات کے نئے ترمیمی ایکٹ میں پرووائس چانسلر کے تقرر کے لئے وائس چانسلر کی سفارش کی ضرورت ہی نہیں ہوتی ہے اور حاضر سروس پروفیسر ہی پرو وائس چانسلر ہو سکتا ہے لیکن محکمہ بورڈ و جامعات نے گزشتہ دو سال کے دوران ریٹائرڈ یا ریٹائرمنٹ کے قریب افراد کو پہلے پرووائس چانسلر مقرر کیا۔