کراچی: انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن( آئی بی اے) کراچی کو ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ماسٹر آف سائنس ان جرنلزم میں داخلوں سے روک دیا ہے۔
ذرائع کےمطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن نے آئی بی اے کے سینٹر فار ایکسیلنس ان جرنلزم(سی ای جے) کو پی ایچ ڈی اساتذہ نہ ہونے کے باعث ماسٹر آف سائنس انجرنلزم میں داخلے سے روک دیا ہے اور انھیں ہدایت کی ہے کہ وہ پی ایچ ڈی فیکلٹی ہونے تک داخلے نہ دیں جس کے بعد آئ بی اے نے جرنلزم میں داخلوں کا عمل روک دیا ہے۔
میڈیا نے آئی بی اے کراچی کی ترجمان نے تصدیق کی کہ آئ بی اے کراچی کے سینٹر فار ایکسیلنس ان جرنلزم(سی ای جے) نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایت پر پی ایچ ڈی اساتذہ نہ ہونے کے باعث ماسٹرز میں داخلوں کا عمل روک دیا ہے تاہم ایک پی ایچ ڈی استاد کی خدمت حاصل کی جاچکی ہے جب کہ دوسرے پی ایچ ڈی استاد کی خدمت ایک سے دو ماہ میں حاصل کرلی جائے گی جس کے بعد ایچ ای سی کی شرط پوری ہوجائے گی اور ہمیں داخلوں کی اجازت مل جائے گی انھوں نے کہا کہ ماسٹرز میں پہلے سے داخل شدہ طلبہ کے لئے تدریسی عمل جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ سینٹر فار ایکسیلنس ان جرنلزم(سی ای جے) سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر عشرت حسین کے دور میں امریکی گرانٹ سے قائم ہوا تھا جس کا مقصد پاکستانیوں صحافیوں کو پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرنا تھی تاہم تین سال قبل سی ای جے نے ماسٹرز پروگرام شروع کیا تھا۔