کراچی: سندھ مدرستہ اسلام یونیورسٹی میں فزیکل کلاسز کا آغاز ہوگیا۔
سندھ مدرستہ اسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین وصحرائی میمن نے جامعہ میں کلاسز شروع ہونے کے بعد مختلف کلاس رومز کے دورے کے دوران کہا کہ کرونا کے باعث لاک ڈائون کے بعد یونیورسٹی میں کلاسز کا آغاز ہونا ایک خوش آئند ہے، لاک ڈائون نے ہمیں ہائبرڈ ماڈل دیا، جامعات کا آن لائن کلاسز کی طرف جانا ڈجیٹیل دور میں قدم رکھنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب غیر معمولی دور سے گزرہے ہیں اور اس سلسلے کودوبارہ جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں ہم نے ہائبرڈ نظام شروع کیا ہےجس کو کامیابی سے آگے جاری رکھیں گے۔
اس موقع پرانہوں نے طلبہ کو ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کے اساتذہ اور طلبہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس اوپیز پر خود بھی عمل کریں اوراس سلسلے میں دیگر لوگوں کو بھی آگاہی فراہم کریں۔
ڈاکٹر مجیب الدین صحرائی نے کہا کہ یونیورسٹی ہائبرڈ ماڈل کے تحت چل رہی ہے، آٹھ ماہ بعد جامعہ میں طلبہ کی واپسی خوش آئند بات ہے، طلباوطالبات کے تعاون سے ہی ہم اس وبا کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔
دریں اثناء جامعہ کے اہم راستوں پر سینیٹائزواک تھرو گیٹ نصب کئے گئے اور ایس او پیز ایس او پیز کے سختی سے نفاذ کو یقینی بنایا گیا۔ جبکہ کئی ماہ بعد کلاسز کے شروع ہونے کے باعث طلبا میں بھی کافی جوش و خروش دیکھا گیا۔
واضح رہے کہ ایس ایم آئی یو میں 28 ستمبر سے ایم ایس اور پی ایچ ڈی کی فزیکل کلاسز کا آغاز ہو گیا تھا جبکہ انڈر گریجوئیٹ کی کلاسز کے بعد اب تمام پروگرامز کی کلاسز باقاعدہ شروع ہوچکی ہیں۔کلاس رومز کے دورے کے موقع پر ڈینز، رجسٹرار اور اساتذہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔