اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نے نتائج سے غیرمطمئن طلبہ کے لیے پرچوں کی اسکروٹنی فیس 50 فیصد کم کردی۔
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق طلبہ اس سے پہلے اسکروٹنی کے لیے فی پرچہ ایک ہزار روپے فیس جمع کرواتے تھے تاہم اب اسکروٹنی فیس 50 فیصد کم کرکے 500 روپے فی پرچہ کردی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ اسکروٹنی فارم 3 فروری 2025 تک وصول کیے جائیں گے، طلبہ اسکروٹنی فارم اور فیس واؤچر انٹربورڈ کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں، طلبہ کی آسانی کے لیے انٹربورڈ میں واقع سہولت مرکز پر خصوصی کاؤنٹرز قائم کردیے گئے ہیں۔
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے مطابق خصوصی کاؤنٹرز پر طلبہ اسکروٹنی فارم اور فیس جمع کروائیں گے۔
واضح رہے کہ انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی کے تحت گیارہویں جماعت کے نتائج کے حوالے سے طلبہ اور والدین سمیت سیاسی جماعتیں تحفظات کا اظہار کررہی ہیں۔
نتائج پر طلبہ کے تحفظات پر چیئرمین انٹربورڈ نے انکوائری کمیٹی تشکیل دینےکا بھی اعلان کیا تاہم بہت کم طلبہ کی جانب سے اسکروٹنی فارم جمع کروائے گئے ہیں۔