ایمزٹی وی (تعلیم) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے ریسکیو 1122 ، گمشدہ افراد کی تلاش کی ھیلپ لائن اور اسکول کے بچوں کو فرسٹ ایڈ دینے کے پروگرام کا آغاز کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ھلالِ احمر سندھ کی جانب سے اسکولوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے شروع کئے گئے اسکول سیفٹی پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کے لئے بھرپور اور جامع اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں تاکہ طالب علموں اور اساتذہ کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پروگرام کے تحت کراچی آپریشن سے بھی شہر قائد کو دہشت گردوں ، ٹارگٹ کلرز، بھتہ خوروں اور اغواء برائے تاوان میں ملوث مجرمان سے نجات ملی ہے اور کراچی اپنی سابقہ رونقوں کی جانب لوٹ رہا ہے۔
اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ نے اسکول سیفٹی پروگرام میں شرکت کرنے والے اسکولوں کی انتظامیہ کے کردار کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس پروگرام کے تحت کراچی سمیت صوبہ کے زیادہ سے زیادہ اسکولوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔
اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر ، سیکریٹری جنرل پاکستان ریڈ کراس ڈاکٹر رضوان نصیر اور ھلال احمر سندھ کی چیئرپرسن فرزانہ نائیک بھی موجود تھیں۔