Reporter SS
ایمزٹی وی(کراچی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ڈی جی رینجرز سندھ کو ٹیلی فون کرکے شہر میں امن و امان خراب کرنے والے شرپسندوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کو ٹیلی فون کیا اور کراچی میں امن و امان ہر صورت میں بحال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں امن او امان کی صورتحال خراب کرنے والے شر پسندوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ آرمی چیف سے فون پر گفتگو میں ڈی جی رینجرزمیجر جنرل بلال اکبر کا کہنا تھا کہ شہر میں امن و امان ہر صورت برقرار رکھا جائے گا جب کہ شرپسندی پراکسانے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔
واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی میں نجی ٹی وی چینلز کا گھیراؤ کیا جس کے بعد پولیس اور ایم کیوایم کارکنان میں شدید جھڑپیں ہوئی اور اس دوران فائرنگ سے 3 افراد کے زخمی ہونےاور گاڑیاں جلنے سے شہر کے حالات کشیدہ ہوگئے۔۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے سانحہ کوئٹہ کے مبینہ بمبار کی تصویر جاری کرتے ہوئے ایک ماہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہ لانے پر دھرنے کا اعلان کردیا۔ سانحہ کوئٹہ اور وکلا کی سیکیورٹی کے لیے حکومت کی جانب سے مناسب اقدامات نہ کئے جانے کے خلاف سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے اسلام آباد میں عدالت عظمیٰ سے پارلیمنٹ ہاؤس تک احتججای ریلی نکالی گئی۔
ریلی میں ملک بھر سے وکلا تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ریلی کےآغاز پر سپریم کورٹ بار کے صدر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ وکلا ء نے ہمیشہ قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے جدوجہد کی، سانحہ کوئٹہ انصاف کے نظام اور پاکستان پر حملہ تھا، حکومت نے ابھی تک ہمارے مطالبات پر کوئی مثبت جواب نہیں دیا۔ انہوں نے واقعے سے چند منٹ قبل لی گئی ایک تصویر میں نظر آنے والے مبینہ بمبار کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے بتائیں کہ مشکوک شخص کون ہے۔
اس موقع پر پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین فروغ نسیم نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ میں 70 سے زائد وکلاء شہید ہوئے، وکلا ء کی اموات اسپتال میں سہولیات اور ڈاکٹروں کی کمی کی وجہ سے ہوئیں، ڈیڑھ گھنٹے تک ایمبولینس نہیں پہنچیں اور لاشیں ٹرالیوں میں اٹھائی گئیں۔ بلوچستان میں قانون کا پیشہ ختم ہوگیا ہے۔ پڑھی لکھی کلاس ختم ہونے سے ملک پتھر کے دور میں چلا جائے گا۔ ملزموں کی گرفتاری نہ ہونا وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ناکامی ہے، سیکیورٹی ایجنسیز اور حکومتیں سانحہ کوئٹہ پر جواب دیں، اگر حکومت کی ناکامی کہا جائےتو بلوچستان کے وزراء کو غصہ آجاتا ہے، سانحہ کوئٹہ جیسا واقعہ کہیں بھی پیش آسکتا ہے لیکن وکلاء اور ججز کی سیکیورٹی کے لیے ابھی تک کوئی سیکیورٹی پلان وضع نہیں کیا گیا، بار بار درخواست کرنےکے باوجود سپریم کورٹ نے بھی از خود نوٹس نہیں لیا۔
ایمزٹی وی(تعلیم)۔ڈاکٹر محمدصدیق کی سربراہی میں5رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے رپورٹ ایف آئی اے کے حوالے کردی۔ رپورٹ کے مطابق وفاقی اردو یونیورسٹی کراچی میں مزید 163 جعلی ڈگریاں جاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے
جعلی ڈگریوں کے حوالے سے ایف آئی اے کو بھیجی گئی رپورٹ کے مطابق وفاقی جامعہ اردو کی سابق انتطامیہ نے600سے زائد ڈگریاں بیچیں۔جس کے مطابق سابق انتظامیہ کےدور میں بی کام پرائیوٹ میں مزید122 اور بی اے پرائیوٹ کی41جعلی ڈگریاں جاری کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق سابق وائس چانسلرڈاکٹرظفراقبال،رجسٹرار فہیم الدین ،ناظم امتحانات مسعود مشکور،ڈائرکٹر فنانس محمد علی چودھری کے خلاف بھی تحقیقات جاری ہیں۔ ۔واضح رہے جعلی ڈگری اسیکنڈل اگست 2015میں سامنے آیاتھا، جس میں اب تک 7ملزمان گرفتار ہوچکے ہیں۔
ایمزٹی وی(راولپنڈی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق خیبر ایجنسی کے علاقے راجگل میں گزشتہ ہفتے سے جاری آپریشن خیبرتھری میں فورسز کی جانب سے زمینی اور فضائی کارروائیوں کے دوران اب تک 40 دہشت گردوں کو ہلاک جب کہ 21 دہشت گردوں کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیا گیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اہم دروں پر کنٹرول حاصل کرتے ہوئے دہشت گردوں کو پسپائی پر مجبور کردیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں میں دہشت گردوں کے 43 ٹھکانوں کو تباہ کرکے اسلحہ اور بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا ہے جب کہ گرفتار دہشت گردوں سے پوچھ گچھ کا عمل بھی شروع کیا جاچکا ہے۔
ایمزٹی وی(تعلیم)اعلٰی ثانوی تعلیمی بورڈ نے رواں ماہ کے آخر میں انٹر کے نتائج کے اعلان کا عندیہ دے دیا۔تفصیلات کے مطابق ثانوی تعلیمی بورڈ کے ناظم امتحانات محمد عمران چشتی نے کہا ہے کہ انٹر بورڈ رواںماہ کے آخر میں سالانہ امتحانات برائے2016کے نتائج کا اعالن شروع کردے گا۔ اس حوالے سے ان کا کہنا تھا شعبہ امتحانات دن رات محنت اور لگن کے ساتھ شفاف نتائج تیار کررہاہے۔خاص طور پر پری میڈیکل کا عملہ ڈپٹی کنٹرلر شجاعت ہاشمی کی قیادت میں ہر رول نمبر کو امتحانی کاپیوں کے مطابق چیک کرکے بایک بینی سے نتائج تیار کررہاہے۔
ان کا مزید کہناتھا کہ اساتذہ ، طلبہ و طالبات اور والدین کو یقین دلایا کہ نتائج میرٹ کے مطابق ہوں گے اور نتائج پر کسی قسم کا شبہ نہیں کیا جاسکے گا ۔اعلٰی ثانوی تعلیمی بورڈ کا عملہ ذہنی دباﺅ کا شکار ہے لیکن اس کے باوجود پندرہ ستمبر تک انٹرمیڈیٹ تمام گروپس کے نتائج کا اعلان کردے گا۔انٹر میڈیٹ بورڈ میں کرپشن کے حوالے سے انکا کہناتھا کہ محکمہ اینٹی کرپشن کے ساتھ مکمل تعاون کیا جارہا ہے، ان سے کوئی چیز نہیں چھپائی جائے گی
ایمزٹی وی(چمن)پاک افغان سرحد پر کشیدگی کے باعث باب دوستی چوتھےروز بھی بند ہے۔ باب دوستی کی بندش کی وجہ سے دوطرفہ تجارت بھی معطل ہےجبکہ دونوں جانب مال برادر ٹرکوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
چار روز قبل باب دوستی پر افغان حدود میں بھارت نواز بعض افغانیوں کی اشتعال انگیزیوں کے باعث پاکستانی فورسز نے سرحد احتجاج بند کر دیا ہے جس کے بعد نیٹو سپلائی ، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور امپورٹ ایکسپورٹ کے کنٹینرز کی بڑی تعداد پاکستانی سرحد پر پھنسی ہوئی ہے۔
پاک افغان جوائنٹ چیمبر زآف کامرس کے ترجمان نے مطالبہ کیا تھا کہ مسئلہ سفارتی سطح پر فوری طور پر حل کیا جائے، سرحد کی بندش سے تازہ فروٹ خراب اور تاجروں کو کروڑوں کا نقصان ہو رہا ہے
ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیر اعظم میاں نواز شریف آج سیالکوٹ کے علاقہ ساہوالہ میں سیالکوٹ تا لاہور موٹروے کا افتتاح کریں گے۔ جس کی تیاریاں عروج پر ہیں شہر بھر میں ہورڈنگ بورڈ لگائے جا رہیں۔ 89 کلو میٹڑ طویل موٹروے کو دو سال کی مدت میں پورا کیا جائے گا۔ جس پر 45 ارب روپے لاگت آئے گی۔
موٹر وے کی تعمیر سے سیالکوٹ سے لاہور کا فاصلہ صرف 45 منٹ کا رہ جائے گا۔ موٹروے پر چھ انٹر چینج اور دو بین القوامی معیار کی یونیورسٹیاں بھی قائم کی جائیں گی۔
ایمزٹی وی(تعلیم)وزیراعظم نواز شریف نے اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں کے ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے کی سمری مسترد کر دی
ذرائع کے مطابق وزارت کیڈ نے ڈیلی ویجز ملازمین کوایک پوسٹ پر ایک امیدوار کی تجویز کے تحت مستقل کرنے کی سمری وزیراعظم کو بھجوائی تھی،کابینہ ڈویژن نے بھی ڈیلی ویجز کو ایک پوسٹ پر ایک امیدوار کو ایف پی ایس سی کے ذریعے مستقلی سے متعلق وزارت کیڈ کی تجاویز کی تائید کی تھی تاہم وزیر اعظم نے گزشتہ روز وزارت کیڈ کی تجاویز کو یکسر مسترد کر دیا۔ ذرائع کے مطابق فنانس ڈویژن نے مالی مشکلات کے باعث نئی اسامیوں پر بھرتیاں نہ کرنے کی تجویز دی تھی۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ دوسری جانب فنانس ڈویژن نے تمام اسامیوں پر اشتہار دینے کی تجویز دیدی ہے۔ وزیراعظم نے وزارت خزانہ کی تجاویز کو مان لیا اور عمل درآمد کی ہدایت کی ہے ۔
واضح رہے کہ پی اے سی،سینیٹ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں نے ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے کا حکم دیا تھا،عدالتی حکم پر قائم کابینہ کی خصوصی کمیٹی نے بھی ڈیلی ویجز ملازمین کی مستقلی میں کوئی تفریق نہ کرنے کی سفارش کی تھی۔ ڈیلی ویجز ملازمین کو کابینہ کی خصوصی کمیٹی نے 2013 میں مستقل کرنے کا حکم دیا،وزارت کیڈ کے حکام کی ذاتی پسند نہ پسند کے باعث معاملہ تا حال لٹکا ہوا ہے۔
ایمزٹی وی (گلگت بلتستان)گلگت بلتستان کے علاقے جگلوٹ میں فورسز نے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرکے خودکش جیکٹ اور بڑی تعداد میں ہتھیار برآمد کر لئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ معلومات پر گلگت بلتستان کے علاقے جگلوٹ میں کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران 2 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ان سے 5رائفلز، 2 کلاشنکوف، 2 پستول، کلاشنکوف کی 12میگزینز، 270 ڈیٹونیٹرز، 1883 گولیاں اور ایک خودکش جیکٹ قبضے میں لے لی گئی۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) قومی سلامتی کے مشیرلیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ اجلاس کی زیر صدارت صدارت نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کیلئے قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس آج وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہو گا ۔ اجلاس میں کمیٹی کے تمام ممبران ،انٹیلی جنس اداروں کے نمائندے اور تمام وزرائے داخلہ سمیت اعلیٰ حکام شرکت کرینگے ۔
اجلاس میں اٹارنی جنرل آف پاکستان ، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے چیئرمین اور پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کے چیئرمین اور بعض وفاقی سیکرٹریز کوشرکت کی خصوصی دعوت دی گئی ہے۔
اجلاس میں موجودہ صورتحال اور قومی ایکشن پلان کی نگرانی اور اس پر عملدرآمد کاجائزہ لیا جائیگا ۔ اجلاس میں قومی ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد میں تاخیر کیا بھی جائزہ لیا جائیگا اور قومی امنگوں اور تمناؤں کے مطابق مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے سمت کا تعین کیا جائیگا ۔