Saturday, 30 November 2024
Reporter SS

Reporter SS

میٹا نے انسٹا گرام میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی ایک نیا فیچر متعارف کرادیا ہے۔

اس فیچر سے آپ انسٹا گرام میں اپنی شخصیت کا اے آئی ورژن بہت آسانی سے تیار کرسکیں گے۔

اے آئی اسٹوڈیو نامی یہ فیچر سب سے پہلے امریکا میں متعارف کرایا گیا ہے۔

اے آئی اسٹوڈیو سے صارفین اپنی شخصیت یا کسی بھی قسم کے کردار کا اے آئی ورژن تیار کرسکیں گے۔

اسے 2 طریقوں سے استعمال کرنا ممکن ہے۔

اس کے لیے آپ ai.meta.com/ai-studio نامی ویب سائٹ پر جا سکتے ہیں یا اپنے فون پر انسٹا گرام ایپ میں اسے استعمال کرسکتے ہیں۔

انسٹا گرام ایپ میں آپ کو میسجنگ میں نئی چیٹ شروع کرکے وہاں موجود Create an AI chat آپشن پر کلک کرنا ہوگا۔

ایسا کرنے کے بعد آپ کو مختلف آپشنز جیسے پرسنلٹی، ٹون، اواتار اور دیگر نظر آئیں گے تاکہ آپ اپنا اے آئی ورژن تیار کرسکیں۔

میٹا کی جانب سے مختلف معروف شخصیات کے اے آئی ورژن بھی تیار کیے گئے ہیں تاکہ صارفین کو معلوم ہوسکے کہ یہ ٹول کس طرح کام کرتا ہے۔

میٹا کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ امریکا کے بعد دیگر ممالک میں اس فیچر کو کب تک متعارف کرایا جائے گا۔

لاہور: تعلیم پراجیکٹ کے تحت چلنے والے آفٹر نون اسکولوں کےاساتذہ کی یکم اگست سے ٹریننگ کا آغازکیا جائےگا۔

قائد اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ 1800 اساتذہ کو ٹریننگ فراہم کرے گا،6روزہ ٹریننگ تین مراحل میں 22 اگست تک دی جائے گی۔

قائداکیڈمی نے اساتذہ کی سو فیصد حاضری کیلئے ایجوکیشن اتھارٹیز کو مراسلہ لکھ دیا۔ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ ٹریننگ میں شرکت نہ کرنے والے اساتذہ کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کرکٹ کے معاملات سابق کپتان وقار یونس کو سونپنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین محسن نقوی انتظامی امور دیکھا کریں گے اور کرکٹ کے حوالے سے تمام فیصلوں کا ذمہ دار ایک کرکٹر ہو گا۔

شعبہ انٹرنیشنل، ڈومیسٹک، سلیکشن کمیٹی کے امور، کھلاڑیوں کے این او سی سمیت تمام فیصلے کرکٹر کرے گا جب کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ساری توجہ ایڈ منسٹریشن پر دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے انتظامی امور پر چیئرمین محسن نقوی کا اولین فوکس ہے۔

سابق کپتان وقار یونس کو پی سی بی میں اعلیٰ عہدہ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، وہ مینز کرکٹ کے معاملات دیکھیں گے۔

پی سی بی آئین 2014 کے مطابق چیئرمین اپنی پاور کسی کو سونپنے کا اختیار رکھتے ہیں۔

وقار یونس قومی ٹیم سے متعلقہ تمام امور کے نگران ہوں گے، وہ نیشنل سلیکشن کمیٹی وائٹ بال اور ریڈ بال کوچز کو دیکھیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین محسن نقوی کرکٹ کے اہم امور میں تجربہ کار کرکٹرز کو شامل کرنا چاہتے ہیں۔

کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں 29 جولائی 2024 کو ماسٹر آف سائنس ان پبلک ہیلتھ کا داخلہ ٹیسٹ کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔

کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر لئیق الزمان کے مطابق اس داخلہ ٹیسٹ میں 122 امیدواروں نے 50 نشستوں کے لیے مقابلہ کیا اور اپنے علم اور تنقیدی سوچ کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

کنٹرولر امتحانات نے اپنی نگراں ٹیم کے تعاون سے امتحانی مقامات کی نگرانی کی۔ٹیسٹ کو منصفانہ طریقے سے منعقد کرانے کے لیے نگران امتحان اور معاون عملہ نے اپنی خدمات سرانجام دیں ۔

جے ایس ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان کے ساتھ ٹیسٹ کا دورہ کیا اور شفاف طریقے سے ٹیسٹ کے انعقاد پر شعبہ امتحانات اور ایڈمشنز آفس کی تعریف کی۔ "ہمیں اس امتحان کے دوران برقرار رکھے گئے اعلیٰ معیار پر فخر ہے اور ہم ان تمام لوگوں کے مشکور ہیں جنہوں نے اس کی کامیابی میں تعاون کیا۔

ہمارے عملے اور فیکلٹی ممبران کی لگن اور محنت قابل ستائش ہے۔"اپپناانسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی چیئر پرسن ڈاکٹر آمنہ ریحانہ کہ مطابق ماسٹر آف سائنسز ان پبلک ہیلتھ کا داخلہ ٹیسٹ جامعہ کی تعلیمی، اور شعبہ صحت میں مسلسل خدمات کی نشاندہی کرتا ہےاور مستقبل میں صحت عامہ کے رہنماؤں کی ترقی کے لیے جاری وابستگی میں ایک اور سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے۔

اس ٹیسٹ کی انتظامی اور نگران ٹیم میں ڈپٹی کنٹرولر امتحانات سنی راجہ، ساجد عاطف علیم، ڈاکٹر فہد خان،ایم ایس پی ایچ کے پروگرام مینیجر سلمان زیدی، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمشنز سید کاشان علی، عمران سلیم اور دیگر عملے نے اپنی خدمات پیش کیں۔

گلگت : گلگت بلتستان میں نیا تعلیمی سال یکم اگست سے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا۔

گلگت بلتستان کے تمام سرکاری سکولوں میں موسم گرمِ کی تعطیلات مختصر کرکے یکم اگست سے پرائمری سے اوپر کی سطح کی کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا اور طلبہ تدریسی و غیر تدریسی عملے کو یکم اگست کو ہی سکولوں میں حاضر ہونے کا حکم دیدیا گیا ہے

یاد رہے کہ سرکاری سکولز گرمائی چھٹیوں کے بعد گیارہ اگست کو کھلنے تھے تاہم میٹرک کے امتحانی نتائج کے بعد پیدا ہونےوالی صورتحال کے بعد اسکولوں کی چھٹیاں مختصر کرکے دس روز قبل مڈل اور ہائی کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اساتذہ کو اعلی تربیت دینے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں اور انہیں کورسز سے گزرنا پڑے گا سزا و جزا کا نظام بھی متعارف کرایا جارہا ہے۔

چیف سیکرٹری ابرار احمد مرزا نے گلگت بلتستان کے سرکاری سکولوں کے میٹرک سالانہ امتحانات مایوس کن نتائج کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے خراب نتائج کی تحقیقات کرکے تین روز میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا ۔

چیف سیکرٹری ابرار احمد مرزا نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے مایوس کن اور خراب نتائج پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں کے خراب نتائج کے اسباب تلاش کئے جائیں گے جو جو لوگ ذمہ دار ٹھہریں گے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائےگی،متعلقہ حکام تین روز میں خراب نتائج کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کریں تاکہ ذمہ داروں کا تعین کرکے کارروائی عمل میں لائی جاسکے،

ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ چیف سیکرٹری ابرار احمد مرزا سکولوں کے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے پر عزم ہیں وہ چاہتے ہیں کہ خراب نتائج کے ذمہ داروں کو سخت سے سخت سزائیں دی جائیں، ادھر چیف سیکرٹری کو خفیہ مراسلہ موصول ہوا ہے جس میں ان سے شکایت کی گئی ہے کہ سرکاری اسکولوں کے خراب نتائج کی ایک وجہ اسکولوں میں پسند ناپسند کی بنیاد پر اساتذہ کی تعیناتیاں ہیں،کئی سکولوں میں طلبہ کی شرح سے کئی گنا زیادہ اساتذہ تعینات ہیں جبکہ متعدد سکولوں میں ضرورت سے کم اساتذہ تعینات کئے گئے ہیں، سبجیکٹ سپیشلسٹ سے انتظامی عہدوں پر رکھ کر کام لیا جارہا ہے، پسند نا پسند کی بنیاد پر اساتذہ کی تعیناتیوں کی وجہ سے نظام تعلیم متاثر ہورہا ہے

چیف سیکرٹری نے سکولوں میں اساتذہ کی تعیناتیوں کے معاملے کا از سر نو جائزہ لینے کا بھی عندیہ دیدیا ہے اور تمام ماتحت افسران کو سکولوں کے بارے میں ہر ماہ کارکردگی رپورٹ پیش کرنےکی بھی ہدایات جاری کردی ہیں۔

اسٹار بیٹر جو روٹ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تینوں دورانیہ میں ایک ہزار سے زائد رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں روٹ نے 87 رنز اسکور کیے جس سے ان کے رواں ٹیسٹ چیمپئن شپ دورانیہ میں کھیلے گئے 13 میچز میں رنز کی تعداد 1023 ہوگئی ہے۔

اس سے قبل پہلی اور دوسری ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھی روٹ ایک ہزار سے زائد رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے، رواں دورانیہ میں وہ سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانیوالے کرکٹرز میں دوسرے نمبر پر ہیں، ٹاپ پر فی الحال بھارت کے یشاسوی جیسوال 1028 رنز کے ساتھ موجود ہیں۔

اسلام آباد: پاکستان نے بین الاقوامی فزکس اولمپیاڈ 2024 میں 3 کانسی کے تمغے جیت لیے۔ 

ترجمان اٹامک انرجی کمیشن کے مطابق پاکستان کی ٹیم نے 21-28 جولائی 2024 کو ایران کے شہر اصفہان میں منعقدہ 54 ویں بین الاقوامی فزکس اولمپیاڈ میں 3 کانسی کے تمغے جیتے لئے۔

ترجمان کے مطابق نکسر کالج کراچی کے طلحہ اشرف، لاہور گرامر اسکول کے حذیفہ التمش، دی سائنس اسکول اسلام آباد کے محمد سلمان تارڑ نے کانسی کے تمغے جیتے جبکہ صدیق پبلک اسکول اینڈ کالج راولپنڈی کے محمد سعد بلال نے پاکستان کے لیے آنریبل مینشن حاصل کیا۔  پاکستانی ٹیم نے اسٹیم کیرئیر پروگرام کی سرپرستی میں اولمپیاڈ میں حصہ لیا جو کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنس کا مشترکہ منصوبہ ہے۔

فزکس ٹیم کو پیاس یونیورسٹی اسلام آباد میں ڈاکٹر محمد عرفان اور پروفیسر ڈاکٹر امان الرحمان نے تربیت دی اور مقابلے کی قیادت کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے پروفیسر ڈاکٹر نجیب الرحمان اور ڈاکٹر رحمت اللہ نے کی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن میں تربیت حاصل کرنے والے چاروں ٹیم ممبران کو میڈلز اور سرٹیفکیٹ ملے۔

ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی کے تحت اجلاس منعقد کیا گیا۔

اس موقع پر بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین نے کہا ہے کہ12ستمبر2023سے لیکر30جولائی2024تک یعنی گزشتہ دس ماہ کے دوران آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں94طالبِ علم ایم فل اور پی ایچ ڈی اسناد کے لیے اہل قرار پائے، بین الاقوامی مرکز کی انتظامیہ نے گزشتہ دس مہینوں میں غیر ضروری دباو اور رکاوٹیں ہٹاکرتعلیمی و تحقیقی ماحول ساز گار بنایا ہے، اس دوران ادارے کے پہلے سے وضع شدہ رہنما اصولوں، قوائد اور میرٹ کی پاسداری کی گئی ہے جس کے نتیجے میں94طالبِ علم اعلیٰ اسناد کے حامل ہوئے ہیں۔

انھوں نے اجلاس کو بتایا کہ کل94طالبِ علموں میں سے68نے ایم فل اور26نے پی ایچ ڈی کی اسناد حاصل کی ہیں۔ انھوں نے کہا اعداد و شمار کے مطابق43ایم فل اور16پی ایچ ڈی کرنے والے طالبِ علموں کا تعلق ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری سے جبکہ25ایم فل اور10پی ایچ ڈی کرنے والے طالبِ علموں کا تعلق ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ جامعہ کراچی سے ہے۔پروفیسر فرزانہ شاہین نے پروفیسر ڈاکٹر سید غلام مشرف کے زیرِ نگرانی کام کرنے والے اکیڈمک کوارڈینیشن آفس کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

پیرس اولمپکس 2024 میں مقابلوں کا آغاز ہوگیا، ایونٹ کی افتتاحی تقریب 26 جولائی کو ہوگی۔

جولائی کو اولمپکس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایونٹ کی افتتاحی تقریب اسٹیڈیم سے باہر منعقد کی جائےگی۔

اولمپکس کھیلوں کے افتتاحی تقریب پیرس کے مرکز ی علاقے میں ریائے سین پر ہوگی جس میں مختلف ملکوں کے وفود کشتیوں پر سوار ہوکر دریائے سین میں پریڈ کریں گے۔

افتتاحی تقریب دریائے سین سے ایفل ٹاور کے باغات اور محلات تک 6 کلومیٹر پر محیط ہوگی، جس میں 100 کشتیاں، تقریبا 10 ہزار ایتھلیٹس کو لیے پیرس کے مشہور مقامات کے قریب سے گزریں گی۔

افتتاحی تقریب میں 3 ہزار سے زائد فنکار اپنے فن کا جادو جگائیں گے جبکہ تقریب میں پیرس اور فرانس کی تاریخ اور ثقافت کی نمائش ہو گی۔

دوسری جانب پیرس اولمپکس میں دیگر کھیلوں کے ساتھ ساتھ شائقین کو مرد اور خواتین کے درمیان100 میٹر ریس کے نتائج کا انتظار رہے گا کہ دوڑ کے مقابلوں میں کون فاتح بنتا ہے۔

Page 71 of 2428