Saturday, 30 November 2024

ایمزٹی وی (تجارت) یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی تجارتی مراعات کے باعث گزشتہ سال کے مقابلے رواں سال 90 کروڑ ڈالر زائد مالیت کی برآمدات یورپی ممالک کو بھیجی گئیں۔ جی ایس پی پلس مراعات کے ثمرات سمیٹتے ہوئے پاکستان کی جانب سے یورپی خطے کو کی جانے والی ایکسپورٹس میں اضافہ دیکھا گیا۔ رواں سال جنوری تا ستمبر5 ارب 67 کروڑ ڈالر مالیت کی برآمدات بھیجی گئی جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں ایکسپورٹس کا حجم 4 ارب 76 کروڑ ڈالر تک محدود تھا۔ وزارت تجارت کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت پاکستان کو یورپی یونین کی مکمل حمایت حاصل ہے اور دہشت گردوں کے لیے سزائے موت کے اعلان سے تجارتی مراعات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

ایمزٹی وی (سیاسی) لاہور کی کوٹ لکھپت جیل کے اندر اوراسکے اطراف میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔ لاہور کی سینٹرل جیل کے اطراف میں رینجرز اور پولیس کی نفری بڑھادی گئی۔ جیل کی طرف جانے والے راستوں پرپولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔ جیل کے قریب واقع رہائشی علاقوں کو جانے والے راستے بھی بند کردیے گئے ہیں اورمکینوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایات دی گئی ہے ۔

ایمزٹی وی(کراچی) سانحہ پشاور کے خلاف چوتھے روز کراچی پریس کلب کے باہراسکول کے طلباء نے المناک واقعہ پر احتجاج کیا، شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔ سانحہ پشاور میں قوم کے مستقبل کو دہشت گردوں نے اپنی بربریت کا نشانہ تو بنا ڈالا لیکن اس سانحہ پر پوری قوم کا حوصلہ نہ صرف بلند ہوا بلکہ بچوں نے بھی دہشت گردوں کو پیغام دے ڈالا کہ وہ ڈرنے والے نہیں۔ کراچی پریس کلب کے باہر نجی اسکول کے طلباء نے شہداء سے اظہار یکجہتی اور اس واقعہ کے خلاف احتجاج کیا۔ اس موقع پر بچے پرُعزم اور حوصلے چٹان نظر آئے۔ بچوں کے ساتھ ساتھ اساتذہ بھی باہمت تھے۔ انکا کہنا تھا کہ ایسی کاروائیاں ملک کے معماروں پر وار ہے لیکن بزدل دہشتگرد نہ تو اس قوم کو ہرا سکتے ہیں نہ معماروں سے انکا مستقبل چھین سکتے ہیں۔ احتجاج میں بچوں نے شہداء کی یاد میں شمعیں بھی روشن کیں، دہشت گردی کے خلاف اور پاک افواج اور امن کے حق میں نعرے لگائے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔

ایمزٹی وی (تجارت) روشنیوں کے شہر کی روشنیاں بڑھانے کیلئے کے الیکٹرک اور اینگرو کے درمیان ایل این جی سے بجلی کی پیداوار حاصل کرنے کیلئے معاہدات طے پاگئے۔ کے الیکٹرک کے مطابق اس معاہدے کے تحت کراچی الیکٹرک کمپنی پاکستان میں پہلا ایل این جی ٹرمینل قائم کرنے والی اینگرو کمپنی سے ایل این جی خریدے گی۔ منصوبے کے تحت پورٹ قاسم پر 225 میگاواٹ کا ایل این جی سے چلنے والا پاور پلانٹ لگایا جائے گا۔ اس حوالے سے بین الاقوامی امریکی کمپنی جنرل الیکٹرک نے پاور پلانٹ کی تعمیر میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہا ملک میں تیزی سے کم ہوتے گیس کے ذخائر کے پیش نظر ایل این جی سے بجلی کی پیداوار کا منصوبہ خوش آئند ہے جس سے نسبتاً سستی بجلی حاصل ہوگی ۔

ایمزٹی وی (سیاسی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور پرغم و غصے کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں، واقعے پر شدید افسوس ہے۔ ایک بیان میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ طالبان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں طالبان کے خلاف متحد ہونا چاہئے ۔

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ رحمان ملک کاکہناتھاکہ  کہ پشاور میں اسکول پر حملے میں طالبان کے ساتھ داعش بھی شامل ہے، بچوں کو اس طرح مارنے کا انداز داعش کا ہے، افغانستان کو واضح طور پر کہنا چاہیے کہ ہمارے مطلوب افراد کو ہمارے حوالے کیا جائے۔سابق وزیرداخلہ رحمان ملک نے کہاہےکہ متعدد طالبان داعش میں شامل ہوگئے ہیں، انہیں روکنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ بہادری سے کام لیا اورپیپلزپارٹی نے مالاکنڈ اورسوات میں اپریشن کیا۔انہوں نے کہاکہ میرے سواکسی نےطالبان کوظالمان نہیں کہا۔انہوں نےکہاکہ کالعدم تنظیموں کے نوگوایریاز میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ رحمان ملک نے کہا ہےدہشت گردی میں ملوث افراد کے لئے کسی طوررحم نہیں ہوگا۔۔انہوں نے کہاکہ افغانستان کوآنکھیں کھلی رکھنی چاہئیں جب ان سےلوگوں کومانگتے ہیں تووہ نہیں دیتے۔

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) پانچویں اور فیصلہ کن ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ابوظہبی میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں، محمد حفیظ اور سہیل تنویر کی جگہ اسد شفیق اور ذوالفقار بابر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ یہ سیریز کا فیصلہ کن میچ اور اسکی اہمیت سے واقف ہیں۔ ایک سال بعد پہلی ون ڈے سیریز جیتنے کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف فیصلہ کن معرکے کے لئے ابوظہبی شیخ زائد اسٹیڈیم میں میدان میں اتری ہے۔ پاکستان نے اب تک اس گرائونڈ پر26 ون ڈے انٹر نیشنل میچ کھیلے ہیں، 12جیتے اور14 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ نیوزی لینڈ نے چارمیچ کھیلے ہیں، دو میچ جیتے اور دو میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے چوتھے ون ڈے میں شکست کی وجہ خراب فیلڈنگ کو قرار دیا ہے۔ یونس خان کی فارم میں واپسی اچھی خبر ہے۔ اگر یونس نے فارم برقرار رکھی تو ہم سیریز جیت سکتے ہیں۔ سری لنکا اور آسٹریلیا کے ہاتھوں دو مسلسل سیریز ہارنے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم مسلسل تیسری سیریز میں شکست سے بچنا چاہتی ہے۔ گذشتہ سال سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں شکست دینے کے بعد پاکستان کو سری لنکا نے تین دو اور آسٹریلیا نے تین صفر سے شکست دی ہے۔ کین ولیم سن کہتے ہیں کہ اس بار ہمارے کھلاڑی بھرپور فارم میں ہیں اور ہم سیریز جیتیںگے۔ نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر کی، پھر ٹی 20 سیریز میں پاکستان کی برتری ختم کی اور اب دوسری مرتبہ اس نے ون ڈے سیریز میں پاکستانی برتری کا خاتمہ کرکے سیریز کا فیصلہ پانچویں ون ڈے پر چھوڑ دیا ۔

ایمزٹی وی(لاہور) پولیس نے سانحہ کوٹ رادھا کشن کی تفتیش مکمل کر کے چالان انسداد ہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کردیا ہے۔ عدالت میں پیش کئے گئے چالان میں 59 افراد کو واقعے کا قصور وار قراردیا گیا ہے۔ کوٹ رادھا کشن کے نواحی گاوُں چک نمبر59 کے رہائشی بھٹہ مزدور مسیحی جوڑے کو مشتعل افراد نے ایک کوارٹر میں بند کر کے شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں بھٹے میں پھینک کر زندہ جلا دیا۔ سپریم کورٹ نے بھی واقعے کا ازخود نوٹس لیا تھا جبکہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے واقعے کی تحقیقات کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی ۔

ایمزٹی وی (سیاسی) وزیراعلی پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ دہشت گرد سفاک درندے اوردھرتی کا بوجھ ہیں۔ دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنانے والے پولیس افسراورقانون نافذ کرنےوالے اداروں کےاہلکار قوم کے ہیرو ہیں۔ دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنانے پر وزیراعلی شہباز نےگجرات اورگوجرانوالہ پولیس کوشاباش دی اور پولیس حکام، اہلکاروں اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہادری اورجرات کی تعریف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلی کا کہنا تھا کہ پولیس نے کامیاب کارروائی کر کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھاکہ دہشت گردی کا ناسور ختم کرکے دم لیںگے

ایمزٹی وی(راولپنڈی) جی ایچ کیو میں ہونے والا اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس میں دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے موثرحکمت عملی اور قومی سلامتی کی صورت حال پر وزیر اعظم نواز شریف کوبریفنگ دی۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیرداخلہ چودھری نثار، وفاقی وزرا اور دیگرعسکری حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی سلامتی کی صورت حال اوردہشتگردی سے نمٹنے کی حکمت عملی پرغورکیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں آپریشن ضرب عضب اور دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔