ایمزٹی وی (سیاسی) کوئٹہ میں انسداد پولیو کی تین روزہ خصوصی مہم آج آخری روز بھی جاری ہے، حکام نے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ مقررہ ہدف حاصل کرلیںگے۔ محکمہ بلوچستان ذرائع کے مطابق خصوصی مہم کےدوران کوئٹہ میں تقریبا چار لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، ہدف کی تکمیل کے لئے پولیو ٹیمیں اور محکمہ صحت کے رضاکار شہر کے مختلف علاقوں، بس اڈوں اور مراکز صحت میں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو آج دوسرے روز بھی انسداد پولیو کے قطرے پلانے میں مصروف ہیں جبکہ مہم کے دوران موبائل ٹیموں کےعلاوہ مختلف ٹرانزٹ مقامات پر بھی بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا انتظام کیا گیا ہے، انسداد پولیو مہم کےدوران پولیو ورکرز کی سکیورٹی کے لئے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں رواں سال کوئٹہ میں اب تک پولیو وائرس کے پانچ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔
ایمزتی وی (اسپورٹس)قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹسمین یونس خان نے سانحہ پشاور کے سوگ میں آج پاک نیوزی لینڈ میچ ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جیو سوپر سے گفتگو میں یونس خان کا کہنا تھا کہ پشاور سانحے کے بعد کھلاڑیوں کا میچ کھیلنا کافی مشکل ہوگا، وہ نہیں جانتے کہ کھلاڑی کس طرح کھیل پر اپنی توجہ مرکوز رکھ سکتے ہیں۔ یونس خان نے کہا کہ آسٹریلوی کرکٹر فل ہیوز کی موت پرمیچ ملتوی ہوا تھا، چوتھا ون ڈے بھی ملتوی ہوجائے تو حرج نہیں۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ کے چيف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور پر پاکستانی ٹیم کی طرح انکے دل بھی غمزدہ ہيں، وہ آج کے میچ سے متعلق پاکستان ٹیم کے فیصلے کے منتظر ہیں، پاکستان جو بھی فیصلہ کرے گا وہ اسکا احترام کریںگے ۔
ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) جیمز فرینکو کی نئی ایکشن کامیڈی فلم"دی انٹرویو" کے نئے کلپس اور انٹر نیشنل ٹریلر جاری کردیا گیا۔ ہالی ووڈ کے مایہ ناز اداکار جیمز فرینکو کی نئی ایکشن کامیڈی فلم "دی انٹرویو" کے نئے کلپس اور انٹرنیشنل ٹریلر جاری کردیے گیے۔ہدایتکار ایون گولڈ برگ اور سیتھ روجن کی اس فلم میں خود سیتھ روجن سمیت جیمز فرینکو، لزی کیپلان اور رینڈل پارک اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ ایون گولڈ برگ، سیتھ روجن اور جیمز ویور کی مشترکہ طور پر پروڈیوس کردہ اس فلم کی کہانی ٹاک شو کے میزبان ڈیوڈ اسکائی لارک (جیمز فرینکو) اور اسکے پروڈیوسر آرون ریپا پورٹ (سیتھ روجن) کے گرد گھومتی ہے جو شمالی کوریا کے آمر کم جونگ انکے ساتھ انٹرویو کرتے ہیں۔ انٹرویو کو دیکھتے ہوئے سی آئی اے ڈیوڈ اسکائی لارک اور پروڈیوسرآرون ریپا پورٹ کو کم جونگ کو مارنے کا ٹاسک دیتی ہے جس پر یہ دونوں قتل کرنے کے پراجیکٹ کیلئے خود کو سب سے غیر موزوں منوانے پر تلے ہوئے ہیں۔ پوائنٹ گرے پکچرز اسٹوڈیو کے اشتراک سے بننے والی یہ فلم دی انٹرویو کولمبیا پکچرز کے تحت رواں سال کرسمس کے موقع پر25 دسمبر کو امریکی سینما گھروں کی زینت بنے گی ۔
ایمزٹی وی (تجارت) نئے سال 2015ء کی پہلی 15000 روپے مالیت کے قومی انعامی بانڈز کی قرعہ اندازی 2 جنوری بروز جمعہ کو ہو گی جو رواں سال کی پہلی اور مجموعی طور پر61ویں قرعہ اندازی ہے ۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) سانحہ پشاور کے بعد وفاقی تعلیمی اداروں کیلئے نیا سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے جس کے مطابق تعلیمی اداروں کے چوکیداروں کیلئے یونیفارم لازمی ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے سانحہ پشاورکے پیش نظر وفاقی تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی اور وہاں زیر تعلیم بچوں اور اساتذہ کی حفاظت کیلئے نیا سیکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نئے سیکیورٹی پلان کے تحت تعلیمی اداروں کے چوکیدار یونیفارم پہنیں گے جبکہ عمارت میں داخل ہونے والے افراد کی میٹل ڈیٹکٹر سے چیکنگ کی جائے گی۔
ایمزٹی وی (صحت) امریکی یونیورسٹی آرکینساس میں کی جانے والی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ رات کا کھانا کھانے کے دوران نیلے رنگ کی روشنی مردوں کی خوراک پر اثر انداز ہوتی ہے جس کی وجہ سے وہ کم کھانے کو ترجیح دیتے ہیں تاہم خواتین کی خوراک پر نیلے رنگ کی روشنی سے کوئی اثر نہیں پڑتا اور وہ معمول کے مطابق اپنی خوراک جاری رکھتی ہیں۔
تحقیق کاروں کے مطابق اس کی وجہ یہ ہے کہ نیلے رنگ کی روشنی میں رات کا کھانا زیادہ اچھا اور ذائقہ دار نظرنہیں آتا جس کی وجہ سے مرد اس روشنی میں کم کھانا پسند کرتے ہیں کیوں کہ مرد کھانے کی ظاہری شکل کو ترجیح دیتے ہیں جب کہ خواتین ظاہری شکل کے بجائے کھانے کی خوشبو سے اس کے ذائقہ کا اندازہ لگاتی ہیں۔
ایمزٹی وی (اسپورٹس) آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان جاری بورڈر گاوسکر ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں بھارت نے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر چار وکٹ کے نقصان پر311 رنز بنا لیے ہیں۔ برزبین میں کھیلے جانے والے اس میچ میں بھارت کی جانب سے اوپنر مرلی وجے نے 22 چوکوں کی مدد سے 144 رنز کی تیز اننگز کھیلی۔ پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر اجنکیا رہانے اور روہت شرما بالترتیب 75 اور 26 رنز پر کھیل رہے تھے۔ اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اوپنروں نے اچھا آغاز کیا لیکن شیکھر دھون کو مچل مارش نے 56 کے سکور پر آؤٹ کر دیا۔ انھوں نے 24 رنز بنائے۔ اسکے بعد چیتیشور پجارا اور ویراٹ کوہلی بال ترتیب 18 اور 19 رنز بناکر ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ہیزل وڈ کو اپنی وکٹ دے بیٹھے۔ ۔جبکہ مرلی وجے کو پہلے میچ کے ہیرو نیتھن لیون نے آؤٹ کیا۔ یہ سیریز کا دوسرا میچ ہے اور آسٹریلیا کو سیریز میں ایک صفر کی سبقت حاصل ہے۔ اس میچ میں بھارت کے مستقل کپتان مہندر سنگھ دھونی کی واپسی ہوئی ہے جبکہ آسٹریلیا کے کپتان کلارک پیٹھ میں تکلیف کی وجہ سے اس میچ میں نہیں ہیں اور انکی جگہ سٹیون سمتھ کپتانی کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل وڈ اپنا پہلا میچ کھیل رہے ہیں۔ بھارت کی جانب سے محمد شامی کی جگہ آراشون کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔
ایمزٹی وی(پشاور) سابق وفاقی وزیراطلاعات قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے، مسلح افواج قوم کے لئے قربانیاں دے رہی ہیں۔ سابق وفاقی وزیر قمرزمان کائرہ پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زخمی بچوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انکا کہنا تھا کہ وہ پشاور میں زخمی بچوں کی عیادت کے لئے آئے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے۔ قمرزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ختم کرنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر بیٹھنا ہوگا اور اسکے سدباب کے لئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہئے ۔
ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زائی نے سانحہ پشاور کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوںگے۔ پشاور میں دہشتگردوں کے بزدلانہ اور سفاکانہ کارروائی سے میرے دل کو بہت دکھ پہنچا ہے اور میرا دل ٹوٹ گیا ہے۔ منگل کو ملالہ یوسف زائی نے پشاور میں ہونے والے دہشت گردی کے واقع کی شدید مذمت کی اور کہا کہ دہشت گرد جو مرضی کرلیں یہ کبھی بھی اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوںگے۔ ملالہ نے کہا کہ حکومت اور فوج کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کی جانے والی کارروائی کی حمایت کرتی ہوں، سانحہ پشاور نے دل توڑ دیا۔ پشاور میں بچوں کی ہلاکت پر سوگوار ہوں لیکن دہشتگردوں کو یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ وہ ہمارے عزائم کو پست نہیں کرسکتے ۔
ایمزٹی وی (کوئٹہ) بلوچستان کی دو جیلوں میں 98 قیدی سزائے موت کے منتظر ہیں، محکمہ جیل خانہ جات ذرائع کا کہنا ہے کہ سزائے موت کے منتظرسب سے زیادہ ستانوے قیدی سینٹرل جیل مچھ میں ہیں جبکہ ایک قیدی ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ میں سزائے موت کا منتظر ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اِس وقت صوبے سے 14 قیدیوں کی رحم کی اپیلیں صدر مملکت کے پاس ہیں، جبکہ 41 قیدیوں کی اپیلیں سپریم کورٹ 42 کی بلوچستان ہائی کورٹ اور ایک کی اپیل شریعت کورٹ میں دائر ہے۔ بلوچستان میں آخری سزائےموت مچھ سینٹرل جیل میں جنوری 2008 میں دی گئی تھی ۔