جمعہ, 22 نومبر 2024


"سنجو" نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)داکار سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ’’سنجو‘‘ نے ریلیز کے پہلے ہی روز کھڑکی توڑ بزنس کرکے ریکارڈ قائم کردیا۔
ہدایت کار راجمکار ہیرانی کی فلم’’سنجو‘‘کا انتظار شائقین بے چینی سے کررہے تھے فلم سنجے دت کی زندگی پر مبنی ہے جس میں ان کی زندگی میں آنے والے اتار چڑھاؤ کو بہت خوبصورتی سے فلمایا گیا ہے۔ فلم دیکھ کر شائقین سنجے دت کی زندگی کے ان پہلوؤں سے واقف ہوں گے جن سے اب تک لاعلم تھے۔’’سنجو‘‘میں اداکار رنبیر کپور سنجے دت کا مرکزی کردار اداکررہے ہیں، جن کے سنجے دت کے روپ میں پوسٹرز نے شائقین کو پہلے ہی دیوانہ بنارکھاتھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ’’سنجو‘‘ کی ریلیز سے قبل ہی فلم کے 20 کروڑ ٹکٹس فروخت ہوچکے تھے جس کے پیش نظر فلمی تجزیہ نگار ’’سنجو‘‘کی کامیابی کی پیشگوئی کرچکے تھےاوراب فلم ہدایت کارو پروڈیوسرز سمیت تمام لوگوں کی امیدوں پر پوری اتری ہے اور ریلیز کے پہلے ہی روز کھڑکی توڑ بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش نے فلم کا پہلے روز کا بزنس ٹوئٹر پر شیئر کیا ہے جس کے مطابق’’سنجو‘‘پہلے ہی روز 34 کروڑ 75 لاکھ کی کمائی کے ساتھ رواں سال کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بن گئی ہے اور اس نے بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کی فلم’’ریس3‘‘کو بھی پیچھے چھوڑدیا ہے جس نے ریلیز کے پہلے روز 29 کروڑ 17 لاکھ کمائے تھے۔
 
یاد رہے کہ تجزیہ نگار کومل نہتا نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلم کا بجٹ 150 کروڑ سے زائد ہے لہٰذا فلم کو ریلیز کے پہلے ہفتے میں کامیاب ہونے کے لیے تقریباً 230 کروڑ کمانے ہوں گے ، فلم کی پہلے روز کی کمائی کو دیکھ کر اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ’’سنجو‘‘ایک ہفتے کے دوران 230 کروڑ تو کیا 300 کروڑ کا ہندسہ بھی باآسانی عبور کرلے گی۔
واضح رہے کہ ترن آدرش نے گزشتہ روز ہی فلم کو ماسٹر پیس قرار دے دیا تھا اور اسے 5 میں سے ساڑھے 4 اسٹارز دے کر فلم کے سپر ہٹ ہونے کی پیشگوئی کردی تھی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment