ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹیکنالوجی سے وابستہ ماہرین نے ایسی ایل ای ڈی ایجاد کرلی ہے جو سولر سیل کی طرح روشنی کی مدد سےبجلی بھی بناسکتی ہے۔
یونیورسٹی آف الینوئے اربانا شیمپین کے کوریائی نژاد تحقیق کار کی قیادت میں ایجاد کی گئی یہ ایل ای ڈی فی الحال صرف ایک ہی رنگ کی روشنی خارج اور جذب کرسکتی ہے تاہم زیادہ رنگوں کے ساتھ کام کرنے کے قابل بنانے کیلئے ٹیم کی جانب سے کام کیا جا رہا ہےتاکہ یہ مستقبل کی اسمارٹ فون سکرین میں رنگین پکسل کا کام بھی کرسکے۔ اس ایجاد کی تفصیلات ریسرچ جرنل ”سائنس“ کے حالیہ شمارے میں شائع ہوئی ہیں۔
اس نئی ایل ای ڈی میں نینومیٹر جسامت والی خصوصی ساختیں استعمال کی گئی ہیں جنہیں ”کوانٹم نینو راڈز“ کہا جاتا ہے۔ ان ساختوں پر مشتمل مادّہ کوانٹم اثرات سے استفادہ کرتے ہوئے روشنی کو محسوس کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے اوپر پڑنے والی روشنی کو بجلی میں تبدیل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے اور جب اس میں سے بجلی گزاری جاتی ہے تو یہ روشنی خارج کرنے لگتا ہے۔