ھفتہ, 23 نومبر 2024


کراچی میں گرمی کی شدت سے پیٹ کےامراض میں اضافہ

کراچی: شدید گرمی کے باعث پیٹ کے امراض اور ڈائریا کا مرض تیزی سے سراٹھارہا ہے۔ ماہرین طب نے کہا ہے کہ ڈائریا سے محفوظ رہنے کے لیے شہری بازارکی تلی ہوئی اشیا، سڑے گلے پھلوں اورکھلے ٹھیلوں پر بکنے والی کھانے پینے کی اشیا سے گریز کریں، ٹھیلوں پر فروخت کیے جانے والے مشروبات مضر صحت ہوتے ہیں، دھوپ میں رکھے مشروبات میں جراثیم نشونما پاتے ہیں، شدید گرمی میں بیسن کی تلی ہوئی اشیاکھانا نقصان دہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شدید گرمی میں پسینے نکلنے کی صورت میں گھرکا ابلا ہوا ٹھنڈا پانی پئیں، شہری دوپہر کو کھانے میں ہلکی غذاکے ساتھ دہی استعمال کریں، رات کومرغن کھانوں سے گریز کیا جائے۔ ماہرین طب کا کہنا ہے کہ گرمی میں سب سے زیادہ ڈائریا کا مرض لاحق ہوتا ہے، ڈائریا کا مرض مضر صحت کھانے پینے کی اشیا سے جنم لیتا ہے گرم موسم میں زیادہ کھانے سے پیٹ اور آنتوں کے مسائل جنم لیتے ہیں۔

جناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں کھانے پینے میں لاپرواہی سے ڈائریا کا مرض جنم لیتا ہے، جسم میں پانی کی کمی سے ڈی ہائیڈریشن ہوجاتی ہے، جسم میں پانی کی شدید کمی سے چکر آنا اور قے ہوسکتی ہے شہری گرم موسم میں غیر ضروری دھوپ میں نکلنے سے گریزکریں، دھوپ میں کام کرنے والے سر ڈھانپ کررکھیں، گرمی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر سر پرگیلا کپڑا رکھا جائے۔ سول اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹرخادم حسین قریشی کا کہنا ہے کہ شہری شدید گرم موسم میں بازار کے مضر صحت کھانے پینے کی اشیا سے گریز کریں، گھرکا ابلا ہوا ٹھنڈا پانی پئیں کھانوں میں دہی شامل کی جائے

ہلکی غذاؤں کے استعمال سے پیٹ کی بیماریوں سے محفوظ رہا جاسکتا ہے، گرمی میں زیادہ پسینے نکلنے سے جسم میں نمکیات کی کمی ہوجاتی ہے جسم سے جتنا پسینہ نکلے اتنا ہی پانی پئیں شہری گرمی میں کم کھائیں پانی زیادہ پئیں، پورے دن گرمی میں15گلاس پانی لازمی پئیں والدین اسکول جانے والے بچوں کو پانی کا تھرماس لازمی دیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment