امریکا میں کورونا وائرس میں مبتلا تشویش ناک حالت میں اسپتال میں داخل ہونے والے مریض ایک دوا کے استعمال کے بعد مکمل طور پر صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا رہے ہیں اور ماہرین نے اس دوا کے اثرات کو متاثر کن قرار دیا ہے۔
غیر ملکی جریدے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس اینٹی وائرل دوا کا نام ریمدیسیور ہے اس دوا کے استعمال سے کورونا وائرس کی وجہ سے بخار اور پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا ہونے والے مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو واپس لوٹ رہے ہیں۔
گیلیاڈ سائنسز کی تیار کردہ یہ دوا امریکا کے شہر شکاگو اور کینیڈا کے مختلف اسپتالوں میں استعمال کی جا رہی ہے اور جن مریضوں کو بھی یہ دوا استعمال کرائی گئی وہ محض ایک ہفتے میں صحتیاب ہوئے۔
یہ دوا تجرباتی بنیادوں پر کورونا کے مریضوں کو دی جا رہی ہے لیکن گیلیاڈ سائنسز کی تحقیق کے حتمی نتائج کا دنیا بھر کے ماہرین کو انتظار ہے۔ حتمی نتائج میں دوا کے متاثر کن بتائے جانے کی صورت میں امریکا میں خوراک اور دوا کے سرکاری ادارے ’’فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن‘‘ کی طرف سے اسے فوری منظوری ملنے کا امکان ہے۔