ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حماس کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے نکالے جانے کے عدالتی فیصلے کو یورپی یونین کی جانب سے چیلنج کیا جائے گا،اس حوالے سے یورپی یونین کے اجلاس میں 28 ممبران نے فیصلہ کیا ہے کہ 17 دسمبر کے عدالتی فیصلے کو اعلیٰ عدالت میں چیلنج کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران عدالتی فیصلے پرغورکیا گیا جس میں نشاندہی کی گئی ہے کہ فیصلہ عدالتی طریقہ کاکی بنیاد پر دیا گیا تاہم زمینی حقائق کو اس میں نظرانداز کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال 17 دسمبر کو یورپ کی دوسری سب سے بڑی عدالت نے حماس کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے نکالنے کے احکامات جاری کئے تھے جب کہ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا تھا کہ 2001 میں حماس کو میڈیا اور انٹرنیٹ کے شواہد کی بنیاد پر دہشت گرد تنظیم قراردیا گیا تھا جو کسی بھی تنظیم کو دہشت گرد قراردینے کے لئے ناکافی ہیں۔
دوسری جانب حماس کے ترجمان نے یورپی یونین کی جانب سے عدالتی فیصلے کو ایک ماہ بعد چیلنج کئے جانے کو غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کا اقدام تعصب پر مبنی ہے اور اس اقدام سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یورپی یونین اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر ناجائز قبضے کی حمایت کررہا ہے۔